چین اور کینیڈا نے ایک دوسرے کے سفارت کاروں کو نکال دیا
9 مئی 2023چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اس نے کینیڈین سفارت کار جینیفر لائن لالوندے کو 13 مئی تک ملک چھوڑ دینے کو کہا ہے۔ بیجنگ نے اسے ''کینیڈا کے غیر ایماندارانہ اقدام کے خلاف ایک جوابی اقدام'' قرار دیا ہے۔
چینی صدر اور کینیڈا کے وزیر اعظم کے درمیان تلخ کلامی کا معاملہ کیا ہے؟
اس سے قبل پیر کے روز کینیڈا نے اعلان کیا تھا کہ ٹورنٹو کے چینی قونصل خانے سے ایک سفارت کار کو ملک کے جمہوری معاملات میں مداخلت کرنے پر نکالا جا رہا ہے۔
نیدرلینڈز اور کینیڈا میں چینی ’پولیس مراکز‘ کی تحقیقات
کینیڈا نے آٹھ مئی پیر کے روز ٹورنٹو میں مقیم چین کے سفارت کار ژاؤ وی کو ایک انٹیلیجنس رپورٹ کی بنیاد پر ملک بدر کر دیا تھا۔ ان پر یہ الزام تھا کہ وہ کینیڈا کے رکن پارلیمان مائیکل چونگ کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، جو ایغور مسلم اقلیت کے ساتھ چین کے سلوک پر تنقید کے لیے معروف ہیں۔
کینیڈا: فائیو جی نیٹ ورک کے لیے دو چینی کمپنیوں پر پابندی کا فیصلہ
کینیڈا کی وزیر خارجہ میلانی جولی نے پنے ایک بیان میں چینی سفارت کار ژاؤ وی کو ''ناپسندیدہ شخصیت'' قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ''ہم کسی بھی قسم کی غیر ملکی مداخلت کو برداشت نہیں کریں گے۔''
آبنائے تائیوان میں جنگی جہاز بھیجنے پر چین کی امریکا اور کینیڈا پر سخت تنقید
کئی اہم معاملات کے حوالے سے چین اور کینیڈا کے تعلقات پہلے سے ہی کشیدہ ہیں اور اوٹاوا کے اعلان کے بعد چین نے جوابی اقدام کرنے کا اعلان کیا تھا۔ واضح رہے کہ چین کینیڈا کا دوسرا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے۔
ہواوے کی اعلیٰ اہلکار وطن روانہ اور کینیڈین شہریوں کی رہائی
چین نے رد عمل میں کیا کہا؟
اوٹاوا میں چین کے سفارت خانے نے اس کارروائی کے رد عمل میں کہا تھا کہ وہ اپنے سفارت کار کے نکالے جانے کی مذمت کرتا ہے اور اس نے کینیڈا کی حکومت سے بھی اس اقدام پر باضابطہ احتجاج کیا ہے۔
اس کا کہنا تھا کہ کینیڈا نے چینی سفارت کار کو نکال کر ''بین الاقوامی قانون، بین الاقوامی تعلقات کو کنٹرول کرنے والے بنیادی اصولوں اور متعلقہ دو طرفہ معاہدوں کی سنگین خلاف ورزی کی ہے اور چین-کینیڈا تعلقات کو سبوتاژ کیا ہے۔''
سفارتخانے کے ترجمان نے اپنی ویب سائٹ پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں کہا: ''چین سختی سے جوابی اقدامات کرے گا۔'' ترجمان نے مزید کہا کہ کینیڈا بھی امریکہ کے ''چین مخالف'' ایجنڈے میں شامل ہو رہا ہے۔
معاملہ کیا ہے؟
خفیہ ایجنسی کینیڈین سکیورٹی انٹیلیجنس سروس (سی ایس آئی ایس) نے سن 2021 میں کینیڈا میں چینی اثر و رسوخ کے بارے میں ایک تفصیلی رپورٹ تیار کی تھی، جس میں کنزرویٹو رکن پارلیمان مائیکل چونگ اور ان کے خاندان کو لاحق ممکنہ خطرات کے بارے میں متنبہ کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ مائیکل چونگ چین میں ایغور مسلم اقلیتوں کے ساتھ بیجنگ کی جانب سے کیے جانے والے سلوک پر نکتہ چینی کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے ہی سن 2021 میں پارلیمنٹ میں ایک قرارداد پیش کی تھی، جس میں چین کے ایغوروں کے ساتھ سلوک کو نسل کشی قرار دیا گیا تھا۔
چین ان الزامات کی تردید کرتا ہے اور اس نے اس قرارداد کے کچھ ہی دیر بعد مسٹر چونگ پر پابندی عائد کر دی تھی۔
کینیڈا کی حکومت کی تازہ کارروائی کے جواب میں مائیکل چونگ نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا: ''حکومت کو یہ فیصلہ کرنے میں دو سال نہیں لگنے چاہیے تھے۔''
ادھر چین کا کہنا ہے کہ اس نے کینیڈا کے اندرونی معاملات میں کبھی مداخلت نہیں کی اور نہ ہی اسے ایسا کرنے میں کوئی دلچسپی ہے۔ ٹورنٹو میں چینی قونصلیٹ جنرل نے کہا کہ چونگ کے بارے میں رپورٹ کی کوئی حقیقت نہیں ہے اور یہ بالکل بے بنیاد ہے۔
چونگ نے اپنے متعلق خطرات کی رپورٹ سامنے آنے پر کہا تھا کہ انہیں ایک اخبار سے ہانگ کانگ میں اپنے خاندان کے لیے ممکنہ خطرے کے بارے میں جان کر ''شدید مایوسی'' ہوئی ہے۔ انہوں نے اس پر کارروائی نہ کرنے کے لیے جسٹن ٹروڈو کی حکومت پر تنقید کی تھی اور چینی سفارت کار کو نکالنے کا مطالبہ کیا۔
ادھر ٹروڈو کا کہنا تھا کہ انہیں بھی اخبار سے ہی انٹیلیجنس رپورٹ کے بارے میں پتہ چلا اور ملک کی خفیہ ایجنسی پر الزام لگایا کہ اس نے وقت پر ان تک یہ معلومات نہیں پہنچائیں۔ ایجنسی کو اب ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ارکان پارلیمنٹ اور ان کے اہل خانہ سے متعلق دھمکیوں کے بارے میں فوری طور پر معلومات فراہم کرے۔
ص ز/ ج ا (روئٹرز، اے پی)