جرمن حکومت کی طرف سے ’کِپا‘ پہننے پر اصرار
28 مئی 2019جرمنی میں بڑھتے سامیت مخالف جذبات کے تناظر میں حکومت کے سامیت دشمنی کے انسداد کے شعبے کے کمشنر فِیلکس کلائن نے اختتام ہفتہ پر کہا تھا کہ وہ یہودیوں کو یہ مشورہ نہیں دیں گے کہ وہ جرمنی میں ہر وقت کپا پہنیں۔ ان کے اس بیان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی صدر ریوین ریولِن نے اس مشورے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اس بات کا غماز ہے کہ یہودی جرمنی میں محفوظ نہیں ہیں۔
تاہم پیر کی شام چانسلر میرکل کے ترجمان کی اس معاملے میں مداخلت کے بعد کلائن نے کہا کہ ان کے بیان کا مقصد صرف یہ بتانا تھا کہ یہودی جرمنی میں محفوظ نہیں ہیں۔ میرکل کے ترجمان سباستیان زائبرٹ نے بھی پریس کانفرنس میں کہا، ’’ریاست ملک بھر میں تمام شہریوں کے مذہبی آزادی کے حق کو یقینی بنائے گی۔۔۔ اور یہ کہ کوئی بھی ہمارے ملک میں کِپا پہن کر کہیں بھی آ جا سکے۔‘‘
میرکل کے ترجمان کے بیان کے بعد جرمنی میں سامیت دشمنی کے انسداد کے شعبے کے کمشنر فِیلکس کلائن کی طرف سے بھی اپنے مشورے کی وضاحت کی گئی ہے۔ ان کی طرف سے جاری ہونے والے تازہ بیان کے مطابق، ’’میں برلن اور پورے جرمنی کے شہریوں سے کہتا ہوں کہ وہ آئندہ ہفتے کے روز کِپا پہنیں اگر برلن میں منائے جانے والے یوم القدس کے موقع پر اسرائیل اور یہودیوں کے خلاف نئے ناقابل برداشت حملے سامنے آتے ہیں تو۔‘‘
یوم القدس، یروشلم پر اسرائیلی قبضے کے خلاف سالانہ منایا جانے والے ایک ایونٹ ہے جو ہفتہ یکم جون کو منایا جا رہا ہے۔
ا ب ا / ع ح (اے ایف پی)