جرمنی میں فٹ بال کا نیا چیمپئن بائر لیور کوزن
15 اپریل 2024بائر لیون کوزن اگرچہ پانچ مرتبہ بنڈس لیگا میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوا تھا تاہم ابھی تک وہ یہ ٹائٹل اپنے نام نہیں کر سکا تھا۔ تاہم چاوی کی کوچنگ میں اس کلب نے تاریخ رقم کر دی۔
گزشتہ گیارہ سالوں سے بنڈس لیگا کی چیمپئن ٹیم بائرن میونخ ہی رہی تھی۔ گزشتہ روز جب لیور کوزن کی ٹیم نے بریمن کی ٹیم کو پانچ صفر سے مات دی تو پوائٹس ٹیبل پر اس کے پوائنٹس 79 ہو گئے اور اس نے میونخ پر واضح برتری حاصل کر لی۔ میونخ کی ٹیم کے پوائنٹس 63 ہیں۔
اگرچہ بنڈس لیگا کے اس سیزن میں سبھی ٹیموں نے پانچ پانچ میچ کھیلنا ہیں لیکن لیور کوزن کی فیصلہ کن برتری اب کوئی چیلنج نہیں کر سکتا ہے۔
جب یہ سیزن شروع ہوا تھا تو کسی کو شائبہ تک نہ تھا کہ لیور کوزن کی ٹیم اتی عمدہ کارکردگی دیکھائے گی۔ گو کہ چاوی کی کوچنگ کو اہم قرار دیا جا رہا تھا لیکن ٹائٹل جیتنے کے حوالے سے کسی نے کوئی بات نہ کی تھی۔
سبھی ماہرین کا خیال تھا کہ تاریخ ساز کلب بائرن میونخ اس مرتبہ بھی کامیابی حاصل کرتے ہوئے مسلسل بارہویں مرتبہ بنڈس لیگا کا تاج پہنے گا۔
فٹ بال ماہرین کا کہنا ہے کہ چاوی نے لیور کوزن کے کھیلنے کا نہ صرف انداز بدلا بلکہ کھلاڑیوں میں ایک خود اعتمادی بھی پیدا کی۔
جرمن روایتی انداز کے مقابلے میں چاوی نے اس جرمن کلب میں کچھ ہسپانوی اسٹائل بھی متعارف کرایا، جس کی وجہ سے اس کلب کی کارکردگی بہتر ہوئی۔
اس کامیابی کے بعد چاوی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ لیور کوزن کا یہ ٹائٹل جیتنا نہ صرف تاریخی ہے بلکہ یہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ چونکہ یہ اس کلب کا پہلا بنڈس لیگا ٹائٹل ہے، اس لیے یہ ایک خاص وقت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کامیابی میں اس کلب کے سابق کوچز اور انتظامیہ کی محنت بھی شامل ہے۔
اس وقت بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر میونخ اور اشٹٹ گارٹ کے دونوں کے ہی ترسٹھ تریسٹھ پوائنٹس ہیں لیکن اچھی گول اوسط کی وجہ سے میونخ دوسرے نمبر پر ہے اور اشٹٹ گارٹ تیسرے نمبر پر۔
لائپزگ اور ڈورٹمنڈ کے کلبوں کے پوائنٹس چھپن چھپن ہیں لیکن اچھی گول اوریج کی وجہ سے لائپزگ کی ٹیم چوتھے اور ڈورٹمنڈ کی ٹیم پانچویں نمبر پر ہے۔
میتھیو پیئرسن (ع ب ، ش ر)