جرمن سٹار کھلاڑی میولر انٹرنیشنل فٹ بال سے ریٹائر ہو گئے
15 جولائی 2024جرمنی کے جنوبی شہر میونخ سے پیر 15 جولائی کو موصولہ رپورٹوں کے مطابق 34 سالہ میولر نے آج جاری کردہ اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ انہوں نے جرمنی کی قومی فٹ بال ٹیم کے ایک رکن کے طور پر اپنا وہ انٹرنیشنل کیریئر ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس پر انہیں بجا طور پر فخر ہے۔
یوروکپ، اسپین نے انگلینڈ کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا
ٹوماس میولر نے کہا، ''چودہ برس قبل جب میں نے اپنا پہلا انٹرنیشنل فٹ بال میچ کھیلا تھا، تب میں ان کامیابیوں کا سوچ بھی نہیں سکتا تھا، جن میں میں نے ایک کھلاڑی کے طور پر فٹ بال کے میدان میں اپنا کردار ادا کیا۔ جرمنی کی طرف سے کھیلتے ہوئے 131 میچوں میں 45 گول کرنے کے بعد، میری طرف سے دلی شکریہ اور خدا حافظ۔‘‘
ورلڈ کپ جیتنے والی جرمن ٹیم کے رکن
ٹوماس میولر جرمنی کی اس قومی فٹ بال ٹیم میں بھی شامل تھے، جس نے 2014ء کا فیفا ورلڈ کپ جیتا تھا۔ اپنے پیشہ وارانہ فٹ بال کیریئر کے زیر و بم کا ذکر کرتے ہوئے میولر نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا، ''میں جس جرمن قومی فٹ بال ٹیم کا رکن رہا، اس نے شاندار کامیابیاں بھی حاصل کیں، اور اسے بہت تلخ ناکامیوں کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ کبھی کبھی ہم بہت دکھی بھی ہوتے تھے، لیکن ہر بار ہی ہم پھر سے اٹھ کھڑے ہوتے تھے۔‘‘
’نتیجے سے قطع نظر، آپ سب ہمارے چیمپئن ہیں‘ ایردوآن کی اپنی فٹ بال ٹیم کی حوصلہ افزائی
اس وقت جرمن کلب بائرن میونخ کے لیے کھیلنے والے ٹوماس میولر نے جرمنی کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنا پہلا بین الاقوامی میچ مارچ 2010ء میں ارجنٹائن کے خلاف کھیلا تھا۔ یہی وہ ٹیم تھی، جس کو سیمی فائنل میں ہرانے کے بعد اور پھر فائنل میچ میں کامیابی کے ساتھ 2014ء میں ٹوماس میولر اور جرمن ٹیم نے ورلڈ کپ بھی جیتا تھا۔
یورپی اور عالمی فٹ بال مقابلوں میں شرکت کا ذاتی ریکارڈ
یورپی فٹ بال چیمپئن شپ یورو 2024ء کے اختتام کے اگلے ہی روز آج 15 جولائی کو انٹرنیشنل فٹ بال کو الوداع کہنے والے ٹوماس میولر نے اپنے کیریئر میں مجموعی طور پر چار مرتبہ ورلڈ کپ مقابلوں اور چار ہی مرتبہ یورپی کپ مقابلوں میں بھی جرمنی کی طرف سے حصہ لیا۔
یورو 2024 فٹبال ٹورنامنٹ: اسپین اور فرانس سیمی فائنل میں پہنچ گئے
ورلڈ کپ مقابلوں میں انہوں نے مجموعی طور پر 19 میچ کھیلے اور 10 گول کیے جبکہ یورپی چیمپئن شپ مقابلوں میں انہوں نے 17 میچوں میں حصہ لیا۔
جرمنی کی طرف سے ٹوماس میولر سے زیادہ بین الاقوامی میچ صرف دو کھلاڑیوں نے کھیلے ہیں۔ ان میں سے پہلے نمبر پر لوتھار ماتھیوس ہیں، جنہوں نے ریکارڈ حد تک زیادہ یعنی 150 میچ کھیلے تھے۔
کرسٹیانو رونالڈو کے کیریئر کی آخری یورپی چیمپئن شپ
ان کے بعد دوسرے نمبر پر میروسلاو کلوزے کا نام آتا ہے، جنہوں نے 137 انٹرنیشنل میچوں میں جرمنی کی نمائندگی کی تھی۔ جرمن قومی ٹیم کے رکن کے طور پر آج تک سب سے زیادہ گول کرنے کا انفرادی ریکارڈ بھی میروسلاو کلوزے ہی کا قائم کردہ ہے، جنہوں نے اپنے کیریئر میں 71 گول کیے تھے۔
م م / م ا (ڈی پی اے، ایس آئی ڈی)