شوماخر واپسی کے لئے پرعزم
19 دسمبر 2009سات بار فارمولا ون ڈرائیونگ چیمپیئن شپ جیتنے والے مشاعیل شوماخر نے فراری موٹر کار کی انتظامیہ کے صدر لوسا ڈی مونٹیسیمولو سے بات کی ہے کہ وہ مرسیڈیز کے ساتھ اگلے سال فارمولا ون مقابلوں میں شرکت کے خواہشمند ہیں۔ فراری کار کے سربراہ مونٹیسیمولو نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ابھی سو فی صد یقینی نہیں ہے۔ اُن کا مزید کہنا ہے کہ ہر شخص کو اپنی زندگی میں وہ کرنے کا حق حاصل ہے جو اُس کے نزدیک بہتر ہوتا ہے اور شاید شوماخر کو بھی یہی بہتر لگا ہے کہ وہ سن دو ہزار دس میں مرسڈیز گاڑی پر فارمولا ون مقابلوں میں شرکت کریں۔ مونٹیسیمولو کا یہ بھی کہنا ہے کہ فراری اور شوماخر نے ایک دوسرے کو بہت کچھ دیا ہے اور وہ اُن کے رخصت ہونے پر اداس ہیں۔
فراری گاڑی کے ادارے کے چیف کے مطابق شوماخر کی فارمولا ون مقابلوں میں واپسی بہت اچھی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہر لحاظ سے فارمولا ون ریس کے لئے مزید تقویت کا باعث ہو سکتا ہے۔ یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ اگلے سال کے پہلے مہینے میں شوماخر اکیالیس برس کے ہو جائیں گے اور فارمولا ون کا سیزن مارچ سے شروع ہو گا۔
شوماخر نے فراری گاڑی پر مسلسل پانج مرتبہ فارمولا مقابلوں میں حصہ لیتے ہوئے عالمی چیمپیئن شپ جیتی تھی۔ اِس کے علاوہ بھی وہ دوبار فارمولا ون کے چیمپیئن رہ چکے ہیں۔ فٹ ہونے کے بعد اگر وہ اگلے برس فارمولا ون مقابلوں میں حصہ لیتے ہیں تومرسیڈیز موٹر کار پر وہ پہلی بار ڈرائیونگ کریں گے۔ مرسیڈیز گاڑی کی انتظامیہ کی جانب سے اُن کو سات ملین یورو تنخواہ کی پیشکش کی گئی ہے۔
شوماخر کو گردن کی ایک چوٹ کا بھی سامنا ہے۔ وہ سپین میں موٹرسائیکل پر سواری کرتے ہوئے گرگئے تھے۔ اِس کے علاوہ اُن کو اپنے وزن کو بھی کم کرنا ہو گا۔ مکمل فٹ نس کے بعد فارمولا ون مقابلوں کی نگرانی کرنے والے ادارے کے خصوصی ماہر ڈاکٹر اُن کا معائنہ کریں گے۔ گردن کے مکمل ٹیسٹ اور اُس چوٹ کے رفع ہونے کے بعد ہی اُن کی یقینی واپسی کی راہ ہموار ہو گی۔ امکاناً اُن کی حتمی واپسی کا اعلان جنوری کے آخر تک متوقع ہے۔ ڈاکٹر کی فٹ نس رپورٹ ہی اصل میں شوماخر کے لئے فارمولا ون مقابلوں میں شرکت کا دروازہ دوبارہ کھولے گی۔ شوماخر سن دو ہزار چھ میں فارمولا ون مقابلوں سے ریٹائر ہوئے تھے۔
فراری گاڑی کے شائقین کو یہ بات شاید پسند نہ آئے کہ شوماخر ایک نئی گاڑی پر ڈرائیونگ کرتے ہوئے فراری کا مقابلہ کریں۔ اسی تناظر میں فراری گاڑی کے چیرمین مونٹیسیمولو کا فلسفیانہ انداز میں کہنا ہے کہ فراری اور شوماخر ہمیشہ ساتھ رہیں گے جو مرسیڈیز گاڑی چلائے گا وہ کوئی اور شوماخر ہوگا۔ اگر سب ٹھیک رہا تو شوماخر کو فراری ٹیم کے اراکین فلپ میسا اور فرنانڈو آلانسو کے ساتھ میک لارن پر جینسن بٹن اور لوئیس ہملٹن کا مقابلہ کرنا ہو گا۔ آلانسو بھی فارمولا ون کے سابق چیمپیئن رہ چکے ہیں۔ جینسن بٹن رواں برس کے چیمپیئن ہیں۔ برازیل سے تعلق رکھنے والے فلپ ماسا رواں سال ہنگری گراں پری کے دوران بوڈاپیسٹ میں ایک حادثے کا شکار ہو گئے تھے۔ اب وہ اپنی کھوپڑی کے فریکچر سے مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں۔ فلپ میسا کے زخمی ہونے کے بعد بھی شوماخر نے کوشش کی تھی کہ وہ فارمولا ون مقابلوں میں دوبارہ حصہ لیں لیکن وہ گردن کی چوٹ سے صحت یاب نہیں ہو سکے تھے۔ اُس حوالے سے فراری گاڑی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ تب شوماخر کے لہجے میں ایک مکمل ناکام شخص کا انداز جھلک رہا تھا۔ مونٹیسیمولو کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ اِس بات پر خوش ہیں کہ شوماخر ایک پرعزم شخص ہیں۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: عاطف بلوچ