’پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھاری نقصان اٹھایا‘
14 ستمبر 2018بظاہر فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں کے پاکستانی وزیر اعظم کو انتخابات میں کامیابی اور عہدہ سنبھالنے پر ٹیلی فون کر کے مبارک باد دینا معمول کی بات ہے۔ تاہم گزشتہ ماہ کے اختتام پر ایسی خبریں سامنے آئی تھیں کہ عمران خان پاکستانی صحافیوں سے ملاقات کر رہے تھے اور اس دوران انہوں نے صدر ماکروں کا فون سننے کی بجائے صحافیوں سے گفتگو کرنے کو ترجیح دی تھی۔ اس ضمن میں متضاد خبریں سامنے آنے کے باعث نومنتخب حکومت کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اسلام آباد حکومت کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق فرانسیسی صدر نے عمران خان کو ان کی جماعت کے انتخابات جیتنے اور ان کے وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔
پریس ریلیز کے مطابق صدر ماکروں نے دہشت گردی سے نمٹنے کی پاکستانی کوششوں کو سراہتے ہوئے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے دہشت گردوں سے نمٹنے کے لیے بھاری قیمت چکائی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تجارت اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔ اسلام حکومت کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق عمران خان نے صدر ماکروں کے ساتھ خطے کی صورت حال پر بھی گفتگو کی۔
عمران خان نے بھارت کے ساتھ تمام تنازعات کو حل کرنے کے لیے جامع مذاکرات کی بحالی کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم خان نے صدر ماکروں کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔