جرمنی: پیزا کی آڑ میں کوکین فروخت کرنے والا ملزم گرفتار
21 اکتوبر 2024پولیس کے مطابق یہ پیزا شاپ ڈوسلڈورف کے تاریخی قدیمی مرکزی حصے میں واقع تھی، جسے ایک 36 سالہ شخص چلا رہا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ اس نے مبینہ طور پر اپنے مینیو میں نمبر چالیس خصوصی پیزا کے نام سے ایک پیزا شامل کر رکھا تھا، جو سب سے زیادہ بکنے والا پیزوں میں سے ایک تھا۔
سینیئر پولیس افسر میشائیل گراف فان مولٹکے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس پیزا مالک کے گھر کی تلاشی کے لیے چھاپا مارا گیا، تو اس نے اپنے گھر کی کھڑکی سے منشیات سے بھرا بیگ باہر پھینکا، جو ٹھیک نیچے کھڑے پولیس اہلکار نے کیچ کر لیا۔
گراف فان ملٹکے نے بتایا کہ جمعرات کے روز اس شخص کے گھر مارے گئے چھاپے کے دوران اس کے قبضے سے ایک اعشاریہ چھ کلوگرام کوکین، چار سو گرام کینبیس اور دو لاکھ اڑسٹھ ہزار یورو نقد رقم برآمد کی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران منشیات فروش کرنے والے تین مبینہ سپلائرز اور اس معاملے سے جڑے بارہ دیگر افراد کا پتا چلا ہے۔
یہ بات اہم ہے کہ گزشتہ ہفتے جرمن ریاست نارتھ رائن ویسٹ فیلیا میں اس معاملے سےمتعلق چھاپوں کے لیے ڈیڑھ سو پولیس اہلکار تعینات کیے گیے تھے۔ ڈوسلڈورف نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کا صوبائی دارالحکومت ہے۔ پولیس کے مطابق قریبی شہر میونشن گلاڈباخ اور زولنگن میں بھی چھاپوں کے دوران غیر قانونی کینیبس اگانے والے دومقامات کا پتہ چلایا گیا، جب کہ اس دوران نقدی، چاقو اور مہنگی گڑیاں بھی برآمد کی گئی ہیں۔
ع ت، ش ر (ڈی پی اے)